• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کنگ چارلس سوئم کی تصویر والے کرنسی نوٹ جون سے برطانیہ میں مستعمل ہوں گے

Updated: February 21, 2024, 9:00 PM IST | London

برطانیہ میں کنگ چارلس سوئم کی تصویر والے نئے کرنسی نوٹ کا اجراء۔ یاد رہے کہ ۲۰۲۲ء میں ملکہ ایلزبتھ دوم کے انتقال کے بعد ان کے بیٹے چارلس برطانیہ کے شہنشاہ منتخب ہوئے تھے۔ تاہم، ان کی تصویر والے کرنسی نوٹ جون سے برطانیہ میں جاری ہوں گے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

بینک آف انگلینڈ نے بدھ کو اعلان کیا کہ برطانیہ میں بادشاہ چارلس سوئم کی تصویر والے کرنسی نوٹ پہلی بار ۵؍ جون سے جاری کئے جائیں گے۔ ۷۵؍ سالہ برطانوی بادشاہ کی تصویر ۵، ۱۰، ۲۰؍ اور ۵۰؍ کے نوٹوں پر بغیر کسی دوسری تبدیلی کے نظر آئے گی۔ پولیمر بینک نوٹ جن میں ان کی آنجہانی والدہ ملکہ ایلزبتھ دوم کی تصویر ہے، قانونی طور پر مستعمل رہیں گے اور کنگ چارلس سوئم کے نئے نوٹوں کے ساتھ ساتھ زیر استعما ل ر ہیں گے۔ 
مرکزی بینک نے کہا کہ نئے نوٹوں کو صرف پرانے نوٹوں کو تبدیل کرنے اور بینک نوٹوں کی مانگ میں کسی بھی مجموعی اضافے کو پورا کرنے کیلئے جاری کیا جائے گا۔ 
 بینک آف انگلینڈ نے کہا کہ ’’ہمارا نقطہ نظر اس تبدیلی کے ماحولیاتی اور مالیاتی اثرات کو کم سے کم کرنے کیلئے شاہی گھرانے کی رہنمائی کے مطابق ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ عوام ان نوٹوں کو بتدریج تبدیل ہوتے ہوئے دیکھیں گے۔ 
گزشتہ سال جاری کئے گئے نئی تصویر کے ڈیزائن کے تحت بادشاہ کی تصویر بینک نوٹوں کے سامنے اور ساتھ ہی آر پاردیکھے جانے والے حصہ میں دیکھی جا سکے گی۔ پشت کی ڈیزائن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ 
برطانیہ کے بینک نوٹوں کی موجود تسلسل میں ۵؍پاؤنڈ کے نوٹوں پر برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ونسٹن چرچل، ۱۰؍ پاؤنڈ کے نوٹوں پر مصنف جین آسٹن، ۲۰؍پاؤنڈ کے نوٹوں پر پینٹر جے ایم ڈبلیو ٹرنر اور کمپیوٹر سائنسداں ایلن ٹیورنگ کی تصویر ۵۰؍پاؤنڈ کے نوٹوں پر ہے۔ برطانوی عوام کے اراکین ۵؍جون سے مختصر مدت کیلئے مرکزی بینک کے ذریعے نئے کنگ چارلس سوئم کے نوٹوں کیلئے موجودہ یا پرانے سیریز کے محدود مالیت کے نوٹوں کا تبادلہ بھی کر سکیں گے۔ جاری کرنے کی تاریخ، عمل کی تفصیلات کے ساتھ مقررہ وقت میں منظر عام پر لائی جائے گی۔ 
دریں اثنا، آنے والے مہینوں میں ا سپنک اینڈ سن نیلام گھر میں کم سیریل نمبر والے بینک نوٹوں کی چیریٹی نیلامی کا ایک سلسلہ منعقد کیا جائے گا۔ نیلامی کے علاوہ، عوام نوٹوں کا ایک سیٹ خریدنے کیلئے بیلٹ داخل کر سکیں گے، اس نیلامی سے جو رقم حاصل ہوگی اسے خیراتی کاموں میں بطور عطیہ دے دیا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK