کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے اپنی پریس کانفرنس میں بھی اس پر روشنی ڈالی
EPAPER
Updated: April 26, 2025, 11:57 PM IST | New Delhi
کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے اپنی پریس کانفرنس میں بھی اس پر روشنی ڈالی
پہلگام حملے کے بعد مودی حکومت کے طرز عمل اور اپوزیشن کے رویے پر سوشل میڈیا پر کافی تجزیاتی تحریریں آرہی ہیں۔ ان میں واضح طور پر کہا جارہا ہے کہ اس خونیں حملے کے بعد سے اب تک مودی حکومت کے رویے میں غیر سنجیدگی اور متاثرین کے تئیں بے حسی صاف نظر آرہی ہے جبکہ اپوزیشن نے حملے کے بعد سے اب تک کسی بھی طرح کی غیرذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا ہے بلکہ اس نے حکومت کو کھل کر حمایت دینے کے ساتھ ساتھ متاثرین کے درد کا مداوا کرنے کے بھی اقدامات کئے ہیں۔ساتھ ہی حکومت سے سیکوریٹی کے تعلق سے سوال بھی پوچھے ہیں جن کا جواب پورا ملک جاننا چاہتا ہے۔
اس بات کی طرف توجہ کانگریس کے سینئر لیڈر اور ترجمان پون کھیڑا نےبھی دلائی ۔ انہوں نے اس تعلق سے منعقد کی گئی پریس کانفرنس میں اور پھر ٹویٹس کے ذریعہ پاور پوائنٹ پریزینٹیشن پیش کرتے ہوئے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد کانگریس اور بی جے پی کے ردعمل کا تفصیلی موازنہ پیش کیا ہے۔ پون کھیڑا نے نشاندہی کی کہ پہلگام حملے کے بعد گزشتہ چار دنوں میں کانگریس اور بی جے پی کے رویے میں نمایاں فرق رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی زخمیوں سے ملاقات کے لئے کشمیر گئے جبکہ وزیراعظم مودی انتخابی مہم چلانے بہار چلے گئے۔ کانگریس نے بحران کی اس گھڑی میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا لیکن بی جے پی نے ایک شہید کی لاش اور اس کی بیوہ کا کارٹون بنایا۔کانگریس نے آل پارٹی میٹنگ کی مانگ کی لیکن بی جے پی نے آل پارٹی میٹنگ کے حوالے سے جھوٹ بولا۔ کانگریس نے حکومت سے پاکستان کو سخت جواب دینے کا مطالبہ کیا۔ بی جے پی نے اس حملے کی ذمہ داری ملک کے عوام میں مبینہ طور پر حب الوطنی کی کمی پر ڈال دی۔