• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آئی آئی ٹی کی نگرانی میں ممبئی کی سڑکوں کی تعمیر کا فیصلہ

Updated: September 12, 2024, 11:02 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

بی ایم سی نے  سڑکوں کے معیار کی نگرانی کرنے کیلئے آئی آئی ٹی ممبئی کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں معاہد ہ ہوا ہے۔

People are passing through a road in Kandivali. Photo: INN.
کا ندیولی کی ایک سڑک سے لوگ گزرر ہےہیں۔ تصویر: آئی این این۔

ممبئی کی کئی ایسی سڑکیں ہیں جنہیں سیمنٹ کنکریٹ سے تعمیر تو کیا گیا لیکن ان میں جلد ہی گڑھے بھی ہو گئے ہیں جس سے ان کے معیار پر سوال اٹھائے گئے۔ غیر معیاری سڑکوں سے اپوزیشن کے لیڈروں کی جانب سے بھی شہری انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہےاور میونسپل افسران کے ذریعے بدعنوانی کا بھی الزام عائد کیا جاتا رہا ہے۔ سیمنٹ کنکریٹ کی سڑکوں پر گڑھے ہونے کی شکایتوں کے درمیان معیاری روڈ تعمیر کرنے کی غرض سے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی ) نے سیمنٹ کنکریٹ ( سی سی ) کی سڑکوں کے معیار کی نگرانی کرنے کیلئے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) ممبئیکی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں بدھ کو بی ایم سی اور آئی آئی ٹی کے درمیان باضابطہ معاہدہ ہوا ہے۔ اب بی ایم سی کے افسران کے علاوہ تھرڈ پارٹی کے طو رپر آئی آئی ٹی کے انجینئر بھی نگرانی کر یں گے۔ 
ممبئی میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر بھوشن گگرانی نے ایڈیشنل میونسپل کمشنر(پروجیکٹس) ابھیجیت بانگر کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ڈپٹی ڈائریکٹر پروفیسر کے وی کرشنا راؤکے ساتھ میونسپل کارپوریشن کے متعلقہ افسران موجود تھے۔ اس معاہدے کےتحت بی ایم سی کی حدود میں ۷۰۱؍ کلومیٹر سڑکوں کو تعمیر کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں ۳۹۲؍ کلومیٹر اور دوسرے مرحلے میں ۳۰۹؍کلومیٹر کی سڑکوں کو سی سی بنایا جارہا ہے۔ اس میں شہر، مغربی مضافات اور مشرقی مضافات کی سڑکیں شامل ہیں۔ 
دوسرے مرحلے کے۵؍ پیکج (شہر ڈویژن میں ایک، مشرقی مضافات میں ایک اور مغربی مضافات میں ۳) اور پہلے مرحلے کےایک پیکج کے معیار کا معائنہ اور ذیلی کام آئی آئی ٹی کے ذریعے کیا جائے گا۔ 
اس تعلق سے بی ایم سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہےکہ میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر شری بھوشن گگرانی نے کہا کہ آئی آئی ٹی سے اس معاہدے کےبعد سیمنٹ کنکریٹ سڑک کے کاموں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔ آئی آئی ٹی رہنمائی کرے گی کہ کن پہلوؤں کا خیال رکھا جائے تاکہ تیز رفتاری سے کام کرتے ہوئے معیار متاثر نہ ہو۔ 
اس تعلق سے وضاحت کرتے ہوئے، ایڈیشنل میونسپل کمشنر نے کہا کہ ’’انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ وقتاً فوقتاً کام کی جگہ کا براہ راست دورہ کرے گا۔ دورے میں مشاہدات کی بنیاد پر افسران سے مشورہ کرے گا۔ کنکریٹ پلانٹ میں میٹریل بنانے کے مرحلے سے لے کر کنکریٹ کی سڑک کی تکمیل تک آئی آئی ٹی کی جانب سے مختلف ٹیسٹ کئےجائیں گے۔ ‘‘
میونسپل افسر کے بقول اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ سڑک کا معیار اچھا رہے، سڑک کے معیار کو مختلف تکنیکی ٹیسٹ جیسے کیوب ٹیسٹ، کور ٹیسٹ، سلیمپ کون ٹیسٹ، ڈیوری بیلیٹی ٹیسٹ اور فیلڈ ڈینسٹی ٹیسٹ وغیرہ کے ذریعے جانچا جائے گا۔ ان کے مطابق آئی آئی ٹی کے پاس انجینئر کی مہارت، کارکردگی کو بڑھانے، افسران اور ٹھیکیداروں کو معیار کے بارے میں وقتاً فوقتاً رہنمائی فراہم کرنے کی اہم ذمہ داری ہے۔ آئی آئی ٹی سے نادانستہ غلطیوں سے بچنے اور کام کی تکمیل کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔ 
 اس بارے میں ابھیجیت بانگر نے کہا کہ سڑکوں کی دیکھ بھال، تعمیر نو اور مرمت کیلئے بہترین طریقوں کا تعین کیا جائے گا۔ ضرورت کے مطابق معائنہ کیا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK