• Thu, 02 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بی ایم سی اسپتالوں کے تقریباً ۲؍ہزار عارضی عملے کو ہٹانےکا فیصلہ

Updated: October 22, 2024, 11:48 PM IST | Mumbai

ملازمین کوہٹانےکےعلاوہ ۲؍مہینے کی تنخواہ بھی روک لی گئی، عملہ کے نہ ہونے سے کام کاج پر دباؤ پڑنے کا خدشہ

File photo of Nair Hospital
نائر اسپتال کی فائل فوٹو

بی ایم سی کے نائر، کے ای ایم ، سائن اور کوپر اسپتال کے علاوہ دیگر اسپتالوں میں کانٹریکٹ پر عارضی عہدوں پر ملازمت کرنے والے تقریباً ا۲؍ہزارملازمین کو یکم نومبر سے ڈیوٹی پر نہ آنے کی اطلاع دی گئی ہے ساتھ ہی ان کی ۲؍مہینے کی تنخواہ روک لی گئی ہے ۔ عین دیوالی کے موقع پر تنخواہ روکنے سے ملازمین میں بے چینی پائی جا رہی ہے ، ساتھ ہی ان کے نہ ہونے سے اسپتال کے کام کاج میں رکاوٹ پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
 واضح رہے کہ ممبئی میونسپل کمشنربھوشن گگرانی نے مذکورہ اسپتالوں میں عارضی عہدوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں میڈیکل کالجوں، مضافاتی اسپتالوں، ڈسپنسریوں، میٹرنٹی اسپتالوں اور جونیئر میڈیکل سینٹرشامل ہیں ۔ ان محکموں کی خدمات کو منسوخ کرتے ہوئے ان کے ملازمین اور افسران کی ۲؍ ماہ کی تنخواہیں التواء میں رکھی گئی ہیں ۔ دیوالی کے موقع پر تنخواہوں کے التواء میں رکھنے سے تقریباً ایک ہزار ۲۳۰؍ ملازمین کے سامنے مالی بحران پیدا ہو گیا ہے ۔ اسی طرح جلد بازی میں کئے گئے اس فیصلے سے مریضوں کی دیکھ بھال کا کام بری طرح مثاثرہونے کا خدشہ ہے ۔
 کاندیولی شتابدی اسپتال کے ایک تجربہ گاہ کے ماہر نے کہا کہ انتظامیہ نے تقرری کے وقت سروس کو برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ لیکن اب اچانک سروس ختم کر دی گئی ہے اور ۲؍ ماہ کی تنخواہ التواء میں رکھی گئی ہے۔ اسی طرح ملنڈ کے ویر ساورکر اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے کہا کہ انہیں زبانی حکم دیا گیا ہے کہ وہ نومبر سے کام پر نہ آئیں ۔ ایک اور لیبارٹری ٹیکنیشین نے بتایا کہ ۲؍ ماہ کی تنخواہ ابھی تک ادا نہیں کی گئی جس سے عین دیوالی کے موقع پر مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ 
 ممبئی میونسپل کارپوریشن نے مضافاتی اسپتالوں، زچگی کے اسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں کانٹریکٹ کی بنیادوں پر کام کرنے والے ایک ہزار ۲۳۰؍ ڈاکٹروں ،طبی ٹیکنیشین ، لبیاریٹری ماہرین ، تکنیکی ماہرین، نرسوں، فارماسسٹ اور جونیئر میڈیکل اسٹاف کی خدمات کوان کی عارضی سروس کی مدت ختم ہونے پر ان کی سرو س ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وصولاً ان عہدوں پر فائز ہونے والوںکو ایک سے ۲؍ سال میں مستقل کیا جانا چاہئے تھا لیکن چونکہ میونسپل انتظامیہ کی طرف سے یہ تقرری نہیں کی گئی تھی، اس لئے میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے اگست میں معاہدہ کی بنیادوں پر کی جانے والی سبھی تقرریوں کو منسوخ کرنے کے حوالے سے ایک سرکیولر جاری کیا ہے ۔ اس فیصلے پر عملدرآمد اب شروع ہو گیا ہے۔
 ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اسپتالوں میں معاہدہ کی بنیاد پر کی جانے والی تقرریوں کے منسوخ کرنے سے صحت کے نظام پر بہت زیادہ دباؤ پڑنے کا  امکان ہے۔ مریضوں کی دیکھ بھال سب سے زیادہ متاثر ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK