• Thu, 09 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

دہلی اسمبلی الیکشن کی بساط بچھ گئی ، ۵؍ فروری کو پولنگ، ۸؍ فروری کو نتائج کا اعلان

Updated: January 07, 2025, 11:03 PM IST | New Delhi

ضابطۂ اخلاق کا نفاذ، چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کی پریس کانفرنس ،ای وی ایم پر اٹھنے والے سوالات کو پھر مسترد کردیا ، منصفانہ الیکشن کرانے کا دعویٰ

Chief Election Commissioner Rajiv Kumar announcing the Delhi elections at a press conference. (PTI)
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار پریس کانفرنس میں دہلی الیکشن کا اعلان کرتے ہوئے۔(پی ٹی آئی )

 الیکشن کمیشن نے دہلی اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے دہلی کے وگیان بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی  کے ۷۰؍اسمبلی حلقوں میں ایک ہی مرحلے میں ۵؍ فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ ووٹوں کی گنتی ۸؍ فروری کو ہو گی۔ انہوں نے اپنے ساتھی الیکشن کمشنرس  کے ساتھ پریس کانفرنس میں تفصیلات دیں۔اس دوران انہوں نے ای وی ایم کے محفوظ ہونے  سے متعلق  اٹھنے والے سوالات کو ایک مرتبہ پھر مسترد کردیا اور کہا کہ ووٹنگ مشینیں نہایت محفوظ ہیں ۔ اس لئے ان پر بلاوجہ سوال اٹھانا ٹھیک نہیں ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کے مطابق سپریم کورٹ بھی کئی مرتبہ اپنے فیصلوں اور تبصروں میں کہہ چکا ہے کہ ای وی ایم پر سوال اٹھانے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی اس لئے  یہ سوال اور شکو ک و شبہات اب بند ہوجانے چاہئیں۔ 
   راجیو کمار نے دہلی الیکشن کے تعلق سے پریس کانفرنس میں جو تفصیلات جاری کیں ان کے مطابق انتخابات کا گزٹ نوٹیفکیشن ۱۰؍ جنوری کو جاری ہو گا جبکہ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ۱۷؍ جنوری مقرر کی گئی ہے، جبکہ نامزدگیوں کی جانچ پڑتال ۱۸؍ جنوری کو کی جائے گی۔ امیدواروں کو ۲۰؍ جنوری تک اپنے نام واپس لینے کی اجازت ہوگی۔ ووٹنگ ۵؍فروری کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی ۸؍ فروری کو ہوگی۔ انتخابی عمل ۱۰؍ فروری تک مکمل کر لیا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوران شفافیت اور منصفانہ عمل کو یقینی بنانے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق  الیکشن کے اعلان کے ساتھ ہی نافذ ہو گیا ہےجس کے تحت سرکاری اسکیموں کے اعلانات اور دیگر ترقیاتی کاموں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
  چیف الیکشن کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت کو مضبوط بنانے کے  لئے بڑھ چڑھ کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔قبل ازیں، پیر کو الیکشن کمیشن نے دہلی کی حتمی ووٹر لسٹ جاری کی تھی جس کے مطابق اس مرتبہ دہلی میں کل ایک کروڑ ۵۵؍ لاکھ ۲۴؍ ہزار ۸۵۸؍ووٹرز رجسٹرڈ ہیں اور اس مرتبہ یہ ووٹرس دہلی کی نئی حکومت کا فیصلہ کریں گے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق۲۰۲۰ءکے اسمبلی انتخابات کے مقابلے میں اس بار دہلی میں۷ء۲۶؍ لاکھ نئے ووٹرز شامل ہوئے ہیں جبکہ۲۰۲۴ءکے لوک سبھا انتخابات کے مقابلے میں ووٹرس کی تعداد میں ۳ء۱۰؍ لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔
  یاد رہے کہ دہلی کے پچھلے دو اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔۲۰۱۵ء کے الیکشن میں اس نے ۷۰؍ میں سے ۶۷؍ سیٹیں جیت کر تاریخی کامیابی حاصل کی تھی جبکہ  ۲۰۲۰ء کے الیکشن میں اسے ۶۲؍ سیٹیں ملی تھیں۔ اس الیکشن میں بی جے پی کو ۸؍نشستیں ملی تھیں  جبکہ کانگریس پچھلے دو انتخابات میں ایک بھی نشست نہیں جیت سکی ہے۔بی جے پی، عام آدمی پارٹی اور کانگریس نے اس مرتبہ کے انتخابات کے  لئے پوری طاقت  جھونک دی  ہے۔ پچھلے پانچ دنوں میں وزیر اعظم مودی نے دو بڑی ریلیاں کی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK