• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گاڑیوں کیلئے ہائی سیکوریٹی رجسٹریشن نمبرپلیٹ بنوانے کی تاریخ میں مارچ تک توسیع

Updated: February 21, 2025, 11:17 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

محکمہ ٹرانسپورٹ نے۲۰۱۹ء سے قبل کی گاڑیوں میں یہ نمبر پلیٹ لگانا لازمی قرار دیا ہے۔ رجسٹریشن نہ کرنے پر جرمانہ عائد کرنے کا انتباہ۔

The Transport Department has provided details for installation of high security registration number plates. Photo: INN
ہائی سیکوریٹی رجسٹریشن نمبر پلیٹ لگانےکیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ نے تفصیلات فراہم کی ہیں۔ تصویر: آئی این این

ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کے جاری کردہ نئے فرمان سے ۲، ۳؍ اور ۴؍ پہیہ گاڑی والوں اور اس کی خرید و فروخت کرنے والوں میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے۔ ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کے۲، ۳؍ اور ۴؍ پہیہ گاڑیوں کی فروخت سے متعلق جاری کردہ نئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ سسٹم ( ایس او پی ) کے مطابق اپریل ۲۰۱۹ء سے قبل فروخت کی جانے والی سبھی گاڑیوں میں ہائی سیکوریٹی رجسٹریشن پلیٹ( ایچ ایس آر پی) لگانے کو لازمی قرار دیا ہے اور اس کی تاریخ میں مارچ تک توسیع کردی ہے۔ 
  محکمہ ٹرانسپورٹ کے بقول مذکورہ نمبر پلیٹ میں نہ صرف منفرد نمبر ہوگا بلکہ اس میں بار کوڈ بھی ہوگاجس کا مقصد جہاں گاڑی چوری ہونے اور فرضی نمبر پلیٹ کا استعمال کرکے گاڑیاں چلانے والے افراد پر قابو پانا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے بار کوڈ سے منسلک رجسٹریشن نمبرپلیٹ کو لگانے کی تاریخ میں توسیع بھی کر دی ہے۔ محکمہ کے بقول مارچ کے آخر تک اپریل ۲۰۱۹ء سے قبل فروخت کی جانے والی سبھی ۲، ۳؍ اور ۴؍ پہیہ گاڑیوں کا رجسٹریشن کرنا لازمی ہوگا۔ رجسٹریشن نہ کرنے کی پاداش میں موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت نہ صرف قانونی کارروائی کی جائے گی بلکہ جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ 
 مسروقہ گاڑی اوراس کا استعمال مختلف جرائم میں کرنے کے معاملات پر قابو پانے کے مقصد سے ہائی سیکوریٹی رجسٹریشن نمبرپلیٹ کے تعلق سے ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ’’ اسے توڑا یا نکالا نہیں جاسکے گا اور ایک بار نکال لیا گیا تو اسے دوبارہ لگایا نہیں جاسکے گا۔ ‘‘گاڑیوں کے رجسٹریشن کیلئے تین زون بنائے گئے ہیں http://www.mhhsp.com http://hrspmhzone2.com کے علاوہ https://maharashtrahsrp.com پر رجسٹریشن کرنا ہوگا۔  ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نے مذکورہ رجسٹریشن کا عمل جہاں لازمی قرار دیا ہے وہیں رجسٹریشن کے لئے فیس بھی عائد کی ہے۔ اپریل ۲۰۱۹ء سے قبل گاڑیوں کی فروخت اور اسے خریدنے والوں میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے نئے فرمان سے بے چینی پیدا ہوگئی ہے۔ اس سلسلہ میں گاڑی خریدنے والے کو نہ صرف مکمل دستاویزات کے ساتھ رجسٹریشن کے مراحل سے گزرنا پڑے گا بلکہ جی ایس ٹی اور دیگر ٹیکس کے ساتھ فیس بھی ادا کرنی پڑے گی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے مذکورہ رجسٹریشن کے تعلق سے جو تفصیلات فراہم کی ہیں، اس کے مطابق ۲؍ پہیہ گاڑی کے رجسٹریشن کیلئے ۴۵۰؍ روپے، تین پہیہ گاڑیوں کے لئے۵۰۰؍ روپے جبکہ مسافروں کی آمد و رفت یا ذاتی طو رپر استعمال کی جانے والی چار پہیہ کاروں کے مالکان کے علاوہ بڑے تجارتی ٹرک اور ٹرالر کے رجسٹریشن کیلئے ۷۴۵؍ روپے ادا کرنا ہوگا۔ اطلاع کے مطابق مذکورہ رجسٹریشن نمبر پلیٹ کو گاڑیوں میں لگانے کے لئے علاحدہ کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK