• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

نیپال بس حادثے میں مہلوکین کی تعداد ۲۷؍ ہوگئی، بھساول میں صف ماتم، دکانیں بند

Updated: August 25, 2024, 10:51 AM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon

مہلوکین میں ایک ۸؍ سالہ بچی بھی شامل ،مرکزی وزیرمملکت برائے امور نوجوانان رکھشا کھڑسے نے کاٹھمانڈو پہنچ کر زخمیوں سے ملاقات کی اور مہلوکین کی فہرست جاری کی۔

Raksha Kharse inquiring about the condition of an injured woman. Photo: INN
رکھشا کھڑسے ایک زخمی خاتون کا حال دریافت کرتےہوئے۔ تصویر : آئی این این

جمعہ کو نیپال میں پیش آئے بس حادثے میں مہلوکین کی تعداد بڑھ کر ۲۷؍ ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ ان میں سے ۲۵؍ کا تعلق مہاراشٹر کے جلگائوں ضلع  میں واقع بھساول تعلقے کے مختلف گائوں سے تھا۔  جبکہ ۲؍ اتر پردیش کے باشندے تھے۔ مہلوکین میں ایک ۸؍ سالہ بچی بھی شامل ہے۔ اس دوران وزیر مملکت برائے امور نوجوانان رکھشاکھڑسے نیپال پہنچیں اور اسپتال میں زیر علاج زخمیوں سے ملاقات کی۔ ساتھ ہی انہوں نے مہلوکین اور زخمیوں کے ناموں کی  فہرست بھی جاری کی۔  
اطلاع کے مطابق  جمعہ کے روز نیپال  کے تن ہائو  ضلع میں ہندوستانی مسافروں سے بھری ایک بس کھائی میں جا گری تھی جس میں سوار تمام ۴۳؍ مسافر پانی میں بہہ گئے تھے۔ ریسکیو ٹیم نے انہیں کسی طرح باہر نکالا ۔ جمعہ کی رات تک خبر آئی تھی کہ ان میں سے۱۴؍ لوگوں کی مو ت ہو گئی  ہے۔سنیچرکو حکام نے تصدیق کی کہ مہلوکین کی تعداد ۲۷؍ ہے۔  ان میں ایک ۸؍ سالہ بچی بھی شامل ہے۔ جلگائوں کےدو گھرا نے( جائوڑےاور بھرمبے) ایسے ہیں جن کے ۴؍ ۔ ۴؍ افراد اس حادثے میں ہلاک ہوگئے۔  اطلاع کے مطابق مہلوکین میں شامل سدھا کر جائوڑے ورنگائوں (بھساول تعلقہ) کے سابق کونسلر تھے جبکہ سندیپ بھرمبے کا شمار گائوں کے سرکرداں  باشندوں میں ہوتا ہے۔ 
مہلوکین اور زخمیوں کے نام   
مرکزی وزیر مملکت برائے امور نوجواناں، رکھشا کھڑسے نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر  مہلوکین اور زخمیوں کی جو فہرست جاری کی ہے  وہ یوں ہے: 
مہلوکین کے نام: رام جیت عرف منا( کنڈکٹر، ۴۲) ، سرلا رانے (۴۲) بھارتی جاوڑے( ۶۲) تلسی رام تائوڑے (۶۲) سندیپ سرودے (۴۵)  پلوی سرودے (۴۳)  انوپ سرودے (۲۲) گنیش بھرمبے (۴۰)  نیلما دھانڈے (۵۷)  پنکج بھنگڑے ( ۴۵)  پری بھرمبے (۸) انیتا پاٹل( عمردرج نہیں ) وجیا جاوڑے (۵۰)  روہنی جاوڑے( ۵۱)  پرکاش کولی(۵۰) مرتضیٰ خان (ڈرائیور، عمر درج نہیں ) سدھا کر جائوڑے  (۶۰) سلبھا بھروے (۶۰) سہاس رانے ( ۶۰) چندنا رانے ( ۱۸)  نیلما جائوڑے (عمر درج نہیں)  منگلا رانے (۴۵) ساگر جائوڑے( عمر درج نہیں ) مینل بھرمبے ( عمر درج نہیں)  سروج بھروڈ ( عمر درج نہیں) سرلا ترڈے (۶۲) آشا باوسکر( عمر درج نہیں) 
 زخمیوں کے نام : نیلما برودے(۴۲)سیما  انگلے (۴۹) ریکھا پرکاش(۵۹) ہیم راج سرودے ۵۶) روپالی سرودے(۵۰) بھارتی پاٹل(۵۲)  شاردا پاٹل (۳۸)،کمودینی جاوڑے(۶۲) گیانیشور  بھوندے (۶۰)، آشا  بھوندے (۴۵) آشا پاٹل (۶۳) ،سنیل ڈھنڈے(۵۲)ورشا بھوندے (۳۹)  پروین   پاٹل (۵۲) ،اویناش پاٹل (۵۱) ،اننت  انگلے( ۵۸)۔
رکھشا کھڑسے نے اپنی پوسٹ میں اطلاع  دی ہے کہ انہوں نے نیپال کے کاٹھمانڈو میں واقع تری بھون یونیورسٹی ٹیچنگ اسپتال پہنچ کر وہاں زیر علاج ۱۶؍ زخمیوں سے ملاقات کی اور ان کا حال معلوم کیا۔  ان کے ہمراہ بھساول کے رکن اسمبلی سنجے ساہوکارے بھی تھے۔  اسپتال میں نیپال کے وزیر داخلہ  رمیش لکھا بھی موجود تھے۔ رکھشا کھڑسے نے تعاون کیلئے نیپال حکومت کا شکریہ ادا کیا جبکہ نیپال میں ہندوستانی سفارت خانے کی بروقت اقدامات کیلئے تعریف کی۔  
بھساول میں غم کا ماحول 
 اس دوران  اطلاع ملی ہے کہ جمعہ کی دوپہر جب  حادثے کی خبر بھساول پہنچی تو علاقے میں صف ماتم بچھ گیا۔ ورن گائوں جہاں  کے کئی باشندے مہلوکین میں شامل ہیں، وہاں لوگوں نے فوراً اپنی دکانیں بند کر دیں۔ مقامی ذرائع نے اطلاع دی کہ سنیچر کو بھی گائوں میں بازار اور کاروبار بند رہے۔ یاد رہے کہ جمعہ کو محکمہ باز آبادکاری نے اطلاع دی تھی کہ سنیچر کی شام تک مہلوکین کی لاشیں مہاراشٹر لائی جائیں گی۔ اس کیلئے مہاراشٹر حکومت نے وزارت دفاع سے خصوصی طیارے کی گزارش کی ہے۔ اطلاع کے مطابق یہ خصوصی طیارہ ناسک ( جہاں ملٹری کنٹونمنٹ ہے) لایا جائے گا اس کے بعد وہاں سے لاشوں کو ایک دیگر طیارے کے ذریعے جلگائوں لایا جائے گا۔  خبر لکھے جانے تک لاشیں مہاراشٹر تک نہیں پہنچی تھیں۔  یاد رہے کہ آج ( ۲۵؍ اگست) وزیراعظم مودی جلگائوں کے دورے پر ہوں گے اس لئے جلگائوں کو نو فلائنگ زون قرار دیا گیا ہے۔ لہٰذا یہاں طیاروں کو اترنے کی اجازت نہیں ہے۔ مگر ان طیاروں کو اترنے کی اجازت دی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK