مساجد وقبرستانوں کے ٹرسٹیان،سیاسی لیڈران اور مقامی رکن پارلیمنٹ کے ساتھ ہونےوالی میٹنگ میں متعدد مسائل پرکمشنر کی توجہ مبذول کرائی گئی
EPAPER
Updated: August 28, 2024, 9:59 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
مساجد وقبرستانوں کے ٹرسٹیان،سیاسی لیڈران اور مقامی رکن پارلیمنٹ کے ساتھ ہونےوالی میٹنگ میں متعدد مسائل پرکمشنر کی توجہ مبذول کرائی گئی
گھاٹ کوپر ، وکھرولی اور گوونڈی قبرستانوں کے تعلق سے بی ایم سی کمشنربھوشن گگرانی کے ساتھ ٹرسٹیان، کمیٹی کے اراکین، رکنپارلیمنٹ سنجے دیناپاٹل اور کانگریس کے سینئر لیڈر محمد عارف نسیم خان کی میٹنگ ہوئی۔پیر کی شام کو ہونے والی میٹنگ میںبطورخاص میونسپل کمشنر کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی کہ گھاٹ کوپر قبرستان سے متصل کلپترو ڈیولپرز کو میونسپلٹی نے جو امنیٹی بلڈنگ دی ہے اس کیلئے راستے کا الگ سے نظم کیا جائے کیونکہ الگ راستے کاانتظام نہ کئے جانے سے قبرستان آنے جانیوالوں کو پریشانی ہو رہی ہے ۔ اسی طرح گھاٹکوپر قبرستان میںدیگر علاقو ںکی میت دفن کرنے کے سبب جگہ کم پڑرہی ہے اور بسا اوقات قبل ازوقت قبر کھودنی پڑتی ہے ۔اس لئے قبرستان سے متصل ریکریشن گراؤنڈ جو ۸۰؍ ہزار اسکوائر فٹ پرمحیط ہے اورکافی عرصے سے اس کے لئے مطالبہ کیا جارہا ہے ،مزیدتاخیر نہ کرتے ہوئے اسے قبرستان کے لئے دیا جائے ۔
اس موقع پروکھرولی میںقبرستان نہ ہونے اوراس کے لئے کئے جانے والے مطالبے کا محمد عارف نسیم خان نے یہ کہہ کرذکر کیا کہ یہ وکھرولی کے مسلمانوں کے ساتھ کھلی زیادتی ہے ،اس مسئلے کوفوراً حل کیا جائے۔ اسی طرح دیونار قبرستان کی جگہ بارش میںدھنس جانے، پانی جمع ہونے کے سبب نئی مٹی ڈالنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ۔اس پر کمشنر نے یہ یقین دہانی کروائی کہ ان مسائل کوترجیحی بنیادوں پرحل کیا جائے گااورانہوں نے ماتحت افسران کو حالات کا جائزہ لینے کا بھی حکم دیا ۔‘‘
دیونار قبرستا ن کے ٹرسٹی عبدالرحمٰن عرف منّا نے کہاکہ ’’ دیونار قبرستان کا مسئلہ دوسرا پلاٹ ڈیولپ کئے جانے سے ہی حل ہوگا ،مٹی ڈالنامستقل حل نہیںہے۔ ‘‘وکھرولی قبرستان کے تعلق سے کوشاں رہنے والے وارث علی شیخ نےکہاکہ ’’ یہ مقامی ذمہ داران اورعام مسلمانوں کی کامیابی ہے کہ یہ مدعا سیاسی لیڈران نے کمشنر کے سامنے رکھا ۔‘‘ بی ایم سی کمشنر سے ملاقات کیلئے جانے والے وفد میں سریش پاٹل ، سنیل مورے ،الطاف حسین ، علی خا ن،اشتیاق شیخ ، یوسف خان ، خلیل کھوت ، ابرار احمد، جاوید امین اورعمران شیخ وغیرہ موجود تھے۔