• Sun, 17 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی میں ٹی بی کے خلاف ٹیکہ کاری مہم شروع ہونے میں تاخیر !

Updated: November 06, 2024, 12:30 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

کارکنوںکی قلت کے سبب شہر میں مہم شروع نہیں ہوسکی۔ ۲۰۲۵ء تک تپ دق ختم کرنےکیلئے پورے ملک میں جامع مہم شروع کی گئی ہے

A hospital in Sewri where TB patients are treated. (File Photo)
سیوری کا اسپتال جہاں ٹی بی کے مریضوں کا علاج کیا جا تا ہے۔(فائل فوٹو)

ٹی بی ( تپ دق ) سے پاک ہندوستان مہم کے تحت ممبئی میونسپل کارپوریشن کا ۱۰؍ لاکھ افراد کو BACILLUS  CALMETTE -GUERIN(بی سی جی) ٹیکہ لگانے کا منصوبہ ہے لیکن طبی کارکنوں کے بار بار احتجاج کرنے سے ٹی بی کے سروے کا کام ابھی مکمل نہیں ہوسکا ہے جس کی وجہ سے ممبئی میں مہم شروع نہیں کی گئی ہے جبکہ ریاست کے دیگر اضلاع میں تقریباً ۱۲؍ لاکھ افراد کو ٹیکہ لگا یا جاچکا ہے ۔
  واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ۲۰۲۵ء تک ملک سے ٹی بی ختم کرنے کا نعرہ دیاہے ۔اسی تعلق سے ملک بھر میں ٹی بی کے خلاف ایک جامع مہم شروع کی گئی ہے ۔ اس کے مطابق مہاراشٹر میں بھی ۱۸؍سال سے زیادہ عمر کے افرادکو مذکورہ ٹیکہ لگایا جا رہا ہے ۔ مہاراشٹر میں ۳؍ستمبر ۲۰۲۴ء سے مہم شروع کی گئی ہے ۔گزشتہ ۲؍مہینے میں ریاست کے ۱۲؍لاکھ ۳۰؍ہزار ۳۶۲؍افراد کو ٹیکہ لگایا جاچکاہے لیکن ممبئی شہر و مضافات میں یہ مہم بی ایم سی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے کارکنوں کے بار بار احتجاج پر جانے سے ابھی تک شروع نہیں ہوسکی ہے ۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن نے ۱۸؍سال سے زیادہ عمر کے ۶؍ ہائی رسک گروپ کا انتخاب کیا ہے ۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ بی ایم سی محکمہ صحت نے اس گروپ کے ۱۰؍ لاکھ افراد کو ٹیکے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔
 وزیراعظم نریندر مودی نے ۲۰۲۵ء تک `ٹی بی فری انڈیاکا نعرہ دیا ہے ۔ اسی مناسبت سے ملک بھر میں تپ دق کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے ۔ مہاراشٹر کے مختلف اضلاع میں ۱۸؍ سال سے زیادہ عمر کے ہر شہری کو بی سی جی ویکسین دی جا رہی ہے۔ اس انسداد تپ دق مہم کو ریاست سے اچھا  رسپانس مل رہا ہے۔ گزشتہ ۲؍ماہ میں ممبئی کو چھوڑ کر ریاست کے ۱۲؍لاکھ ۳۰؍ ہزار ۳۶۲؍ افراد کو ٹیکہ لگایاگیا ہے ۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں سب سے زیادہ ۲؍لاکھ ۷؍ہزار ۷۹۵؍ افراد کو ٹیکہ لگایا گیا ہے ۔ اسی طرح سانگلی میں ایک لاکھ ۱۰؍ ہزار۹۱۹؍، دھولیہ میں ۹۰؍ ہزار ۶۵۷؍ اور پونے میں ۷۰؍ہزار ۲۷۷؍افرادکو بی سی جی ویکسین دی گئی ہے ۔
 تپ دق سے پاک ہندوستان مہم کے تحت جن شہریوں کو بی سی جی ویکسین دی جاتی ہے ان کا اگلے ۳؍سال تک باقاعدگی سے معائنہ کیا جائے گا ۔ ریاستی تپ دق کے خاتمے کے محکمے کے ایک اہلکار کےمطابق اس مہم کا بنیادی مقصد بزرگ شہریوں اور بیمار مریضوں کو تپ دق سے بچانا اور عمررسیدہ افراد پر ویکسین کے اثر کو جانچنا ہے۔جتنی جلد جانچ ہوگی علاج بھی جلد شروع ہوسکےگا۔
 مذکورہ ٹیکہ کاری مہم کے تعلق سے سیوڑی اسپتال کے سابق سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر للت آنندی سے گفتگو کرنےپر انہوں نے کہا کہ ’’ میری توسمجھ میں نہیں آرہاہےکہ بی سی جی ٹیکہ لگانے کے باوجود ہندوستانیوں میں ٹی بی کی شکایت اتنی بڑی تعداد میں کیو ں پائی جا رہی ہے ۔ ۱۹۶۰ء سے یہ ٹیکہ کاری مہم جاری ہے ۔ ۱۰۰؍فیصد ہندوستانی یہ ٹیکہ لگاچکے ہیں ۔ اب نئے سرے سے ٹیکہ لگانے کی کیا ضرورت پیش آگئی ہے وہ سمجھ میں نہیں آ رہا ہے ۔ میں اس مہم سےمتفق نہیں ہوں۔‘‘  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK