• Mon, 06 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’دہلی حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر تنازعات کو ہمیشہ کیلئے حل کریں‘‘

Updated: January 04, 2025, 4:41 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

سپریم کورٹ کا تبصرہ، ’فرشتے دلی کے ‘نامی اسکیم کے متعلق دہلی سرکار اور ایل جی کے درمیان تنازع چل رہا ہے۔

Vinai Kumar Saxena. Picture: INN
ونئے کمار سکسینہ۔ تصویر: آئی این این

دہلی حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر کے درمیان جاری رسہ کشی پر سپریم کورٹ نے تبصرہ کیا ہے کہ’’دہلی حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر  تنازعات کو ہمیشہ کیلئے حل کریں۔‘‘ فنڈ کے تنازع کے متعلق ایک معاملے کی شنوائی   میں سپریم کورٹ نے یہ تبصرہ کیا ہے۔ عدالت نے یہ تبصرہ سڑک حادثات کے متاثرین کے لیے بنائی گئی اسکیم کے لیے فنڈز جاری ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد کیا۔ اس اسکیم کے تحت لوگوں کو سڑک حادثات کے متاثرین کو بچانے کے لیے ترغیب دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ اس اسکیم کے تحت حکومت ایسے متاثرین کے اسپتال کے بل بھی ادا کرتی ہے۔جسٹس بی آر گوئی اور جسٹس کے وی وشواناتھن کی بینچ نے یہ تبصرہ اس وقت کیا جب دہلی حکومت نے کہا کہ اس کی اسکیم `’فرشتے دلی کے‘ کے لیے فنڈز منظور کیے گئے ہیں، جو شہر کے اسپتالوں میں سڑک حادثے کے متاثرین کو مفت طبی علاج فراہم کرتی ہے۔ عدالت زیر التواء بلوں کی ادائیگی، پرائیویٹ اسپتالوں کو ادائیگی جاری کرکے اسکیم کو بحال کرنے اور اسے جان بوجھ کر بند کرنے کے ذمہ دار افسران کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کرنے کی درخواست پر سماعت کر رہی تھی۔
  دہلی حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل شادان فراست نے عدالت عظمیٰ کے نوٹس کے بعد دسمبر۲۰۲۳ء میں فنڈز جاری کرنے کے بارے میں بینچ کو آگاہ کیا۔ دسمبر ۲۰۲۳ء  میں، دہلی حکومت پر اس اسکیم کے لیے فنڈز روکنے کا الزام لگانے کے بعد، سپریم کورٹ نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنرکے دفتر اور دیگر سے جواب طلب کیا تھا۔ بلوں کی عدم ادائیگی کو اسکیم کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے، پٹیشن میں محکمہ صحت کے افسران کی بے عملی اور بدانتظامی کا الزام لگایا گیا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت اور خاندانی بہبود اور متعلقہ وزیر کی جانب سے پرائیویٹ اسپتالوں کے زیر التواء بلوں کی ادائیگی کے حوالے سے بار بار یاددہانی اور ہدایات کے باوجود، کوتاہی کرنے والے افسران نے نہ تو بل ادا کیے اور نہ ہی ان کے خلاف کارروائی کی، جو نجی اسپتالوں کو بروقت ادائیگی کرتے ہیں۔

’’آپ نے دہلی کے  ۹؍مندروں کو گرانے کی سفارش کی تھی‘‘ 
دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) ونئے کمار سکسینہ کے دفتر سے جاری بیان نے سیاسی گلیاروں میں ہلچل مچا دی ہے۔ یہ بیان ایسے  وقت جاری کیا گیا ہے جب وزیر اعلیٰ آتشی نے ایک خط لکھ کر دعویٰ کیا تھا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے مذہبی مقامات کو گرانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔اب ایل جی سکریٹریٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ’ آپ‘ کے کنوینر اور سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے خود۸؍ فروری۲۰۲۳ء کو دہلی کے مختلف حصوں میں۹؍مندروں کو گرانے کی سفارش کی تھی۔ کیجریوال اور اس وقت کے وزیر (داخلہ) منیش سسودیا نے مذہبی کمیٹی کی سفارشات کو منظوری دی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK