• Sat, 25 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

نجی اسپتالوں میں بھی مفت علاج کی سہولت مہیا کرانے کا مطالبہ

Updated: December 21, 2024, 11:12 PM IST | Mumbai

ناگپور سرمائی اجلا س میں رکن اسمبلی امین پٹیل نے نشیلی اشیاء پر روک لگانے اور ری ہیبلیٹیشن سینٹرقائم کرنےکی بھی مانگ کی

Member of Parliament Amin Patel speaking in the Assembly
رکن اسمبلی امین پٹیل ایوان اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے

اپوزیشن نےمہاراشٹر کی نئی حکومت کے ناگپور سرمائی اجلا س میں حکومت سے مطالبہ کیا ہےکہ جس طرح سرکاری اسپتالوں میں مہاتما جیوتی با پھلے اسکیم کے تحت مفت علاج کیا جاتا ہے اسی طرح ممبئی اور دیگر شہروں کے بڑے نجی اسپتالوں میں بھی یہ مفت علاج کرنے سہولت مہیا کرائی جائے۔ انہوںنے سرکاری اسپتالوں میں اسٹاف کی کمی کو پُر کرنے ، دوائیں مہیاکرانے اور جانچ کیلئے مشینیں دستیاب کرانے کا بھی حکومت سے مطالبہ کیا، ساتھ ہی ممبئی اور دیگر شہروں میں منشیات کے کاروبار پر فوراً روک لگانے اور اس لت میں مبتلا افراد کو نجات دلانے کیلئے ۳؍ مفت ری ہیبلیٹیشن سینٹر شروع کرنے کی مانگ کی۔
  اپوزیشن کی اختتامی تجویز کی حمایت  اور اس پر اظہار خیال کرتے ہوئے ممبادیوی حلقہ کے رکن اسمبلی امین پٹیل نے جمعہ کی شب تقریباً ساڑھے ۸؍ بجے ایوان اسمبلی میں کہا کہ ’’شہر میں جتنے بھی بڑے پرائیویٹ  اسپتال  ہیں ان سب میں مہاتما جیوتی با پھلے اسکیم کے تحت مفت علاج ہونا چاہیے۔ حکومت کو یہ فیصلہ کرناچاہیے کہ ممبئی کے سبھی بڑے  چیریٹیبل اسپتال: بامبے،  جسلوک، ریلائنس ہو یا سیفی اسپتال اور دیگر  ان سبھی پرائیویٹ اسپتالوں میں مہاتما جیوتی با پھلے اسکیم  نافذ  ہونی چاہیے اور اس بارے میں حکومت کو فوری قدم اٹھانا چاہیے تاکہ غریب عوام کو بھی ان اسپتالوں میں علاج کی سہولت میسر ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس بی ایم سی کا سالانہ بجٹ تقریباً ۵۶ ؍ہزار کروڑ روپے تھااس کے باوجود بلدیہ کئی علاقوں خصوصی طور پر ’ڈی‘ وارڈ میں صاف پینے کا پانی سپلائی نہیں کر پا رہی ہے۔ قلابہ اور ممبادیوی میں آلودہ پانی اور کم پانی کا  مسئلہ برقرار ہے۔امین پٹیل کے بقول ممبئی اور دیگر شہروں میں منشیات کی لت تیزی سے بڑھتی جا رہی ہےجس سے ہماری نئی نسل برباد ہو رہی ہے ، اس کی خرید وفروخت فوری بند کی جائے  اور کاروباریوںکے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے۔اس لت کو چھڑانے کیلئے ۳؍مفت ہیبلیشٹیشن سینٹر قائم کئے جائیں ۔
  اس بارے میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اپنے جواب میں کچھ نہیں کہا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK