Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان میں بسے تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن

Updated: April 27, 2025, 12:35 PM IST | New Delhi

گجرات میں ایک ہزار ’غیر قانونی‘ بنگلہ دیشیوں کو پولیس نے حراست میں لیا، ہریانہ میں ۴۶۰؍ پاکستانیو ں کو ملک چھوڑنے کا حکم ،آسام اور یوپی میں بھی کارروائی

Illegal immigrants detained in Ahmedabad. (PTI)
احمد آباد میں حراست میںلئےگئے غیر قانونی تارکین وطن ۔(پی ٹی آئی )

 جموں کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد ملک بھر میں غیر ملکی شہریوں اور تارکین وطن کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ گجرات کے احمد آباد میں ۸۹۰؍ اور سورت میں ۱۳۴؍ خواتین اور بچوں سمیت تقریباً ایک ہزار غیر قانونی بنگلہ دیشی تارکین وطن کو پولیس نے حراست میں لیا۔ اگر درست دستاویزات نہ ملیں تو انہیں ہندوستان سے نکال دیا جائے گا۔ گجرات کے وزیر مملکت برائے داخلہ ہرش سنگھوی نےدعویٰ کیا کہ `ان میں سے بہت سے لوگ منشیات اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہیں اور حال ہی میں گرفتار کئے گئے ۴؍ بنگلہ دیشیوں میں سے ۲؍ القاعدہ کے سلیپر سیل میں کام کرتے  تھے ۔  ان بنگلہ دیشیوں کے پس منظر اور گجرات میں ان کی سرگرمیوں کی چھان بین کی جائے گی۔ہریانہ میں ریاستی حکومت نے ۴۶۰؍ پاکستانیوں کو ملک بدر کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ ان کی حراست کے بارے میں ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ نائب سینی نے پاکستانیوں کو واپس بھیجنے کیلئے محکمہ داخلہ سے پلاننگ طلب کی ہے۔
 پنجاب کے اٹاری بارڈر پر پاکستانی شہریوں کاہندوستان چھوڑنے کا سلسلہ جاری  ہے۔۲۲؍ اپریل کو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد مرکزی حکومت نے تمام پاکستانی شہریوں کو یکم مئی ۲۰۲۵ء  تک ہندوستان چھوڑنے کو کہا ہے۔
 مرکزی حکومت نے طویل مدتی ویزے، سفارتی اور سرکاری ویزے کے علاوہ پاکستانی شہریوں کو جاری کیے جانے والے تمام ویزے منسوخ کر دیے ہیں ۔ اب پاکستانی ہندو یاتریوں کو۲۷؍ اپریل تک بھارت چھوڑنا ہو گا۔
 میڈیکل ویزے کے حامل افراد کو۲۹؍اپریل تک پاکستان واپس جانا ہوگا۔کسی پاکستانی شہری کو نیا ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی حکومت خود ہندوستان میں غیر قانونی طور پر رہنے والے لوگوں کو ملک بدر کرے گی۔
 گجرات میں رات ۱۲؍ سے صبح ۶؍ بجے تک چھاپے
 مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعہ کو تمام ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ غیر ملکی شہریوں کی شناخت کریں اور انہیں واپس بھیجیں۔ اس کے بعد گجرات حکومت نے پولیس کرائم برانچ سے کہا کہ وہ ریاست کے بڑے شہروں اور دیہاتوں میں غیر قانونی طور پر رہنے والے غیر ملکی شہریوں کو فوری طور پر حراست میں لے۔پولیس آپریشن سنیچر کی رات ۱۲؍ بجے شروع ہوا اور صبح۶؍بجے تک جاری رہا۔پولیس نے احمد آباد اور سورت سے حراست میں لئے گئے افراد کی پریڈ نکالی اور سب کو پیدل ہیڈ کوارٹر پہنچایا۔
 آسام میں پولیس نے ۶؍ بنگلہ دیشیوں کو گرفتار کیا
 پولیس نے آسام میں ۶؍ بنگلہ دیشیوں کو گرفتار کیا ہے۔ سبھی غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ گرفتار افراد کی شناخت محمد منیر، محمد احدلشیخ، عزیز شیخ، رقیہ بی بی، محمد احسان اللہ اور محمد ہریش کے نام سے ہوئی ہے۔
ہریانہ میں زیر حراست ۴۶۰؍ پاکستانیوں میں زیادہ تر ہندو
 ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے جمعہ کو وزیر داخلہ امیت شاہ کی ہدایت کے بعد ریاست میں مقیم غیر ملکی شہریوں کی شناخت کرنے کا حکم دیا۔ حکومت نے ریاست میں مقیم ۴۶۰؍ پاکستانیوں کو ملک بدر کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ان میں زیادہ تر ہندو خاندان ہیں۔ ان لوگوں نے ہندوستانی شہریت کیلئے درخواست بھی دی ہے لیکن اس پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
 اتر پردیش میں۴؍ پاکستانی خواتین کو واپس بھیج دیا گیا
 اتر پردیش کی حکومت نے ۴؍ پاکستانی خواتین شہریوں کو ان کے ملک واپس بھیج دیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ خواتین سیاحتی ویزے پر بلند شہر آئی تھیں اور انہیں واگھہ اٹاری سرحد کے راستے واپس بھیج دیا گیا ۔ خواتین کی شناخت رودابہ، نوشابہ، خالدہ اور صباحت کے نام سے ہوئی ہے۔ اس دوران لکھنؤ میں سیکوریٹی ایجنسیوں نے ایک ہوٹل میں غیر قانونی طور پر  رہنےوالے۵؍ عمانی شہریوں کو حراست میں لےلیا۔ پولیس کے مطابق غیر ملکی شہری یہاں رہنے کی کوئی معقول وجہ نہیں بتا سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK