• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی میں ایئر انڈیا کی محض۲۲؍سو ملازمتوں کیلئے ۲۵؍ ہزار سے زیادہ کی بھیڑ  !

Updated: July 17, 2024, 11:19 PM IST | Mumbai

ایئر انڈیا کی یہ ملازمتیں کسی بڑے عہدے یا بہت بڑے پیکیج کیلئے نہیں تھیں بلکہ ایئر پورٹ لوڈر کی تھیں ، بھیڑ کا ویڈیو شیئر کرکے کانگریس کی مودی سرکار تنقید

Image taken from the video of the Air India job crowd
ایئر انڈیا کی ملازمت کیلئے آنے والی بھیڑ کے ویڈیو سے لی گئی تصویر

ملک میں بیروزگاری کس قدر خطرناک صورت اختیار کر چکی ہے، اس کا اندازہ ممبئی  میں ایئر انڈیا کی ملازمتوں کیلئے پہنچنے والی بھیڑ سے لگایا جاسکتا ہے جہاں  محض ۲۲؍ سو ملازمتوں کے لئے تقریباً ۲۵؍ہزار نوجوان پہنچ گئے اور ایئر انڈیا کے ملازمین کو بیروزگاروں کی اس بھیڑ کو سنبھالنا مشکل ہوگیا۔ایئر انڈیا کی جانب سے نکلنے والی یہ ملازمتیں کسی بڑے عہدے یا کسی بہت بڑے پیکیج کیلئے نہیں تھیں بلکہ یہ ’ایئرپورٹ لوڈر‘ کی تھیں جس میں تنخواہ ۲۰؍ سے ۲۵؍ ہزار روپے ماہانہ ہی ہوتی ہے لیکن ا وور ٹائم الاؤنس کے بعد ملازمین ۳۰؍ ہزار روپے تک کما لیتے ہیں۔ ایئرپورٹ لوڈر کو ہوائی جہاز کی لوڈنگ اور اَن لوڈنگ اور سامان کے بیلٹ اور ریمپ ٹریکٹر چلانے کا کام سونپا جاتا ہے۔ سامان، کارگو اور کھانے پینے کی اشیاء کو سنبھالنےکیلئے ہر ہوائی جہاز کو کم از کم پانچ لوڈرز کی ضرورت ہوتی ہے۔
 ایئر انڈیا کی ان ملازمتوں کے  لئے شہر کے کالینا  علاقے میں جہاں انٹرویوز ہورہے تھے ۲۴؍ ہزار سے زائد لوگ جمع ہو گئے۔ بھیڑ اس قدر بڑھ گئی کہ ایئر انڈیا انتظامیہ کیلئے انہیں سنبھالنا مشکل ہو گیا ۔ اس کے  لئے پولیس بھی طلب کی گئی تھی مگر یہ بھیڑپولیس کے لئے بھی درد سر بن گئی۔ اس تعلق سے وائرل ہونے والے ویڈیوز میںدیکھا جاسکتا ہے کہ فارم کاؤنٹر تک پہنچنے کیلئے نوجوان  ایک دوسرے پر ٹوٹے پڑ رہے ہیں۔
  نوکری پانے کے متمنی نوجوانوں کی بھیڑ کا ویڈیو کانگریس نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئرکرتے ہوئے طنز کیا ہے کہ ’’یہ ویڈیو ملک میں بیروزگاری کی حالت بیان کر رہا ہے۔ آج ممبئی میں ملازمت کے  لئے ہزاروں نوجوانوں کی بھیڑ پہنچ گئی ۔ ایسا ہی نظارہ کچھ دن قبل گجرات میں بھی دیکھنے کو ملا تھا لیکن نریندر مودی کھلے عام جھوٹ بول رہے ہیں کہ انہوں نے کروڑوں ملازمتیں دی ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK