• Thu, 23 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

سمندری طوفان فینگل کی دستک ، چنئی اورکاویری ڈیلٹا اضلاع میں تیز بارش

Updated: December 01, 2024, 5:25 PM IST | Chennai

چنئی میںاسکول اور کالج بند، کئی علاقوں میںپانی بھرا ،کرنٹ لگنے سے ایک کی موت ،وزیرا علیٰ ایم کے اسٹالن نے حکام کے ساتھ میٹنگ کرکے حالات کاجائزہ لیا

A view of an area in Chennai after heavy rains caused by a storm
طوفان کے سبب تیز بارش کے بعد چنئی کے ایک علاقے کا منظر

 تمل ناڈو کے ساحل  پر سمندری طوفان فینگل کے دستک دینے پرسنیچر کو چنئی اور کاویری ڈیلٹا اضلاع میں   شدید بارش ہوئی۔ چنئی میں تیز بارش کے سبب کئی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔وزیراعلیٰ  ایم کے اسٹالن نے اعلیٰ عہدے داروں اور ضلع کلکٹروں کے ساتھ بارش کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اطلاعات کے مطابق جمعہ کی شام تھوڑی دیر کے بعد سنیچر کی صبح موسلا دھار بارش شروع ہو گئی۔ مزید برآں، شمالی مضافاتی علاقوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی کیونکہ یہ طوفان چنئی کے جنوب مشرق میں تقریباً۱۴۰؍ کلومیٹر کے فاصلے پر تھا ۔محکمہ موسمیات نے چنئی، کانچی پورم، تروولور، چنگلپٹو، ویلوپورہ، کڈالور اور کلاکوریچی اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے اور شمالی ساحلی اور کاویری ڈیلٹا اضلاع، اندرونی اضلاع سمیت کئی اضلاع میں بہت بھاری بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔چنئی میں اسکول اور کالج بند کردئیے گئے ہیں۔
  تمل ناڈو اور پڈوچیری کے کئی حصوں میں گردابی طوفان ’فینگل‘کے اثر ات نظر آرہے ہیں۔ فینگل کی آمد سے قبل ہی تمل ناڈو کے کئی علاقوں میں زوردار بارش ہو رہی تھی اور اب بارش کے ساتھ ساتھ طوفان بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس طوفان کا اثر چنئی ہوائی اڈے پر بھی پڑا ہے جہاں پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔حالات کے پیش نظر  ہوائی اڈہ فوری طور  پر سنیچر کی شام ۷؍ بجے تک کیلئے بند کر دیا گیا۔
 میڈیا رپورٹس کے مطابق تمل ناڈو میں طوفان فینگل نے ایک شخص کی جان لے لی۔ بتایا جا رہا ہے کہ طوفان کی وجہ سے ایک شخص کرنٹ کی زد میں آ گیا جس سے اس کی موت ہو گئی۔ کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے جس سے ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انتظامیہ نے راحت و بچاؤ کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔
 اس درمیان تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے کنٹرول روم میں پہنچ کر حالات کی نگرانی شروع کر دی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر طوفان سے متعلق اَپڈیٹ بھی جاری کیا ہے اور زمین پر کام کرنے والے  رضاکاروںکا شکریہ اداکیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے بھروسہ دلایا ہے کہ حکومت کی کوششوں اور احتیاطی اقدام سے لوگوں کو زیادہ پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ وزیر اعلیٰ نے  رضاکاروں کو یہ یقین بھی دلایا ہے کہ ان کے مطالبات پر فوری توجہ دی جائے گی۔
 جہاں تک پڈوچیری کا معاملہ ہے، فینگل کا اثر وہاں بھی صاف دکھائی پڑ رہا ہے۔ تیز ہوائیں اور بارش ساحلی علاقوں میں خوفناک حالات پیدا کرنے کا اشارہ دے رہی ہیں۔ فینگل کے پیش نظر افسران نے مقامی افراد کوسنیچر کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا۔ افسران نے یہ بھی جانکاری دی کہ ہفتہ کے روز پڈوچیری میں سبھی اسکول اور کالج بند رہیں گے۔

tamil nadu Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK