مریضوں اور لواحقین کی کلین اپ مارشلز کے ذریعے پیسہ وصولنےکی شکایت، بی ایم سی کے ۶؍اسپتالوں میں اب کلین اپ مارشلزنظر نہیں آئیںگے۔
EPAPER
Updated: March 08, 2025, 10:31 AM IST | Inquilab News Network
مریضوں اور لواحقین کی کلین اپ مارشلز کے ذریعے پیسہ وصولنےکی شکایت، بی ایم سی کے ۶؍اسپتالوں میں اب کلین اپ مارشلزنظر نہیں آئیںگے۔
ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) نے شہر کی سڑکوں اور فٹ پاتھو ں کی صفائی کی نگرانی کیلئے شہرو مضافات میں کلین اپ مارشلز تعینات کرنے کے علاوہ مئی ۲۰۲۴ء سے ۶؍بی ایم سی اسپتالوں میں بھی کلین اپ مارشلز کی تقرری کی ہے تاکہ اسپتالوں میں مریضوں اور ان کے لواحقین کے ذریعے کی جانے والی گندگی اورکوڑاکرٹ پھینکنے پر قابو پایا جاسکے لیکن صفائی کے نام پرلواحقین کو لوٹنے کی شکایت پر بی ایم سی نے ان اسپتالوں میں کلین اپ مارشلوں کی تقرری منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس لئے اب کلین اپ مارشلز اسپتال کے احاطے میں نظر نہیں آئیں گے۔ میونسپل انتظامیہ نے یہ فیصلہ مریضوں اور ان کے لواحقین کی شکایت کے بعد کیاہے۔
واضح رہے کہ بی ایم سی نے مئی ۲۰۲۴ء میں ۶؍ اسپتالوں میں کلین اپ مارشل بھی تعینات کئے تھے تاکہ ان اسپتالوں میں علاج کیلئے آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین اکثر کھانے کے بعد جوبچا ہوا کھا نا، گٹکھا اور پان وغیرہ کا تھوک، پانی کی بوتلیں اور کوڑا کرکٹ کہیں بھی پھینک دیتے ہیں، جس سے اسپتال میں گندگی پھیل جاتی ہے۔ اس کاحل نکالنے کیلئےبی ایم سی نے نائر، سائن، کے ای ایم، کوپر، راجاواڑی اور باباصاحب امبیڈکر اسپتال میں کلین مارشل تعینات کئے تھے، لیکن گندگی کرنے والوں سے کارروائی کے نام پر بڑی رقم اینٹھنے کی شکایتوں پر بی ایم سی نے کلین اپ مارشلز کی تقرری منسوخ کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ اس سے بی ایم سی کی شبیہ خراب ہو رہی تھی۔ بی ایم سی نےان اسپتالوں اور ان کے احاطے کیلئے کلین اپ مارشل کی تقرری کو واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔
نائر اسپتال کے میڈیکل سوشل ورکر شعیب ہاشمی نے اس تعلق سے بتایاکہ’’ یہاں غریب مریض علاج کیلئے آتےہیں، ان کے ساتھ ان رشتےدار ہوتےہیں ۔ بے خیالی میں ان سے کچھ غلطیاں ہوجاتی ہیں لیکن ان سے کلین اپ مارشلز کا رویہ بڑا سخت ہوتاہے۔ جرمانہ کےنام پر ان غریبوں سے زبردستی پیسہ وصول کیاجاتا ہے، جو قطعی مناسب نہیں ہے۔ ‘‘
بی ایم سی نے اپریل ۲۰۲۴ء میں ہر وارڈ میں ۳۰؍ مارشلز تقرر کیا ہے۔ یہ کلین اپ مارشلز سڑک پر تھوکنے، کوڑا کرکٹ پھینکنے، سڑک پر نہانے اور رفع حاجت جیسی غلطی کر نے والے شہری سے ۲۰۰؍ روپے سے لے کرایک ہزار روپے تک جرمانے وصول کرتے ہیں ۔
ایسی بھی اطلاع موصول ہوئی ہےکہ گزشتہ ماہ ممبئی میونسپل کارپوریشن نے کلین اپ مارشل انسٹی ٹیوٹ پر جرمانہ عائد کیا تھا۔ ایڈیشنل کمشنر اشونی جوشی نے میونسپل ہیڈکوارٹرز میں کلین اپ مارشل آرگنائزیشنوں پر ان کے ناقص کام کیلئے چھاپہ بھی مارنےکی ہدایت دی تھی۔ میونسپل انتظامیہ نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہنے والی کلین اپ مارشل تنظیموں پر جرمانے بھی عائد کئے ہیں۔ ۱۲؍ میں سے۷؍ ٹھیکیداروں پر ۶۵؍لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔