• Fri, 20 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دہلی: رکن اسمبلی نریش بالیان کی گرفتاری پر کیجریوال برہم، پولیس پر سنگین الزامات

Updated: December 01, 2024, 5:14 PM IST | New Delhi

بدنام زمانہ گینگسٹر کپل سانگوان کے درمیان بات چیت کا آڈیو کلپ منظر عام پر آنے کے بعد عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے نریش بالیان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اروند کیجریوال نے ایک پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

Arvind Kejriwal with Naresh Balyan. Photo: INN.
اروند کیجریوال، نریش بالیان کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این۔

عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے رکن اسمبلی نریش بالیان کی گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں دہلی پولیس اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پر شدید الزامات عائد کئے۔ کیجریوال کا کہنا تھا کہ بالیان کو گینگسٹر کپِل سانگوان کی دھمکیوں کا سامنا تھا لیکن پولیس نے ان کی شکایات کو نظرانداز کرتے ہوئے خود انہیں ہی گرفتار کر لیا۔ کیجریوال نے کہا کہ نریش بالیان کو گزشتہ ڈیڑھ سال سے نندو گینگ سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔ گینگ نے بالیان کے بیٹے اور خاندان کے دیگر افراد کی تفصیلات بھی عوامی طور پر افشا کر دی تھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گینگسٹرز چاہتے تھے کہ بالیان ان کے کہنے پر لوگوں سے زبردستی رقم وصول کریں، ورنہ انہیں قتل کر دیا جائے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے: اجمیر درگاہ کے بعد اب ’ڈھائی دن کا جھونپڑا‘ پر تنازع

کیجریوال نے پولیس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بجائے اس کے کہ گینگسٹرز کے خلاف کارروائی کی جاتی، دہلی پولیس نے رکن اسمبلی کو ہی گرفتار کر لیا۔ انہوں نے کہا، ’’یہ ظاہر کرتا ہے کہ دہلی کی قانون و انتظام کی حالت کتنی خراب ہو چکی ہے، جہاں شکایت کرنے والے خود نشانے پر ہیں۔ ‘‘کیجریوال نے امت شاہ پر براہ راست تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دہلی میں گینگسٹرز کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور شکایت کنندگان کو سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہلی میں خوف کا ماحول پیدا ہو چکا ہے، جہاں دن دہاڑے گینگسٹرز فائرنگ کرتے ہیں اور کاروباری افراد بھتہ نہ دینے پر قتل کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دہلی کے پوش علاقے پنچ شیل انکلیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک ۶۴؍سالہ شخص کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ انہوں نے دہلی میں خواتین اور سینئر شہریوں کے عدم تحفظ پر بھی تشویش ظاہر کی۔ کیجریوال نے دعویٰ کیا کہ وہ مسلسل ان مسائل کو اٹھا رہے ہیں لیکن ان پر اور ان کے ارکان اسمبلی پر حملے ہو رہے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران کیجریوال نے کہا، ’’یہ وقت دہلی کے شہریوں کو انصاف دلانے کا ہے۔ ہم ان گینگسٹرز کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے، چاہے ہمیں کتنی ہی رکاوٹوں کا سامنا کیوں نہ کرنا پڑے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK