• Thu, 19 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے اروناچل پردیش میں سردارولبھ بھائی پٹیل کا مجسمہ ’دیش کاولبھ‘ کا افتتاح کیا

Updated: October 31, 2024, 10:35 PM IST | New Delhi

انہوں نے کہا کہ سردار پٹیل کایہ مجسمہ ہم تمام ہندوستانیوںکی حوصلہ افزائی کرے گا ، ہمیں اتحاد کی طاقت اور غیر متزلزل جذبے کی یاد دلائے گا جو کسی بھی کامیاب قوم کی تعمیر کیلئے ایک بنیادی خوبی ہے

Rajnath Singh inaugurated `Desh Ka Vallabh` virtually (Photo: PTI)
راج ناتھ سنگھ نے ورچوئل طریقے سے ’دیش کا ولبھ‘ کا افتتاح کیا (تصویر: پی ٹی آئی)

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو اروناچل پردیش کے توانگ میں واقع بھارت رتن سردار ولبھ بھائی پٹیل کا  ’دیش کا ولبھ‘ مجسمہ کا افتتاح کیا اور اسے قوم کے نام وقف کردیا۔ انہوںنے آسام کے شہر تیز پور میں واقع ’فورکور ہیڈ کوارٹرز‘ سے اس کا ورچوئل طریقے سے افتتاح کیا۔ حالانکہ شیڈول کے مطابق انہیں توانگ کا دورہ کرنا تھا، لیکن خراب موسم کی وجہ سے وہ نہیں جا سکے۔ خیال رہے کہ ہر سال۳۱؍ اکتوبر کو  آزادملک کے پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کو  ’راشٹریہ ایکتا دیوس‘ کے  نام سے منایا جاتا ہے۔
 وزیر دفاع  نے اس موقع پر اپنے خطاب میں ایل اے سی کے ساتھ بعض علاقوں میں زمینی صورتحال کو بحال کرنے کیلئے ہندوستان اور چین کی طرف سے حاصل کئے گئے وسیع اتفاق رائے کا حوالہ بھی دیا۔ انہوں نے کہا ’’ہندوستان اور چین ایل اے سی کے ساتھ کچھ علاقوں میں اختلافات کو حل کرنے کیلئے سفارتی اور فوجی دونوں سطحوں پر بات چیت کر رہے ہیں۔ بات چیت کے نتیجے میں مساوی اور باہمی سلامتی کی بنیاد پر ایک وسیع اتفاق رائے پیدا ہوا۔ اتفاق رائے میں روایتی علاقوں میں گشت اور جانوروں کےچرنے کے حقوق شامل ہیں۔ اس اتفاق رائے کی بنیاد پر علاحدگی کا عمل تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ معاملے کو بات چیت کی سطح پر مزید آگے لے جایا جائے، لیکن اس کیلئے ہمیں تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا۔‘‘
  راج ناتھ سنگھ نے سردار پٹیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد۵۶۰؍ سے زیادہ شاہی ریاستوں کو متحد کرنے میں ان کاکردار بہت اہم ہے جس سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ یہ مجسمہ’دیش کا ولبھ‘ لوگوں کی  حوصلہ افزائی کرے گا، انہیں اتحاد کی طاقت اور غیر متزلزل جذبے کی یاد دلائے گا جو کسی بھی کامیاب قوم کی تعمیر کیلئے ایک بنیادی خوبی ہے۔ اس موقع پر  راج ناتھ سنگھ نے اتحاد اورہم آہنگی کی اہمیت اور ملک کی شناخت میں شمال مشرقی ریاستوں کے منفرد کردار پر بھی زور دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK