کانگریس کا دعویٰ، بی جے پی اور’ آپ‘ کیلئے دہلی کی زمین تنگ، وزیراعلیٰ آتشی کا بدھوڑی کے بیٹے پر ووٹرس کو دھمکانے کا الزام، بی جے پی کاعام آدمی پارٹی پرنشانہ۔
EPAPER
Updated: February 05, 2025, 11:11 AM IST | Agency | New Delhi
کانگریس کا دعویٰ، بی جے پی اور’ آپ‘ کیلئے دہلی کی زمین تنگ، وزیراعلیٰ آتشی کا بدھوڑی کے بیٹے پر ووٹرس کو دھمکانے کا الزام، بی جے پی کاعام آدمی پارٹی پرنشانہ۔
دہلی میں اسمبلی انتخابات کیلئے ہونے والی پولنگ سے ایک دن قبل تمام سیاسی جماعتوں نےایک دوسرے کو گھیرنے، اسے نیچا دکھانے اور رائے دہندگان میں اسے متنفر کرنے کیلئے زبانی جنگ کی اور جم کر ایک دوسرے پر الزام تراشیاں کیں۔ اس دوران جہاں کانگریس نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی اور آپ کیلئے دہلی کی زمین تنگ ہوچکی ہے، وہیں ریاستی وزیراعلیٰ آتشی نے زعفرانی پارٹی پر الزام عائد کیا کہ شکست کے خوف سے بی جے پی لیڈر رمیش بدھوڑی کا بیٹا رائے دہندگان کو دھمکا رہا ہے۔ اسی طرح بی جے پی نے دونوں ہی جماعتوں کو نشانہ بنایا۔
انتخابی مہم ختم ہونے سے قبل دہلی کانگریس کے سربراہ دیویندر یادو نے ایک بائیک ریلی نکالی تھی جس میں بڑے پیمانے پر عوام نے شرکت کی تھی۔ اس طرح کی عوامی حمایت سے سرشار دیویندر یادو نے کہا کہ اب میں کہہ سکتا ہوں کہ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کیلئے دہلی کی زمین تنگ ہو رہی ہے۔ اس دفعہ دہلی کے لوگ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے جھوٹے وعدوں میں پھنسنے والے نہیں ہیں کیونکہ ان دونوں پارٹیوں نے۱۱؍ سال قبل عوام سےجو وعدے کئے تھے، ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس شیلا دکشت کے ۱۵؍ سالہ دور حکومت میں جو ترقی ہوئی تھی، اس کو بھی ان دونوں جماعتوں نے تباہ و برباد کر دیا ہے۔ کانگریس لیڈر نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے تباہ کن دور میں دہلی ترقی کے معاملے میں ۵۰؍ سال پیچھے چلی گئی ہے۔
دریں اثنا کانگریس نے بی جے پی اور’آپ‘ پر خواتین مخالف ہونے کا بھی الزام عائد کیا۔ کانگریس کی شعبہ خواتین کی سربراہ الکا لامبا نے منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ صبح سے ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں سابق وزیر اعلیٰ مدن لال کھورانہ کے بیٹے اور دہلی کے موتی نگر اسمبلی حلقے سے بی جے پی امیدوار ہریش کھورانہ اپنی ہی پارٹی کی رکن پارلیمان بانسوری سوراج سمیت خواتین کے خلاف توہین آمیز تبصرے کر رہے ہیں۔ اس ویڈیو میں وہ خواتین کیلئے نہ صرف نازیبا زبان استعمال کررہے ہیں بلکہ ٹکٹ کے بدلے جنسی استحصال جیسے قابل اعتراض بیانات بھی دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہریش کھورانہ نے خواتین کے جنسی استحصال کے بارے میں جو کچھ کہا، وہ انتہائی شرمناک ہے۔ بی جے پی سیاست کو کس سطح پر لے آئی ہے؟ وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی صدر جے پی نڈا جیسے کئی بڑے لیڈر ہریش کھورانہ کیلئے انتخابی مہم چلا چکے ہیں۔ ان سب کو اس ویڈیو پر وضاحت دینی چاہئے۔ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ بی جے پی خواتین کی توہین کررہی ہے۔ رمیش بدھوڑی کے بیانات مسلسل خواتین مخالف رہے ہیں۔ بی جے پی لیڈر او پی شرما بھی خواتین کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرچکے ہیں۔ ‘‘
الکا لامبا نے کہا کہ بی جے پی دہلی میں الیکشن ہارنے والی ہے۔ اس کا طرز عمل، کردار اور چہرہ پوری طرح سے دہلی والوں کے سامنے ہے۔ یہ لوگ صرف طاقت اور پیسے کا استعمال کرکے الیکشن جیتنا چاہتے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کا کرداربھی کچھ الگ نہیں ہے۔ اس کے یہاں بھی خواتین کی توہین عام ہے۔ ایم پی سواتی مالیوال کے ساتھ تشدد کیا گیا اور بدتمیزی کی گئی۔ اروند کیجریوال کے ذریعہ دہلی کی خاتون وزیر اعلیٰ آتشی جی کو عارضی کہہ کر اُن کی توہین کی گئی۔ یہ ظاہرکرتا ہے کہ بی جے پی اور’آپ‘ میں خواتین کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ ‘‘
اسی طرح عام آدمی پارٹی نے بھی بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ ووٹنگ سے ایک دن قبل وزیر اعلیٰ آتشی نے بی جے پی امیدوار رمیش بدھوڑی کے بیٹے منیش بدھوڑی پرسنگین الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ منیش اپنےتین چارساتھیوں کے ہمراہ جے جے کیمپ اور گری نگر کے علاقوں میں لوگوں کو دھمکا رہے تھے۔ شکایت درج کرانے کے بعد پولیس نے انہیں حراست میں لیا ہے۔ آتشی نے کہا کہ پولیس سے شکایت کے بعد کارروائی کی گئی ہے۔ امید ہے کہ ان کے خلاف سخت قدم اٹھایا جائے گا۔
ایسے میں بی جے پی کہاں خاموش رہنے والی ہے۔ اس کے لیڈر اجے آلوک نے کہ ’’عام آدمی پارٹی اب انتشار پسند پارٹی بن چکی ہے۔ آتشی جی کو پتہ ہونا چاہئے کہ وہ دہلی کی سی ایم ہیں، انہیں سوچ سمجھ کر زبان کھولنی چاہئے۔ کیجریوال بھی الیکشن کمیشن کے بارے میں جھوٹے بیانات دے رہے ہیں۔ کیجریوال اب ’کپٹی وال‘بن گئے ہیں۔ ‘‘بی جے پی کے رکن پارلیمان منوج تیواری نے بھی ’آپ‘ پر حملہ کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہلی میں بی جے پی حکومت بنانے جا رہی ہے۔ اس بار اروند کیجریوال خود الیکشن ہار رہے ہیں اور وزیراعلیٰ آتشی بھی الیکشن ہار رہی ہیں۔ ‘‘