دونوں ریاستوںکے ساحلی علاقوں میںشدید بارش کا اندیشہ ،اسکول اور کالج بند، کم وبیش ۲۰۰؍ ٹرینیں منسوخ ،ادیشہ اور بنگال دونوں ہی حکومتوں نے ساحلی علاقوں کے باشندوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کی کارروائی شروع کردی ہے
EPAPER
Updated: October 23, 2024, 11:00 PM IST | Kolkata
دونوں ریاستوںکے ساحلی علاقوں میںشدید بارش کا اندیشہ ،اسکول اور کالج بند، کم وبیش ۲۰۰؍ ٹرینیں منسوخ ،ادیشہ اور بنگال دونوں ہی حکومتوں نے ساحلی علاقوں کے باشندوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کی کارروائی شروع کردی ہے
گردابی طوفان ’دانا‘ نے آمد سے پہلے کئی علاقوں میں دہشت پیدا کر دی ہے۔ خلیج بنگال میں بنے کم دباؤ نے طوفان کی شکل اختیار کرنے کے اشارے دے دیے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس گردابی طوفان کے پیش نظر احتیاطاً مغربی بنگال اور اڈیشہ کے کئی اضلاع میں اسکول و کالج بند کر دئیے گئے ہیں ۔ اس سمندری طوفان کے ۲۴؍ اکتوبر جمعرات کی رات اور۲۵؍ اکتوبر جمعہ کی صبح کے درمیان ادیشہ اور مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں پوری اورساگرجزیرے سےٹکرانے کا امکان ہے ۔ طوفان کے سبب شدید بارش کے اندیشے کے پیش نظر تقریباً۲۰۰؍ٹرینیں بھی رَد کر دی گئی ہیں۔مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا میں ایئرپورٹ اور دیگر اہم مقامات پر سیکوریٹی سےمتعلق احتیاطی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ساحلوں پر احتیاطی اقدامات کئے جائیں گے اور ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے منع کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ادیشہ اور بنگال دونوں ہی حکومتوں نے ساحلی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ انڈین کوسٹ گارڈ کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گردابی طوفان ’دانا‘۲۳؍ سے۲۵؍ اکتوبر کے درمیان ۱۰۰؍ سے۱۲۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ساحلی علاقوں کو متاثر کرے گا۔ ماہی گیروں کو۲۳؍ سے ۲۵؍ اکتوبر تک سمندر میں نہ جانے کی سخت ہدایت دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ادیشہ کے وزیر برائے ریونیو و ڈیزاسٹر مینجمنٹ سریش پجاری نے بتایا کہ ریاست میں ۸۰۰؍سائیکلون شیلٹر تیار کیے گئے ہیں جہاں لوگوں کو محفوظ پناہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ اسکولوں اور کالجوں میںبھی ۵۰۰؍ عارضی شیلٹر تیار کیے گئے ہیں۔ اس درمیان وزیر اعلیٰ موہن چرن مانجھی نے بھی یہ یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے کہ حساس علاقوں سے۱۰۰؍ فیصد لوگوں کو محفوظ نکالا جائے۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بنگال کے۷؍ اضلاع میں ۲۳؍ سے ۲۶؍اکتوبر تک اسکول بند رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ ذیلی علاقوں میں مقیم لوگوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت بھی دے دی گئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ریاستی حکومت کے ذریعے گردابی طوفان سے نمٹنے کیلئے دیگر ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوب-مشرق ریلوے نے ادیشہ سے گزرنے والی۹۴؍ ٹرینوں کو اور ریاست کے مشرق کی طرف جانے والی تقر یباً ۱۰۳؍ ٹرینوں کو رد کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ آسام سے جانے والی ۵؍ٹرینوں کو بھی احتیاطاً بند کیا گیا ہے۔
سمندری طوفان `’دانا‘ کےمشرقی وسطی خلیج بنگال میں آگے بڑھنے کے پیش نظر ادیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن مانجھی نے بدھ کو کابینہ کی میٹنگ بلائی ۔ ’دانا ‘ کے جمعرات کو ادیشہ کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے جو شدید سمندری طوفان کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ موہن چرن مانجھی نے وزراء کو ہدایت دی ہے کہ وہ طوفان سے متاثر ہونے والے اضلاع میں سائیکلون مینجمنٹ کی نگرانی کریں۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق وزیر صنعت سمپد چندر سوین جگت سنگھ پور ضلع کی نگرانی کریں گے، پنچایتی راج کے وزیر ربی نائک بالاسور کی نگرانی کریں گے، اعلیٰ تعلیم کے وزیر سورج سوریاونشی کو بھدرک اور شہری ترقی کے وزیر کے سی سی مہاپاترا میور بھنج ضلع کی نگرانی کریں گے۔نائب وزیر اعلیٰ پروتی پریدا اور کے وی سنگھ دیو بالترتیب پوری اور کیندرپارا اضلاع کا چارج سنبھالیں گے۔ تجارت اور ٹرانسپورٹ کے وزیر بی بی جینا کو ضلع گنجام منتقل کیا جائے گا، خوراک اور شہری فراہمی کے وزیر کے سی پاترا کیونجھر جائیں گے اور تعمیرات اور قانون کے وزیر پرتھوی راج ہری چندن کو کٹک ضلع کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ذرائع نے بتایاکہ مشرقی وسطی خلیج بنگال کے اوپر ’دانا‘ گزشتہ ۶؍ گھنٹوں میں۱۵؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مغرب کی طرف بڑھا اورساڑھے ۸؍ گھنٹے تک وہیں مرکوز تھا۔ یہ خطہ پارادیپ (ادیشہ ) سے تقریباً ۵۲۰؍کلومیٹر جنوب مشرق، ساگر جزیرہ (مغربی بنگال) سے۶۰۰؍ کلومیٹر جنوب-جنوب مشرق، اور کھیپوپارہ (بنگلہ دیش) سے۶۱۰؍ کلومیٹر جنوب-جنوب مشرق میں واقع ہے۔طوفان سے پیدا ہونے والے حالات سے نمٹنے کیلئے این ڈی آر ایف کی۲۰؍ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔