پھانسی کی سزا نہ ہونے پر برہمی، سی بی آئی پر تنقیدیں، برندا کرات نے کہا کہ ’’انصاف نہیں ہوا‘‘، ممتا بنرجی نے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا
EPAPER
Updated: January 20, 2025, 10:47 PM IST | Kolkata
پھانسی کی سزا نہ ہونے پر برہمی، سی بی آئی پر تنقیدیں، برندا کرات نے کہا کہ ’’انصاف نہیں ہوا‘‘، ممتا بنرجی نے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا
کولکاتا کے آر جی کر میڈیکل کالج میں ایک ٹرینی ڈاکٹر کی آبروریزی اورقتل کے مجرم سنجے رائےکو کی سزا کا تعین کرتے ہوئے سیالدہ کےسیشن کورٹ نے اسے پیر کو تاحیات عمر قید کی سزا سنائی جس پر نہ صرف یہ کہ مہلوک ڈاکٹر کے اہل خانہ نے عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے بلکہ عمومی طو رپر مجرم کو پھانسی کی سزا نہ ملنے پر برہمی کااظہار کیا جارہاہے اوراس کیلئے سی بی آئی پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔
یاد رہے کہ ڈاکٹروں کے احتجاج کے پیش نظر یہ کیس کولکاتا پولیس سے چھین کر سی بی آئی کو سونپا گیاتھا۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کے علاوہ سی پی ایم لیڈر برندا کرات نے بھی سیشن کورٹ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’انصاف نہیں ہوا۔‘‘ یاد رہے کہ اس سانحہ پر کولکاتا میں ڈاکٹروں اور شہری سماج کی تنظیموں نے مہینوں احتجاج کیاتھا۔ مذکورہ تنظیموں کے ذمہ داران نے سیشن کورٹ کے فیصلے کو سی بی آئی کی ناکامی قرار دیا اور نشاندہی کی کہ وہ وسیع تر سازش کے پہلو کو اجاگر کرنے میں ناکام رہی ہے۔ یاد رہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انربان داس نے سی بی آئی کی طرف سے داخل کی گئی چارج شیٹ میں پیش کئے گئے شواہد، گواہوں کے بیانات اور دفاعی دلائل سننے کے بعد سنجے رائے کو سنیچر کو مجرم قرار دیا تھا۔ پیر کو سزا کے تعین پر بحث کے دوران سی بی آئی نے موت کی سزا کا مطالبہ کیا ۔ عدالت نے ’’شاذونادر پیش آنےوالا جرم‘‘ تسلیم نہیں کیا اور ۳؍بجکر۴۵؍ منٹ پر جو فیصلہ سنایا اس میں ملزم کو تاحیات قید رکھنے اور۵۰؍ ہزار روپے جرمانے کا حکم دیاگیا۔ عدالت نے ریاستی حکومت کو متاثرہ ڈاکٹر کے اہل خانہ ۱۷؍ لاکھ روپے معاوضہ دینے کا حکم بھی دیا۔