کلین اپ مارشل سروس کے خلاف بڑھتی شکایات کی وجہ سے شہری انتظامیہ معاہدہ میں توسیع نہیں کرے گی۔ گزشتہ سال شروع ہونے والی یہ سروس ۴؍ اپریل کو ختم ہوجائے گی۔
EPAPER
Updated: March 28, 2025, 9:30 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
کلین اپ مارشل سروس کے خلاف بڑھتی شکایات کی وجہ سے شہری انتظامیہ معاہدہ میں توسیع نہیں کرے گی۔ گزشتہ سال شروع ہونے والی یہ سروس ۴؍ اپریل کو ختم ہوجائے گی۔
کلین اپ مارشل سروس ( سی ایم ایس )کے خلاف بڑھتی شکایتوں کی وجہ سے بی ایم سی نےسی ایم ایس کا ۴؍اپریل کوختم ہونے والے معاہدہ کےبعد اس میں توسیع نہ کرنےکا فیصلہ کیاہے۔ سی ایم ایس کوسڑک پر تھوکنے، کچرا پھینکنے اورسڑک پر نہانےکی غلطی کرنےوالوں کے علاوہ غیرقانونی تعمیراتی پروجیکٹوں کی سائٹوں پر جاکر جرمانہ عائد کرنا شروع کر دیاہے،علاوہ ازیں ان کی دیگرشکایتوں کی بنا ءپر بی ایم سی نے اس سروس کو پوری طرح بند کرنے فیصلہ کیاہے ۔
واضح رہےکہ آنے والے دنوں میں ممبئی سےسی ایم ایس کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ پچھلے سال شروع ہونے والا معاہدہ ۴؍اپریل کو ختم ہو جائے گا ،اس کے بعد اس میں توسیع نہیں کی جائے گی جس سےممبئی والوں کے ذہنوں سے کلین اپ مارشل کا خوف جلد ہی ختم ہو جائے گا۔ بی ایم سی نے یہ فیصلہ کلین اپ مارشل کے بارے میں بڑھتی ہوئی شکایات کی وجہ سے کیا ہے۔سڑک پر چلتے ہوئے اگر کوئی شہری کاغذ کا ٹکڑا پھینکے یا تھوک دے تو بلدیہ کے مقرر کردہ کلین اپ مارشل فوراً اسے پکڑتےدکھائی دیتے ہیں۔ غلطی کرنےوالے شہری سے جرمانہ وصول کرتےہیں، جرمانہ ادا کرنے سے منع کرنےوالے شہری سے زور زبر دستی کرتےہیں۔ کلین اپ مارشل کے جابرانہ رویہ سے شہری پریشان تھے۔اسی وجہ سے بی ایم سی نے سی ایم ایس کوبند کرنےکی فیصلہ کیا ہے۔ بی ایم سی نے اپریل ۲۰۲۴ءمیں شہر ومضافات کے ۳۰؍وارڈمیں کلین اپ مارشل کی تقرری کا معاہدہ کیاتھا۔ یہ کلین اپ مارشل سڑک پر تھوکنے، کچرا پھینکنےاور سڑک پر نہانےجیسی غلطی کرنےوالے شہری سے ۲۰۰؍تا ایک ہزار روپے تک کے جرمانے وصول کرتے ہیں۔ جمع ہونے والے جرمانے کا۵۰؍ فیصد کلین اپ مارشل فراہم کرنے والی تنظیم کو جاتا ہے اور ۵۰؍فیصد بی ایم سی کو ملتا ہے۔
کلین اپ مارشل کے خلاف شکایات بڑھ رہی تھیں جس کی وجہ سے بی ایم سی نے حال ہی میں بی ایم سی اسپتالوںمیں کلین اپ مارشل کی سروس بندکر دی ہے۔اب ان کے بارےمیںغیر قانونی تعمیراتی پروجیکٹوں کی سائٹوں پر جا کر پیسے بٹورنے کی شکایات موصول ہورہی ہیں، اس لئےبی ایم سی انتظامیہ نے اس سروس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے بی ایم سی نے سی ایم ایس کے خلاف سخت موقف اختیار کیا ہے۔ گزشتہ ماہ بی ایم سی نے کلین اپ مارشل تنظیم پر جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔ ایڈیشنل میونسپل کمشنر اشونی جوشی نے میونسپل ہیڈکوارٹر میں منعقدہ میٹنگ میں کلین اپ مارشل آرگنائزیشنوں پر ان کے گھٹیا کام کے لئے چھاپہ ماراتھا۔
دریں اثناء بی ایم سی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کیلئے نئے ضوابط تیار کررہی ہے اور ان ضابطوں کے تیار ہونے کے بعد مختلف جرمانوں کی رقم میں بھی تبدیلیاں کی جائیں گی۔ اس لئے محکمہ سالڈ ویسٹ کے افسران نے بتایا کہ اس سروس کو بند کردیا گیا ہے۔