• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کانگریس کی میٹنگ طلب، تنظیمی حکمت عملی اور انتخابی تیاریوں پر غور

Updated: February 20, 2025, 11:37 AM IST | Agency | New Delhi

پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے کانگریس کے اعلیٰ عہدیداروں کی میٹنگ بلائی ہے جس میں تنظیمی تبدیلیوں، انتخابی تیاریوں اور اپوزیشن اتحاد پر غور ہوگا۔۲۲؍ فروری کو وہ بہار میں انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔

Congress President Kharge. Photo: INN
کانگریس کے صدر کھرگے۔ تصویر: آئی این این

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے پارٹی کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے جو بدھ کی صبح ۳۰:۱۰؍بجے آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے صدر دفتر، اندرا بھون میں منعقد ہوگا۔ اس اجلاس میں پارٹی کی مستقبل کی حکمت عملی، تنظیمی ڈھانچے میں ممکنہ تبدیلیوں اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق، اس میٹنگ میں کانگریس کے سینئرلیڈران، جنرل سیکریٹریز اور مختلف ریاستوں کے انچارج شرکت کریں گے۔ 
 رپورٹ کے مطابق کانگریس کے مذکورہ اجلاس میں پارٹی تنظیم کو مضبوط بنانے، نئے عہدیداروں کی تقرری اور انتخابی منصوبہ بندی کے نکات پر غور ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی، پارٹی کی موجودہ کارکردگی کو بہتر بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس موقع پر راہل گاندھی کی موجودگی بھی متوقع ہے، جو پارٹی کی حکمت عملی پر اپنی رائے دیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ بہار میں اس سال کے آخر میں انتخابات ہونے ہیں جبکہ کیرالا، تمل ناڈو، پانڈیچری اور مغربی بنگال میں ۲۰۲۶ء میں اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے۔ ان ریاستوں میں کانگریس کی حالت زیادہ مستحکم نہیں ہے، جہاں بہار میں این ڈی اے، کیرالا میں ایل ڈی ایف اور مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس اقتدار میں ہے۔ پارٹی کے ذرائع کے مطابق، اس اجلاس میں خاص طور پر ان ریاستوں پر توجہ دی جائے گی جہاں حالیہ انتخابات میں کانگریس کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پارٹی نوجوانوں، کسانوں اور متوسط طبقے کو اپنے ساتھ جوڑنے کے لیے نئی مہمات شروع کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ، بی جے پی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اتحاد کو مضبوط بنانے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ 
 ذرائع کے مطابق، اس اجلاس کے فوراً بعد، ملکارجن کھرگے۲۲؍ فروری کو ’جے باپو، جے بھیم، جے سنویدھان‘ پروگرام کے تحت بہار کے دورے پر جائیں گے۔ وہ بکسَر میں ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کریں گے، جسے انتخابی مہم کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ پارٹی کے مطابق، یہ دورہ صرف ایک رسمی اجلاس نہیں بلکہ کانگریس کی نئی حکمت عملی کا حصہ ہوگا۔ کھرگے کے اس ممکنہ دورے کے پیش نظر بہار کانگریس نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK