الیکشن کمیشن نے تہواروں کا حوالہ دیا، بقیہ ریاستوں کے ضمنی الیکشن طے شدہ پروگرام کے مطابق ۱۳؍ نومبر کو ہوں گے
EPAPER
Updated: November 04, 2024, 10:58 PM IST | New Delhi
الیکشن کمیشن نے تہواروں کا حوالہ دیا، بقیہ ریاستوں کے ضمنی الیکشن طے شدہ پروگرام کے مطابق ۱۳؍ نومبر کو ہوں گے
الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اتر پردیش کی ۹، پنجاب کی ۴؍ اور کیرالا کی ایک سیٹ کیلئے ضمنی الیکشن کی تاریخ کو تبدیل کر دیا ہے۔اس نےپیرکو اعلان کیا کہ ان ۱۴؍ نشستوں پر پولنگ ۱۳؍ نومبر کے بجائے اب ۲۰؍ نومبر کو ہوگی۔
تاریخ کی اس تبدیلی کیلئے مختلف تہواروں کا حوالہ دیاگیاہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کیرالا میں پلکڑ اسمبلی اسیٹ پر الیکشن کی تاریخ تو بدل کر ۲۰؍ نومبر کردی گئی ہے مگر چھیلکر کی اسمبلی سیٹ اور وائناڈ کی پارلیمانی سیٹ پر پولنگ پہلے سے اعلان کئے گے شیڈول کے مطابق ۱۳؍ نومبر کو ہی ہوگی۔ واضح رہے کہ کانگریس، بی جے پی، بی ایس پی اور آر ایل ڈی نے تہواروں کا حوالہ دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے ضمنی الیکشن میں ووٹنگ کی تاریخ تبدیل کرنے کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ بصورت دیگر پولنگ فیصد متاثر ہوسکتاہے۔ ضمنی الیکشن کے نتائج جھارکھنڈ اور مہاراشٹر کے اسمبلی الیکشن کے نتائج کے ساتھ ہی ۲۳؍ نومبر کو جاری کئے جائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش اسمبلی کی ۱۰؍ خالی نشستوں میں سے ۹؍ پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے۔ ایودھیا کی اسمبلی سیٹ پر ضمنی الیکشن سے کمیشن نے گریز کیا ہے جس کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ اُدھر پنجاب اسمبلی کی۴؍سیٹوں پر ضمنی الیکشن ہوگا۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے مقررہ پروگرام کے مطابق ان۳؍ ریاستوں سمیت مجموعی طور پر۱۵؍ ریاستوں کی۴۸؍ خالی اسمبلی سیٹوں پر ضمنی الیکشن کرائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ لوک سبھا کی ۲؍ خالی سیٹوں پر بھی ووٹنگ کرائی جارہی ہے۔ اتراکھنڈ کی کیدار ناتھ اسمبلی سیٹ کے علاوہ سبھی سیٹوں پر ضمنی الیکشن ۱۳؍نومبر کو ہوناتھا۔ کیدار ناتھ کیلئے ۲۰؍ نومبر کی تاریخ طے کی گئی تھی مگر اب اتر پردیش، پنجاب اور کیرالا میں بھی ضمنی الیکشن کی تاریخ بدل دی گئی ہےا س لئے ۲۰؍ نومبر کو مہاراشٹر الیکشن اور جھارکھنڈ میں دوسرے مرحلے کی پولنگ کے ساتھ۱۵؍ نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوگا۔ الیکشن کی تاریخوں میں تبدیلی کے ساتھ الیکشن کمیشن کے فیصلوں پر سوال اٹھنے لگا ہے کہ انتخابات کا شیڈول تیار کرتے وقت اس نے پہلے ہی تہواروں کی تاریخوں کو ملحوظ کیوں نہیں رکھا۔