• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

چیک جمہوریہ: دو ٹرینوں کا تصادم، چار افراد ہلاک، ۲۷؍ زخمی

Updated: June 06, 2024, 7:14 PM IST | Parague

آج چیک جمہوریہ کے شہر پراگ سے ۱۰۰؍ کلومیٹر ایک مال بردار اور ایک مسافر ٹرین کا تصادم ہوگیا جس میں ۴؍ افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ ۲۷؍ زخمی ہیں۔ وزیر نے حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ٹرین کمپنی لواحقین اور زخمیوں کو معاوضہ دینے کیلئے تیار ہے۔

Officials evacuating passengers. Photo: PTI
اہلکار مسافروں کو نکالتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

آج حکام نے بتایا کہ چیک جمہوریہ میں ایک مسافر ٹرین ایک مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور ۲۷؍ زخمی ہو گئے ہیں۔ وزیر داخلہ وٹ راکوسان نے بتایا کہ یہ حادثہ بدھ کی رات گئے پراگ سے تقریباً ۱۰۰؍ کلومیٹر مشرق میں پرڈوبیس شہر میں پیش آیا۔ تیز رفتار مسافر ٹرین نجی ریجیو جیٹ کمپنی کی تھی۔ راکوسان نے کہا کہ زخمیوں میں سے کسی کی بھی جان لیوا حالت نہیں ہے۔امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ٹرین میں ۳۸۰؍ مسافر سوار تھے جو مشرقی سلوواکیہ کے شہر کوسیس اور آگے یوکرین کی سرحد کے پار چوپ کی طرف جا رہی تھی۔

یوکرین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ حادثے میں کم از کم دو یوکرینی خواتین ہلاک ہو گئیں۔ اس نے کہا کہ ’’(چیک کے شہر) برنو میں یوکرین کے قونصل خانے کا ایک اہلکار جائے وقوع پر ہے اور ریسکیو اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔‘‘ مقامی ایجنسیوں کے مطابق دونوں ٹرینوں کے ڈرائیور بچ گئے۔ وزیر ٹرانسپورٹ مارٹن کوپکا نے کہا کہ پراگ اور ملک کے مشرقی حصے کے درمیان مین ٹریک کو بند کرنا پڑا جبکہ حکام تصادم کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ اسے نو گھنٹے بعد ہی جزوی طور پر دوبارہ کھولا گیا اور سرکاری ٹرین کمپنی، چیک ریلوے نے مشورہ دیا کہ مسافروں کو پورے دن کیلئے روٹ استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔
پرڈوبیس میں راہداری، جہاں ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں، چیک ریلوے کیلئے بہت اہم ہے۔ ٹرین حادثے کی تحقیقات کرنے والی ریاستی ایجنسی کے ترجمان مارٹن ڈریپال نے کہا کہ مسافروں کو لے جانے والی ٹرین کا ڈرائیور اسٹاپ کے نشان پر ٹرین کو روکنے میں ناکام رہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فوری طور پر واضح نہیں ہے کہ آیا یہ انسانی غلطی یا تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہوا ہے۔وزیر اعظم پیٹر فیالا نے حادثے کو ایک بڑا سانحہ قرار دیا اور ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ ریجیو جیٹ کے مالک ریڈیم جانکورا نے بھی ایسا ہی کیا، جنہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی مسافروں کو معاوضہ دینے کیلئے  تیار ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK