• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دیہرنگ ڈیم چھلک گیا، پنویل میں پانی کٹوتی ختم ہونے کا امکان

Updated: July 04, 2024, 11:13 AM IST | Panvel

میونسپل کارپوریشن کے ذریعے ہفتے میں ایک بار پانی کٹوتی کے باوجود مکینوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

Panvel`s Deharing Dam which burst yesterday. Photo: INN
پنویل کا دیہرنگ ڈیم جو گزشتہ روز چھلک گیا۔ تصویر: آئی این این

یہاں کے مکینوں کیلئے یہ راحت کی خبر ہے کہ لگاتار بارش سے دیہرنگ ڈیم چھلک گیا جس  کے بعد پانی کٹوتی ختم ہونے کا امکان ہے۔ حالیہ بارش نے ڈیم میں پانی کی سطح  کافی حد تک بڑھا دی ہے جس سے شہری انتظامیہ کو معمول کے مطابق پانی سپلائی  کا موقع  ملے گا۔ پنویل میونسپل کارپوریشن  جسے روزانہ ۳۲؍ ملین لیٹر پانی کی ضرورت  ہوتی ہے، کو دیہرنگ ڈیم میں ذخائر میں کمی کی وجہ سے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ اسے  بیرونی ذرائع سے پانی کی ضرورت پوری کرنی پڑرہی ہے۔  تاہم ہفتے میں ایک بار پانی کٹوتی کے باوجود مکینوں کوپریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
۱۹۶۴ء میں تعمیر کیا گیا دیہرنگ ڈیم، جو پنویل سے ۱۵؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، ۲۷۷؍ایکڑ پر پھیلا ہوا۔ برسوں کے دوران ماتھیران کی پہاڑیوں  کے پتھر اورمٹی گرنے سے اس کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کم ہوگئی جس کے سبب فوری طور پر اسے نکالنے کے اقدامات کی ضرورت تھی۔ سماجی کارکن اتل جیت پال نے کہا کہ ’’ڈیم جلد بھر گیا ہے کیونکہ اس میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کم ہو گئی ہے۔ مانسون ختم ہونے کے بعد ڈیم میں پانی زیادہ دیر نہیں رہتا ہے۔ اپریل تک یہ تقریباً خالی ہو جاتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’پانی کے نئے ذرائع  کے ذریعےاس مسئلہ کو مستقل طورپرحل کی ضرورت ہے  ساتھ ہی سڈکو اور ایم جے پی کی  پائپ لائنوں کی مرمت کی ضرورت ہے جو بارہا لیک ہوتی رہتی ہیں۔‘‘
ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق  پی ایم سی کے ڈپٹی انجینئر (واٹر سپلائی) ولاس چوان یہ تسلیم کرتے ہیں کہ  ڈیم سے پانی سپلائی عارضی  نوعیت  کی مدد ہے۔ انہوں نے پنویل کی آبادی میں اضافے کے پیش نظر پانی کے اضافی ذرائع کی ضرورت پر زور دیا۔اسی کے تحت  ڈولوال ڈیم اور پتل گنگا ندی سے پانی حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کی ہدایات پر آبی وسائل کے محکمے نے مارچ میں  پتل گنگاندی  سے۳ء۶۵؍ ایم سی ایم  پانی پینے کے مقاصد کیلئے منظور کیا تھا۔ یہ پنویل کیلئے روزانہ اضافی۱۰؍ ملین لیٹر پانی کو یقینی بنائے گا۔  ولاس چوان نے کہا کہ ’’ہم اس پر حکومت کے حتمی حکم کا انتظار کر رہے ہیں۔ معاہدے پر جلد ہی دستخط ہونے والے ہیں۔‘‘

نہوا شیوا واٹر سپلائی پروجیکٹ کے تیسرے مرحلے کے تحت  نئی پائپ لائن بچھانے کی ٹائم لائن کے بارے میں، جوایم جے پی   اورایم آئی ڈی سی  سےپنویل میونسپل کارپوریشن کو پانی فراہم کرے گی۔ ولاس چوان نے مزید کہاکہ یہ کام جاری ہے اور ہمیں بتایا گیا ہے کہ یہ ستمبر تک مکمل ہو جائے گا۔  اس سے ان رساؤ کم کرنے میں بھی مدد ملے گی جو پہلے زیادہ ہوتے تھے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK