• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کرافورڈ مارکیٹ ری ڈیولپمنٹ: مچھلی اور مٹن کیلئے نیا ونگ جلد کھلنے کا امکان

Updated: December 07, 2024, 5:14 PM IST | Mumbai

اس قدیم مارکیٹ کی تعمیر نوکاکام مکمل ہونے کے قریب ہے، اس کے بلاک نمبر۳؍ میں پلٹن روڈ پر واقع چھترپتی شیواجی مہاراج مارکیٹ کے ۱۵۰؍ مچھلی فروشوں کو جگہ دی گئی ہے۔

The 154-year-old Crawford Market is undergoing the second phase of its reconstruction. Photo: INN
۱۵۴؍ سال پرانی کرافورڈ مارکیٹ جس کی ازسرنوتعمیر کے دوسرے مرحلے کاکام جاری ہے۔ تصویر: آئی این این

۱۵۴؍ سال پرانی کرافورڈ مارکیٹ کی از سر نو تعمیر کےدوسرے مرحلے میں ۲؍عمارتیں جسے باضابطہ طور پر ’مہاتما جیوتی با پھلے منڈئی‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، مکمل ہو چکی ہیں جہاں نیا بلاک نمبر ۳؍ مچھلی فروشوں کیلئے اوربلاک نمبر ۴؍ مٹن فروشوں کیلئے ہوگا۔ بی ایم سی کے مارکیٹ ڈپارٹمنٹ کے ایک افسر نے بتایا کہ دونوں بلاکس جلد کام کرناشروع کر دیں گے۔
 کرافورڈ مارکیٹ وکٹورین گوتھک، نارمن اور فلیمش آرکیٹیکچرل طرزتعمیر کا امتزاج ہے۔ اس مارکیٹ کو برطانوی ماہر تعمیرات (آرکیٹیکٹ )ولیم ایمرسن نے ڈیزائن کیا تھا اور اسے۱۸۶۹ء  میں انگریزی ناول نگار اور شاعر روڈیارڈ کپلنگ کے والد لاک ووڈ کپلنگ نے بنایا تھا۔ اس قدیم مارکیٹ کی  تعمیر نو نامور کنزرویشن آرکیٹیکٹ ابھا نارائن لامبا کی سربراہی میں کی گئی ہے۔اس اہم  ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کی ایک خاص بات پیدل چلنے والوں کیلئے  پلازہ کے ساتھ ایک ایکڑ کھلی جگہ بنانا ہے جہاں لوگ  بحال کئے جانے والے نئے فوارے اور ایک ایمفی تھیٹر سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ ایک بالکل نئی عمارت’ بلاک ۳‘ بھی تعمیر کی گئی ہے جس میں قریب ہی مسمار کی گئی چھترپتی شیواجی مہاراج (سی ایس ایم) مارکیٹ کے مچھلی فروشوں کو منتقل کیا جائے گا۔
 ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق ابھالامبا نے اس بارے میں بتایا کہ ’’یہ منصوبہ اگلے سال مکمل ہو جائے گا کیونکہ سخت بسالٹ چٹان کے ذریعے گیارہ میٹر گہرائی میں ۲؍ تہہ خانے کھودنے، ۱۵۰؍ کاروں کیلئے زیر زمین پارکنگ، لوڈنگ، آف لوڈنگ، ٹرکوں کو نیچے لے جانے اور میٹریل کو اوپر لانے کیلئے ایک سروس لفٹ بنانے چیلجنگ کام ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ لوڈنگ اور ان لوڈنگ کی گندگی، سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ اور مچھلیوں کی صفائی  کیلئے ایک ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ سبھی نئے تہہ خانے میں ہوںگے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں متعدد چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا  کیونکہ جب کام چل رہا تھا تو ایک بھی دکاندار کومنتقل نہیں کیا گیا لہٰذا ہمارے پاس بہت کم ٹرانزٹ کیمپ تھے ۔ نئے منصوبے میں تقریباً  ایک ہزاردکانداروں کی گنجائش ہوگی ۔
 ابھا نارائن لامبا اسوسی ایٹس کے ڈائریکٹر کرشنا ایّر نے وضاحت کی کہ یہ پروجیکٹ کرافورڈ مارکیٹ کا ایک جامع ری ڈیولپمنٹ ہےجسے دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں تاریخی مارکیٹ کی اندرونی اور بیرونی حصے کی مکمل بحالی شامل تھی۔ اس عمارت میں اصل میں پھل فروشوں کے ساتھ ساتھ خشک میوہ جات، سامان فروخت کرنے والی دکانیں اور مارکیٹ ڈپارٹمنٹ کیلئے بی ایم سی کا دفتر تھا۔ بحالی کےکام کے  حصے کے طور پرلامبا نے ۲۰۱۸ء میںپہلے مرحلے کو مکمل کرتے ہوئےبی ایم سی دفتر کو بھی بحال کیا اورمرکزی بازار کے ڈھانچے کو مضبوط کیا۔ کرشنا ایّرنے یہ بھی کہاکہ اس کے ساتھ ہی ہم نے مارکیٹ کے پیچھے والے علاقے کو دوبارہ تیار کرنے پر کام شروع کیا۔اس علاقے میں پھل، مٹن، انڈے، چکن،  پالتو جانور اور پرندے بیچنے والے دکانداروں کے ساتھ ساتھ گودام والے بھی تھے۔ مارکیٹ کے کاموں کے ذمہ دار بی ایم سی کے ۲؍ اہم دفاتر بھی تھے۔ ری ڈیولپمنٹ میں ۳؍ نئے بلاکس شامل ہیں: بلاک ایک  فروٹ منڈی، دفاتر اور کرانہ اسٹورس کیلئے۔ بلاک ۲؍ جس میں موجودہ بحال شدہ بیف مارکیٹ ہو گی۔ بلاک ۳؍مچھلی مارکیٹ کے ساتھ ساتھ انڈوں اور چکن کے سیکشن کے ساتھ ساتھ مچھلی سے متعلقہ دفاتر جسے فش پیڈی کہتے ہیں ، ہوں گے۔ مٹن فروشوں کیلئے ایک بلاک ۴؍ اور ایک مخصوص شاپنگ ایریا بھی ہوگا۔
 کرشنا ایّر نے گزشتہ دنوں یہ بھی بتایا   تھاکہ  ابتدائی طور پر ری ڈیولپمنٹ کی تجویز میں چھترپتی شیواجی مچھلی مارکیٹ شامل نہیں تھی لیکن ہم نے اسے کرافورڈمارکیٹ  کے منصوبے میں شامل کرنے پر نظر ثانی کی۔ بلاک نمبر ۳   ؍  میں پلٹن روڈ پرواقع چھترپتی شیواجی مہاراج(سی ایس ایم) مارکیٹ  کے ۱۵۰؍ مچھلی فروشوں کو جگہ دی گئی ہے اور مٹن فروشوں کیلئے بلاک نمبر۴ ؍ اگلے۱۵؍ دن کے اندرشروع ہونے کی امید ہے۔ بلاک نمبر ایک کیلئے کھدائی جاری ہے۔ہم مئی۲۰۲۵ء تک بلاک ایک کو مکمل کرنا چاہتے ہیں ۔ پروجیکٹ کی کل لاگت کا تخمینہ۲۶۰؍کروڑ روپےلگایا گیا ہے، بجٹ کا تقریباً۵۰؍فیصد پہلے ہی استعمال ہو چکا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK