• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

دادر : ہاکروں کیخلاف بی ایم سی کی کارروائی، جرمانہ وصول کیا

Updated: July 01, 2024, 2:21 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

دادر مغرب ریلوے اسٹیشن اور اس کے اطراف لگنے والی ٹھیلہ گاڑیوں، سڑکوں اور فٹ پاتھ پر باکڑوں پر لگنے والے بازار اور اس سے ہونے والے ٹریفک کے مسئلہ اور مسافروں و راہگیروں کو چلنے میں ہونے والی پریشانی سے اُس وقت راحت مل گئی جب شہری انتظامیہ نے مقامی لوگوں سے ملنے والی بارہا شکایت کے بعد ہاکروں کے خلاف بڑے پیمانے پر انہدامی کارروائی کی۔

BMC took action and removed the hawkers. Photo: INN
بی ایم سی نے کارروائی کرتے ہوئے ہاکروں کو ہٹا دیا۔ تصویر : آئی این این

دادر مغرب ریلوے اسٹیشن اور اس کے اطراف لگنے والی ٹھیلہ گاڑیوں، سڑکوں اور فٹ پاتھ پر باکڑوں پر لگنے والے بازار اور اس سے ہونے والے ٹریفک کے مسئلہ اور مسافروں و راہگیروں کو چلنے میں ہونے والی پریشانی سے اُس وقت راحت مل گئی جب شہری انتظامیہ نے مقامی لوگوں سے ملنے والی بارہا شکایت کے بعد ہاکروں کے خلاف بڑے پیمانے پر انہدامی کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں سامان ضبط کیا گیا ہے اور ساتھ ہی ٹھیلہ لگانے والوں سے جرمانہ بھی وصول کیا گیا۔ 
  بی ایم سی نے کارروائی سے متعلق بتایا کہ دادر مارکیٹ کے اطراف آباد مکینوں نے بارہا ہاکروں کے غیر قانونی قبضہ جات سے سڑک پر چلنے کے علاوہ ٹریفک کے جام ہونے اور صوتی و ماحولیاتی آلودگی کا مسئلہ ہونے کی بھی نشاندہی کی تھی۔ دادر ریلوے اسٹیشن کے باہر کئے جانے والے غیر قانونی قبضہ جات سے متعلق بی ایم سی کا کہنا تھا کہ ہاکروں نے نہ صرف سڑکوں پر غیر قانونی قبضہ کیا تھا بلکہ فٹ پاتھ پر بھی غیر قانونی باکڑے تعمیر کئے تھے۔ یہی نہیں باکڑوں میں استعمال کی جانے والی بجلی بھی چوری کی جاتی تھی۔ بعد ازیں ٹرینوں سے سفر کرنے والے مسافروں، راہگیروں اور مقامی مکینوں سے ملنے والی شکایت کے بعد نہ صرف سڑکوں اور فٹ پاتھ پر غیر قانونی قبضہ کرنے والے پھیری والوں اورہاکروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے فروخت کرنے والے تمام سامان کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ان سے بڑے پیمانے پر جرمانہ وصول کرنے کےعلاوہ غیر قانونی طریقہ سے چوری کی بجلی استعمال کرنے کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔ بی ایم سی کمشنر بھوشن گگرانی اور ایڈیشنل میونسپل کمشنر ڈاکٹر اشونی جوشی کی ہدایت اور رہنمائی میں کی جانے والی کارروائی سے نہ صرف ٹرینوں سے سفر کرنے والے مسافروں اور راہگیروں کو راحت ملی ہے بلکہ اس کارروائی سے مقامی مکینوں نے بھی سکون کی سانس لی ہے۔ بی ایم یس کی جانب سے سینا پتی باپٹ مارگ، راناڈے مارگ، ڈیسلوا مارگ اور دیگر علاقوں میں کارروائی کی گئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK