• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

حج ۲۰۲۵ء کیلئےعازمین میں جوش وخروش میں کمی، آخری تاریخ میں صرف ۴؍ دن باقی

Updated: September 06, 2024, 12:07 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ریاستی سطح پراب تک محض۱۴؍ہزارہی رجسٹریشن کرائےگئے ہیں جبکہ مکمل درخواست فارم پُر کرنے والوں کی تعداد صرف ۱۰؍ ہزار ہے۔ ملکی سطح پر۸۵؍ہزار عازمین نے درخواست دی۔

It is being done on the form in the Hajj Committee. Photo: Inquilab
حج کمیٹی میں فارم پر کیا جارہا ہے۔ تصویر: انقلاب

حج ۲۰۲۵ءکیلئے عازمین میں جوش وخروش نہیں دکھائی دے رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب تک ریاستی سطح پر محض۱۴؍ ہزار   عازمین ہی نے رجسٹریشن کرایا ہے جبکہ مکمل درخواست فارم پُر کرنے والے محض ۱۰؍ ہزار عازمین ہیں۔ گزشتہ سال درخواست دہندہ عازمین کی تعداد ۲۷؍ ہزار سے زائدتھی۔ اس کے مقابلے اب تک نصف درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ملکی سطح پر اب تک درخواست دینے والوں کی تعداد محض ۸۵؍ہزار ہے۔ 
کم درخواستیں موصول ہونے کی وجوہات 
 کم درخواستیں موصول ہونے کےتعلق سے ریاستی حج کمیٹی میںرابطہ قائم کرنے پر بتایا گیا کہ ’’اس کی  دو اہم وجوہات ہیں۔ اوّل یہ کہ پاسپورٹ بنوانے میںدشواری اورحکومت کی جانب سے عازمین کے پاسپورٹ جلد دینے کے تعلق سے ریجنل پاسپورٹ  دفاترکوکوئی ہدایت نہ دینا ہے جس کی وجہ سے وقت لگ رہا ہے اور پاسپورٹ دفاتر میںافسران کسی قسم کی ہدایت نہ ملنے کاحوالہ دے رہے ہیں۔ایک وجہ امسال  حج کا جلد اعلان کیا جانا بھی ہے۔ مرکزی حج کمیٹی نے بھی اسے تسلیم کیا ہے۔ 
کوئی ہدایت نہیں دی گئی 
حالانکہ اس تعلق سےجب مرکزی حج کمیٹی کے ایڈیشنل سی ای اولیاقت علی آفاقی سے انقلاب نے ۲۷؍اگست کو استفسار کیا تھا تو انہوں نے بتایا تھا کہ ریاستی حج کمیٹیوں کی درخواست پرحج کمیٹی آف انڈیا نے مرکزی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ تمام ریجنل پاسپورٹ افسران کو ہدایت دے کہ ملک بھر میںعازمین کے پاسپورٹ جلد سے جلد سے بناکر دیئے جائیں تاکہ وہ حج کے لئے بآسانی درخواست دے سکیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ حکومت کی جانب سےیہ عمل ہونے کےبعد وہ ہدایت نامہ حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پربھی ڈال دیا جائے گا۔اس کے علاوہ یہ بھی کہا تھا کہ اگرحج گائیڈ لائن یا فارم میں شائع شدہ پاسپور ٹ سے متعلق صفحہ عازمین ساتھ لے کرجائیں گے تب بھی پاسپورٹ افسران ان کا تعاون کریں گے لیکن مہاراشٹر حج کمیٹی کا جواب اس کے برعکس ہے اورکہا گیا ہے کہ کوئی ہدایت نہ دیئے جانے سےعازمین کے پاسپورٹ بننے میں تاخیر ہورہی ہے اورا س کا اثر درخواستوں پر بھی پڑ رہا ہے ۔ یہی حالات گزشتہ سال بھی تھے۔ حج کمیٹی کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی مگراخیر تک کچھ نہیں کیا گیا اوربڑی تعداد میں عازمین پاسپورٹ بنوانے کیلئے پریشان رہے اوراسی بناء پر وہ درخواست بھی نہیں دے سکےتھے۔ 
۹؍ستمبر آخری تاریخ ہے
 دوسری جانب درخواست دینے کی آخری تاریخ میں ا ب محض۴؍ دن باقی ہیں، ۹؍ ستمبر آخری تاریخ ہے۔ ریاستی حج کمیٹی نے بھی عازمین میں جوش وخروش میں کمی کی یہ کہتے ہوئے توثیق کی کہ ۲۴؍دن میں مذکورہ بالا تعداد میں عازمین کی جانب سے درخواست موصول ہونا بہت ہی کم ہے۔ا س لحاظ سے یہ کہا جاسکتا ہے کہ آخری تاریخ تک بہت زیادہ اضافہ ہونے کی امید نہیں ہے۔ 
 واضح ہوکہ ۱۳؍اگست سے حج ۲۰۲۵ء کے لئے درخواست دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
تاریخ میں توسیع کی امید مگر زیادہ دنوں کی نہیں
ریاستی حج کمیٹی اور کچھ عازمین کی جانب سےکہا گیا ہےکہ درخواست دینے کی تاریخ میں توسیع کی جائے ۔ اس لئے بہت سے عازمین اسی سبب اب تک درخواست نہیں دے سکے ہیں۔ ویسے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ چونکہ تقریباً ہر سال تاریخ میں توسیع کی جاتی ہے، اس سے عازمین کو سہولت ہوتی ہے لہٰذا اس دفعہ بھی کی جائے گی۔ مرکزی حج کمیٹی کے ایڈیشنل سی ای او کا کہنا ہے کہ اس تعلق سے ریاستی حج کمیٹیوں کی جانب سے جو سفارش کی جاتی ہے، اسے ملحوظ رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جاتا ہے۔ اس دفعہ بھی توسیع کی جائے گی مگر زیادہ دنوں کی نہیں ہوگی ۔‘‘
مہاراشٹر حج کمیٹی میں۶؍ہزار سے زائد کور نمبرجاری نہیں کئےگئے 
مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مہاراشٹر حج کمیٹی میں مکمل درخواست دینے والے عازمین میں سے ۶؍ہزار سےزائد ایسے ہیں جن کے کور نمبرجاری نہیں کئےگئے ہیں، یہ کام سست روی سے چل رہا ہے جبکہ عازمین منتظر ہیں۔ ان کواسی وقت اطمینان ہوتا ہے جب کور نمبر مل جاتا ہے۔ ریاستی حج کمیٹی سے اس کام میں تیزی لانے کوکہا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK