• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی : وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سمیت ۶؍ وزراء نے حلف لیا، وزیر اعظم مودی کی شرکت

Updated: February 20, 2025, 10:48 PM IST | New Delhi

دہلی میں ۲۷؍سال بعد بی جے پی کی حکومت ، رام لیلا میدان پر تقریب حلف برداری میں بی جے پی ریاستوں کے تمام وزرائے اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی

Chief Minister Rekha Gupta with Prime Minister Narendra Modi. (PTI)
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ۔(پی ٹی آئی )

طلبہ کی سیاست سے قومی دھارے کی سیاست میں آنے والی آر ایس ایس کی تجربہ کار کارکن ریکھا گپتا نے جمعرات کو دہلی کی نئی وزیر اعلیٰ کا حلف لے لیا۔ دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم مودی اوراین ڈی اے کے سرکردہ لیڈروں کی موجودگی میں لیفٹیننٹ گورنر وی کے  سکسینہ نے ریکھا گپتا اور ان کے ساتھی وزراء کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ یاد رہے کہ ریکھا گپتا شالیمار باغ حلقے  سے ممبر اسمبلی  منتخب ہوئی ہیں۔ ریکھا گپتا کے بعد اروند کیجریوال کو شکست دے کر نئی دہلی سیٹ سے ممبر اسمبلی منتخب والے پرویش صاحب سنگھ  ورما نے وزیر کے عہدے کا حلف لیا۔ ان کے بعد آشیش سود، منجندر سنگھ سرسا، رویندر اندراج سنگھ، کپل مشرا اور پنکج کمار سنگھ نے وزیر کے طور پر حلف لیا۔
 اس سے قبل رام لیلا گراؤنڈ میں تین اسٹیج سجائے گئے تھے۔ بائیں اسٹیج پر مختلف مذاہب کے مذہبی پیشوا اور کئی نامور بزرگ بیٹھے تھے۔  وزیراعلی  اور وزراء کو حلف دلانے کے درمیانی اسٹیج پر انتظامات کئے گئے تھے اور اس اسٹیج پر وزیراعظم مودی،  وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سمیت مودی کابینہ کے دیگر وزراء، بی جے پی کے قومی صدر جے پی  نڈا، دہلی بی جے پی کے صدر ویریندر سچدیوا، بی جے پی اور این ڈی اے کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ موجود تھے۔ یہاں مہاراشٹر سے گئے وزیر اعلیٰ فرنویس اور دونوں نائب وزرائے اعلیٰ اجیت پواراور ایکناتھ شندے بھی موجود تھے۔ 
  ذرائع کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ وزیراعلی ریکھا گپتا نے داخلہ، فائنانس، سروسیز، ویجی لنس اور پلاننگ جیسے محکموں کو اپنے پاس رکھا ہے جبکہ پرویش ورما کو تعلیم، پی ڈبلیو ڈی اور ٹرانسپورٹ جیسی اہم وزارتیں دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کپل مشرا کو پانی فراہمی، سیاحت اور ثقافت محکمہ کا چارج دیا گیا ہے۔فی الحال سرکاری طور پر ان محکموں کی تقسیم کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔حلف  برداری  کے بعد وزیر اعلیٰ گپتا نے کہا کہ ان کی حکومت انتخابات کے دوران دہلی کے عوام سے پارٹی کی طرف سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کرپشن کو ہر گز برداشت نہیں کرے گی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK