شمال مشرقی دہلی میں سب سے زیادہ ۸۳ء۶۳؍ فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی،بی جے پی کا عام آدمی پارٹی پرفرضی ووٹنگ کروانے جبکہ ’آپ‘ کا بی جے پی پر پیسے بانٹنے کا الزام۔
EPAPER
Updated: February 06, 2025, 1:42 PM IST | Agency | New Delhi
شمال مشرقی دہلی میں سب سے زیادہ ۸۳ء۶۳؍ فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی،بی جے پی کا عام آدمی پارٹی پرفرضی ووٹنگ کروانے جبکہ ’آپ‘ کا بی جے پی پر پیسے بانٹنے کا الزام۔
قومی راجدھانی دہلی میں اسمبلی انتخابات کیلئے شام۷؍بجے تک۸۹ء۵۷؍ فیصد ووٹنگ ہو ہوئی۔ شمال مشرقی دہلی میں سب سے زیادہ ۸۳ء۶۳؍ فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ یہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ منوج تیواری کا پارلیمانی حلقہ ہے۔ صدر دروپدی مرمو، لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ، وزیر خارجہ ایس جے شنکر، وزیر اعلیٰ آتشی اور راہل گاندھی نے اپنا ووٹ ڈالا۔ اس کے علاوہ پرینکا گاندھی نے اپنی ماں سونیاگاندھی، شوہر رابرٹ واڈرا اور بیٹے کے ساتھ اپنا ووٹ ڈالا۔ اروند کیجریوال اپنے والدین کو وہیل چیئر پر لے کر ووٹ ڈالنے پہنچے۔ انتخابات کےدو ران بی جے پی اورعام آدمی پارٹی(آپ) نے ایک دوسرے پر الزامات کاسلسلہ بھی جاری رکھا۔ بی جے پی نے جہاں آپ پرفرضی ووٹ ڈلوانے کا الزام لگایاوہیں آپ نے بی جےپی پر۲؍ ہزار سے ۳؍ ہزار روپے تک بانٹنے کے الزامات لگائے۔
بی جےپی اور آپ کے ایکدوسرے پر الزامات
بی جے پی نے الزام لگایا کہ سیلم پور میں برقعہ پوش خواتین کو جعلی ووٹ ڈالنے کیلئے بلایا گیا۔ اس دوران آپ اور بی جے پی کے حامی آپس میں ٹکرا گئے جس سے افراتفری مچ گئی۔ برقع، مبینہ غیر ضروری بیریکیڈنگ، پیسے بانٹنے اور پولیس پر جانبداری کے الزامات نے انتخابی ماحول کو مزید گرم کر دیا۔ جنگ پورہ اسمبلی حلقے میں عام آدمی پارٹی کے امیدوار منیش سیسودیا نے ایک عمارت کے باہر پہنچ کر الزام عائد کیا کہ یہاں خواتین کو ووٹ دینے کے عوض پیسے دیے جا رہے ہیں۔ عمارت کے باہر بی جے پی کے پولنگ ایجنٹوں نے اپنی میزیں لگا رکھی تھیں اور دہلی پولیس کے اہلکار تعینات تھے۔ منیش سیسودیا کی پولیس اہلکاروں سے بھی تلخ کلامی ہوئی جس کے بعدآپ اور بی جے پی کارکنان نے نعرے بازی شروع کر دی۔
سیلم پور اسمبلی حلقے میں بی جے پی کارکنان نے عام آدمی پارٹی پر برقع پوش خواتین کے ذریعے فرضی ووٹنگ کرانے کا الزام لگایا۔ بی جے پی کے کارکن بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشن کے باہر جمع ہو گئے اور آپ کارکنوں کے ساتھ نوک جھونک شروع ہو گئی۔ دہلی پولیس نے دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کو منتشر کر کے حالات کو قابو میں کیا۔
دہلی پولیس نے سیلم پور میں فرضی ووٹنگ کے الزامات کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ دو ووٹروں کے یکساں نام اور پتے کی وجہ سے غلط فہمی پیدا ہوئی تھی، تاہم کوئی فرضی ووٹنگ نہیں ہوئی۔ پریسائیڈنگ افسر نے انتخابی ضوابط کے مطابق معاملہ حل کیا اور دونوں ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی۔
دوسری جانب آپ لیڈر سنجے سنگھ نے الزام لگایا کہ ان کی پارٹی کے ایک کارکن کو دہلی پولیس نے حراست میں لے کر مندر مارگ تھانے منتقل کیا ہے۔ پولیس نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ کارکن کو اس لیے حراست میں لیا گیا کیونکہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ سیاسی جماعت کی میز پر زبردستی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
چراغ دہلی علاقے میں بیریکیڈنگ کے معاملے پر جنوبی دہلی کے ڈی سی پی انکت چوہان اور آپ لیڈر سوربھ بھاردواج کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ سوربھ بھاردواج نے دہلی پولیس پر رائے دہندگان کو خوفزدہ کرنے اور غیر ضروری بیریکیڈ لگا کر ووٹنگ مراکز تک رسائی کو مشکل بنانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس جان بوجھ کر پولنگ بوتھوں کے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے تاکہ ووٹروں کی حوصلہ شکنی ہو۔ انکت چوہان نے جواب میں کہا کہ صرف معمر اور معذور افراد کو گاڑی کے ذریعے پولنگ اسٹیشن کے اندر آنے کی اجازت ہے اور یہ ضابطہ تمام مراکز پر یکساں لاگو ہے۔
سنجے سنگھ کے مزیدالزامات
آپ کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے کہا کہ نارتھ ایونیو این بلاک میں دوسے تین ہزار روپے تقسیم کیے گئے اور لوگوں کی انگلیوں پر سیاہی لگائی گئی۔ یہ سب الیکشن کمیشن کی ناک کے نیچے ہو رہا ہے۔ ووٹنگ کے دوران آپ کے ۲؍ایم ایل ایز کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ فلائنگ کس دینے پر ایک خاتون نے دنیش موہنیا کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔ اوکھلا کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا۔
راگھو چڈھا کے الزامات
اس دوران آپ کے رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا نے کئی پولنگ بوتھوں پرپولنگ ایجنٹوں کو ’یرغمال‘ بنا کر رکھنے کا الزام لگایا۔ معاملہ یہ تھاکہ کئی پولنگ بوتھوں پر ریلیورس کوجو پولنگ ایجنٹ کے طورپر کام کرتے ہیں ، پولنگ بوتھوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دینے کا معاملہ سامنے آیا۔ اس طرح پولنگ ایجنٹ ضروریات کیلئے باہر نہیں جاسکتے تھے۔ اس پر راگھو چڈھا نے کہا کہ ریلیورس کو پولنگ ایجنٹ کا درجہ حاصل ہوتا ہے لیکن نئی دہلی اسمبلی حلقے کے کئی پولنگ بوتھوں میں اندر جانے سے روکا گیا۔ ’آپ‘ کے سربراہ اروند کیجریوال نے اس معاملے پر ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ یہ بہت بڑی ناانصافی ہے۔ ریلیورس کو داخل ہونے سے کیسے روکا جا سکتا ہے؟ اگر کسی بوتھ ایجنٹ کو ـضرورت کے تحت باہر جانا پڑے تو کیا اسے روکا جائے گا؟ اس کی جگہ ریلیورس ہی جائے گا۔ یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ بوتھ ایجنٹوں کو اس طرح بند نہیں رکھا جا سکتا۔
ایگزٹ پول میں بی جےپی کی جیت کی پیشگوئی
ڈی وی ریسرچ، چانکیہ اسٹرٹیجز، جے وی سی، پول ڈائری، پی مارگ، پیپلز انسائٹ اور پیپلز پلس جیسے اداروں نے اپنے انتخابی جائزوں میں بی جےپی کی فتح کی پیشگوئی کی ہے۔ ان ایگزٹ پولز کے مطابق بی جےپی ۳۵؍ سے ۶۰؍ جبکہ آپ۳۲؍ سے ۳۷؍ سیٹوں پرجیت رہی ہے۔