• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مِٹھ چوکی پربریج کی تعمیرمیں تاخیر ،شہری پریشان

Updated: July 11, 2024, 11:08 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

۲۶؍ جنوری ۲۰۲۲ءکو بھومی پوجن ہوا اور۲؍سال کے اندر کام پورا کرنے کاوعدہ کیا گیا مگر۳۱؍ماہ بعد بھی آدھا کا م ہوا ہے؛

The citizens are facing serious problems. Photo: INN
ماروے منی بریج کی تعمیر سےشہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تصویر :آئی این این

مِٹھ چوکی (ماروے روڈ )پر بریج کی تعمیرمیں تاخیر اور زبردست ٹریفک جام سےشہری ۳۱؍مہینے سے پریشان ہورہے ہیں۔صبح وشام ہی کے اوقات میںہی نہیں بلکہ رات میں۱۱؍بجے کے بعد بھی گاڑیوں کی لمبی قطار میں لوگ پھنسے رہتے ہیں۔ بعض دفعہ تو ایسا ہوتا ہے کہ ٹریفک جام کے سبب مالونی یا گنیش نگر یا قریب کے دیگر علاقوں سے ملاڈ پہنچنے میں اتنا وقت لگ جاتا ہے کہ اس سے کم وقت میں ممبئی پہنچا جاسکتا ہے۔ 
ٹریفک جام سے نجات اورشہریوں کی پریشانی کا حل نکالنے کے لئے مٹھ چوکی پر ولنئی میٹرو اسٹیشن سے متصل ماروے روڈ پربریج کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ۔ ۲۶؍جنوری ۲۰۲۲ءکو اس بریج کا بھومی پوجن کیا گیا اور ۲؍سال کے اندر بی ایم سی کی جانب سے کام پورا کرنے کا یقین دلایا گیا مگر ا ب تک آدھا کا م ہواہے ۔اس بریج کا ایک حصہ ماروے روڈ پر تو دوسرا لنک روڈ پر زینتھ اسپتال کی جانب ہوگا ۔
بڑی گاڑیاں نہیں گزرسکیں گی 
چونکہ یہ بریج میٹرو بریج کے نیچے بنایا جارہا ہے اس لئے اس پربڑی گاڑیوں کی آمدورفت ممنوع ہوگی ۔ایک تویہ بریج اتنا بوجھ برداشت نہیں کرسکے گا، دوسرے اونچائی بھی اتنی نہیں ہے کہ بڑی گاڑیاں آسانی سے گزر سکیں۔ 
شہریوں کی زبانی 
آٹو رکشا ڈرائیورعبدالرحمٰن انصاری نے کہاکہ ’’ ٹریفک جام سے طبیعت عاجزآجاتی ہے۔دھندہ بھی متاثر ہوتا ہے، ہم بھی پریشان ہوتے ہیںاورمسافر بھی ۔ امید تھی کہ بریج کا کام جلد ہوجائے گا توشاید کچھ راحت مل جائے مگر بریج کی تعمیر مکمل ہی نہیںہورہی ہے ۔ بی ایم سی کوتیزی سے کام کرنا چاہئے اورایسا کوئی بھی پروجیکٹ وقت پر پورا کرنے کےلئے کنٹریکٹر کے ساتھ سختی کی جانی چاہئے۔‘‘
 چارکوپ سے چرچ گیٹ سفر کرنے والے عبدالعظیم خان نے بتایاکہ’’ ٹریفک جام سےاس قدر پریشانی ہوتی ہے کہ دل چاہتا ہے کسی اور جگہ سکونت اختیار کرلی جائے مگرحالات اس کی اجازت نہیں دیتے۔ مجبوراً یہ پریشانی جھیل رہے ہیں ۔ ‘‘
رام جی کنوجیا نے کہاکہ’’ اگر کبھی ملاڈ جانا ہوتا ہے تویہ سوچنا پڑتا ہے کہ کس وقت نکلیں کہ ٹریفک سے کچھ راحت رہے ۔ اس لئے کہ ملاڈ آنے جانے میںاتنا وقت لگ جاتا ہے کہ ا س سے پہلے ہم ٹرین سے ممبئی سینٹرل پہنچ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مٹھ چوکی پر کافی دنوں سے بریج کی تعمیر کی جارہی ہے جس سے اورمشکل بڑھ گئی ہے مگر کام مکمل ہی نہیں ہورہا ہے ، دیکھئے  یہ مشکل کب آسان ہوتی ہے؟‘‘ 
تاخیر کا اعتراف اوراکتوبر تک کام پورا کئے جانے کا وعد ہ
پی نارتھ وارڈ کے وارڈ آفیسر کرن دیگاؤنکر نے نمائندۂ انقلاب کے استفسار پر اکتوبر تک کام پورا کئے جانے کا وعدہ کیا ۔وارڈ آفیسر نے یہ بھی اعتراف کیا کہ بارش کے سبب کا م میں تاخیر ہوئی  لیکن اب مزید تاخیر نہیں ہوگی ۔ آنے والے وقتوں میںشہریو ںکو اس بریج سے کافی سہولت ہوگی ، ٹریفک جام کا مسئلہ بھی اسی طرح حل ہوجائے گا جیسے ملاڈ میںسب وے سے پہلے باٹا شوروم اورمتصل حصے میںایس وی روڈ کی توسیع کرنے سے ہوا ہے ۔‘‘
کا م پورا۳؍ ماہ بعد ہوگا مگر خرچ ۱۲؍ کروڑ روپے بڑھ گیا 
اس بریج کی تعمیر پرخرچ کا تخمینہ ۵۳؍کروڑ روپے تھا جو بڑھ کر۶۵؍ کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔یہ بھی اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگر واقعی بی ایم سی کے وعدے کے مطابق تین ماہ میںکام مکمل ہوگیا توکہیں اوربھی خرچ میں اضافہ نہ ہو جائے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK