• Tue, 24 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جنسی ہراسانی معاملہ میں نائر اسپتال کے ڈین کاتبادلہ

Updated: October 01, 2024, 11:18 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے معاملےکی مکمل تحقیقات کیلئے خصو صی کمیٹی بنانےکی ہدایت جاری کی

Dean of Nair Hospital has been transferred to Cooper Hospital. (Fire Photo)
نائر اسپتال کے ڈین کا ٹرانسفر کوپر اسپتال کیا گیا ہے۔(فائر فوٹو)

 وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی ہدایت پر نائر اسپتال کے ڈین ڈاکٹر سدھیر میدھیکر کا کوپر اسپتال تبادلہ کردیاگیاہے۔ وزیر اعلیٰ نے نائر اسپتال میں جنسی ہراسانی کے معاملے کا سخت نوٹس لیا ہے ۔ انہوں نے سخت کارروائی کرنے کا حکم جاری کیا ہے اور متاثرہ کو انصاف دلانےکی یقین دہانی کرائی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے بی ایم سی کمشنر بھوشن گگرانی کو فوری طور پر اسپتال کے ڈین کا تبادلہ کرنے اور معاملے کی مکمل تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی بنانے کی ہدایت بھی دی ہے ۔اس کے ساتھ  ہی  اسپتال کے عملے اور طلبہ کی حفاظت کیلئے اضافی اقدامات پر عمل درآمد کرنےکی ہدایات جاری کی ہیں۔
 وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہےکہ ’’صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں اس طرح کے واقعات بہت سنگین ہیں ۔ہم معاملے کی تحقیقات اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔ اسپتال میں ہر ایک کیلئے محفوظ ماحول پیدا کرنا ہمارا فرض ہے۔‘‘
  سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ، پہلے دن سے اس معاملہ میں حکومت کی توجہ مبذول کرا رہےہیں ۔ انہوں نے مہاراشٹر اسٹیٹ کمیشن برائے خواتین کو ایک خط لکھا تھا ۔ اس میں، بی ایم سی سے نائر اسپتال کے ڈین ڈاکٹر سدھیر میدھیکر کو تحقیقات میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کاذمہ دار قرار دیا تھا اور متاثرہ کو انصاف دلانے میں تاخیر کرنے میں ڈین کے کردار پر شبہ اور کمیشن سے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا ۔ڈین کے تبادلہ سے متعلق انہوں نے کہا کہ ’’ٹرانسفر کافی نہیں ہے ۔ اس معاملے کی منصفانہ جانچ تک انہیں معطل کر دیا جانا چاہئے ۔ وہ اب بھی اپنی پوزیشن استعمال کر سکتے ہیں اور معاملے پر اثر انداز ہو سکتے ہیں ۔‘‘
 اس دوران مہاراشٹر نونرمان سینا کے لیڈر سندیپ دیشپانڈے نے پیر کو نائر میڈیکل کالج کی طالبات سے ملاقات کی ۔ بیشتر طالبات شدید خوف میں مبتلا ہیں۔ سندیپ دیشپانڈے نے حکومت سے اس معاملہ کی شفاف تحقیقات کامطالبہ کیا ہے تاکہ قصور وار اسوسی ایٹ پروفیسر کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکے اور متاثرہ کو انصاف مل سکے ۔‘‘
 واضح رہے کہ نائر اسپتال میں ایک زیر تربیت طالبہ کو جنسی طور پر ہراساں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے متعلقہ اسوسی ایٹ پروفیسر کو میونسپل انتظامیہ نے معطل کر دیا ہے ۔دریں اثناء یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ سیاسی دباؤ کی وجہ سے نائر اسپتال کے ڈین ڈاکٹر میدھیکر کا تبادلہ کیا گیا ہے ۔ جس پر بی ایم سی اسپتالوںکے کئی سینئر ڈاکٹر ناراض ہیں ۔ ان کا کہناہے کہ انتظامیہ کو یہ بھی واضح کرنا چاہئے کہ اس ٹرانسفر کے پس منظر میں ڈین کے کیا حقوق ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK