Inquilab Logo

ٹماٹر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف دہلی حکومت نے کارروائی کی ہدایت دی

Updated: November 25, 2021, 8:57 AM IST | new Delhi

فوڈ اینڈ سوِل سپلائی کے وزیر عمران حسین نے بازاروں میں ٹماٹروں کی خردہ قیمتوں میں مسلسل اضافے سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا

Action will be taken against hoarders in view of rising tomato prices
ٹماٹر کے بڑھتے ہوئے داموںکے پیش نظر ذخیرہ اندوزوں کے خلا ف کارروائی کی جائیگی

دہلی کے فوڈ اینڈ سوِل سپلائی کے وزیر عمران حسین نے دہلی میں ٹماٹر کی قیمتوں میں اچانک اضافہ پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور  ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور سخت مہم چلانے کی ہدایت کی ہے۔ عمرا ن حسین نے بدھ کے روز دہلی کے بازاروں میں ٹماٹروں کی خردہ قیمتوں میں مسلسل اضافے سے پیدا ہونے  والی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے فوڈ اینڈ سول سپلائی کمشنر کو ہدایت کی کہ فوڈ سپلائی ڈپارٹمنٹ کے مارکیٹ انٹیلی جنس یونٹ کو فوری طور پر منڈی میں ٹماٹر کی قیمتوں میں اچانک اضافے کی وجوہات جاننے کیلئے کارروائی کی جائے۔کمشنر، فوڈ اینڈ سول سپلائی (سی ایف ایس)، جوائنٹ کمشنر، (سی ایف ایس) اور فوڈ اینڈ سپلائی ڈپارٹمنٹ کی انٹیلی جنس ٹیم کے سینئر افسران نے دہلی کے بازاروں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کی وجوہات جاننے کیلئے میٹنگ میں حصہ لیا۔انہوں نے پیاز، آلو اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں سے متعلق رجحانات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی ضروری اشیاء کی ذخیرہ اندوزی کی سرگرمیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کریں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مارکیٹ انٹیلی جنس ٹیمیں ٹماٹروں کی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ سے متعلق معلومات بھی اکٹھی کریں تاکہ متعلقہ محکمے اشیائے ضروریہ کے قانون کے تحت مناسب کارروائی کر سکیں۔حسین نے محکمہ خوراک اور شہری سپلائی کو ہدایت دی کہ وہ آزاد پور منڈی، اوکھلا منڈی، غازی پور منڈی، کیشو پور منڈی وغیرہ جیسی تھوک منڈیوں کا گہرا معائنہ کریں۔ انہوں نے ضروری اشیاء کی قیمتوں میں استحکام کے لیے دہلی کے مختلف حصوں میں خوردہ بازاروں کا معائنہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ذخیرہ اندوزوں، کالا بازاری کرنے والوں وغیرہ کے خلاف موثر کارروائی کے لیے محکمہ خوراک اور  سول سپلائی دہلی ایگریکلچرل مارکیٹنگ بورڈ(ڈی اے ایم بی)کی خدمات بھی لے سکتا ہے۔عمران حسین نے یقین دلایا کہ جہاں بھی ضرورت ہوگی دہلی حکومت دارالحکومت میں ضروری اشیاء کی قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK