موسم میںتبدیلی سے واشی مارکیٹ میں عام سبزیوں کی آمد میں کمی ، تھوک بازار میں سبزیوں کے دام میں فی کلو ۲؍تا۵؍ روپے کا اضافہ ، خردہ بازار میں لہسن ۴۰۰؍ اور دیگر سبزیاں ۱۰۰؍تا ۱۲۰ ؍ روپے کلو فروخت ہورہی ہیں
EPAPER
Updated: September 14, 2024, 10:17 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
موسم میںتبدیلی سے واشی مارکیٹ میں عام سبزیوں کی آمد میں کمی ، تھوک بازار میں سبزیوں کے دام میں فی کلو ۲؍تا۵؍ روپے کا اضافہ ، خردہ بازار میں لہسن ۴۰۰؍ اور دیگر سبزیاں ۱۰۰؍تا ۱۲۰ ؍ روپے کلو فروخت ہورہی ہیں
موسم میں تبدیلی اور بارش کی وجہ سے واشی مارکیٹ میں عام سبزیوں کی آمد میں کمی آئی ہے جس سے تھوک بازار میں سبزیوں کے دام میں ۲؍ تا۵؍ روپے فی کلوکا اضافہ ہوا ہے لیکن خردہ بازار میں جو سبزیاں ۵۰؍تا۶۰؍ روپے کلوفروخت ہورہی تھیں ،وہ ۱۰۰؍ تا ۱۲۰؍ روپے کلو فروخت کی جارہی ہیں جس سے گاہکوںکو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ سبزیوںکی بڑھتی قیمتوں سے عام آدمی کے گھر کا بجٹ متاثر ہو رہا ہے ۔مجبوراً خواتین ضرورت کے مطابق ہی سبزیاں خریدرہی ہیں۔
واشی کے ایگریکلچر پروڈیوس مارکیٹ کمیٹی ( اے پی ایم سی) کے تھوک بازار میں عام دنوں کے مقابلے سبزیاں کم آرہی ہیں جس کی وجہ سے ان کے دام میں معمولی اضافہ ہوا ہے لیکن خردہ بازار والےکافی اضافے کے ساتھ مہنگے داموں سبزیاں فروخت کر رہے ہیں ۔ ان دکانداروں کا دعویٰ ہے کہ موسم کی تبدیلی اور بارش میں سبزیاں خراب ہونے سے ان کی آمد میں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے وہ مہنگی ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ اے پی ایم سی میں پونے، ناسک اور کولہاپور سے سبزیاں آتی ہیں۔ اس کے علاوہ گجرات اور کرناٹک سے بڑی تعداد میں سبزیاں درآمد کی جاتی ہیں۔ ہر روز تقریباً ۷۰۰؍ ٹرک سبزیاں یہاں آتی ہیں لیکن گزشتہ روز۵۶۰؍ ٹرک سبزیاں آئی تھیں ۔اے پی ایم سی تھوک بازار سے شہر ومضافات میں سپلائی کی جانے والی سبزیاں الگ الگ قیمتوںپر فروخت کی جا رہی ہیں۔
مدنپورہ ،محمد عمررجب روڈ کی زوبیہ انصاری نے اس نمائندے کو بتایا کہ ’’سبزیوں کے دام کب کتنے بڑھ جائیں گے ،کہا نہیں جاسکتا ہے ۔مٹن اورچکن تو مہنگا ہے، اب سبزیاں بھی غریبوں کے دسترس سے باہر ہوتی جا رہی ہے ۔ ان دنوں لہسن ۴۰۰؍ روپے کلو مل رہا ہے۔ بھنڈی اور پھلی کی سبھی سبزیاں ۱۲۰؍ تا۱۳۰؍ روپے کلو ہیں ۔ ٹماٹر، پیاز، آلو، ادرک، مرچی اور پھول گوبی بالترتیب ۵۰،۶۰ ، ۵۰ ، ۱۰۰، ۸۰؍ اور ۶۰؍روپےکلو مل رہی ہے ۔ کوتمیر جو کبھی دیگر سبزیوں کی خریداری پر دکاندار مفت دیا کرتے تھے، اب ایک عام گڈی ۵۰؍ روپےکی ہوگئی ہے۔ سبزیوں کے دام بڑھنے سے گھر کا بجٹ بگڑ گیا ہے۔ ‘‘جنوبی ممبئی کی ایک خاتون خانہ نے کہا کہ ’’ ہمارے محلےمیں سبزیوں کی گاڑی لگانے والوں نے کوتمیر رکھنا بند کر دیا ہے ۔ اس بارے میں پوچھنے پر انہوں نے کہاکہ کوتمیر کافی مہنگی ہوگئی ہے ۔ عموماً سبزیوں کی خریداری پر ہم کوتمیر مفت دیا کرتے تھے لیکن اب مفت نہیں دے سکتے ہیں جبکہ خواتین کوتمیر مفت طلب کرتی ہیں ا س لئے ہم نےکوتمیر رکھنا ہی بند کر دیاہے ۔ ‘‘
اے پی ایم سی سبزی مارکیٹ کے ڈائریکٹر شنکر پنگلے سے اس بارے میں بات چیت کرنے پر انہوں نے کہاکہ ’’موسمی تبدیلی کی وجہ سے سبزیوں کی پیداوار میں آنے والی کمی اور بارش کی وجہ سے خراب ہونےوالی سبزیوں کے سبب تھوک بازار میںان کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہو اہے ۔‘‘تھوک بازا ر میں بھنڈی، پھول گوبی، کریلا، مرچ، بینگن، میتھی اور مٹرکی قیمت بالترتیب ۴۰ ، ۳۲، ۳۱، ۳۳، ۳۷، ۱۷؍اور ۱۸؍روپے فی کلو ہے۔
سبزیوں کا خردہ کاروبار کرنے والے تھانے کے وجے ساہوکا کہنا ہے کہ ’’ بارش میں سبزیاں بڑی تعداد میں خراب ہوجاتی ہیں ۔ علاوہ ازیں ان دنوں گنیش اُتسو جاری ہے جس کی وجہ سے سبزیاں مہنگی ہوگئی ہیں۔ ‘‘
اےپی ایم سی میں سبزیوں کا کاروبارکرنے والے نانابورکر نے بتایا کہ’’ موسم کی تبدیلی کی وجہ سے سبزیوں کی پیداوار میں آنےوالی کمی سے ان کے دام میں اضافہ ہوا ہے ۔ ‘‘