راجیہ سبھا میں سرکاری تعلیمی اداروں میں خالی آسامیوں کو جلد از جلد بھرنے کی مانگ کی گئی، پرینکا کی وزیر اعظم پر تنقید۔
EPAPER
Updated: February 05, 2025, 11:01 AM IST | Agency | New Delhi
راجیہ سبھا میں سرکاری تعلیمی اداروں میں خالی آسامیوں کو جلد از جلد بھرنے کی مانگ کی گئی، پرینکا کی وزیر اعظم پر تنقید۔
منگل کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کئی اہم ایشوز اٹھائے گئے۔ ایک جانب جہاں بعض اراکین پارلیمان نے بے روزگاری کے موضوع پرگفتگو کی، وہیں کئی اراکین نے الگ الگ موضوعات اور مسائل اٹھائے۔ منگل کوپارلیمنٹ کی کارروائی ختم ہونے کے بعد ایوان کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے و زیراعظم مودی کو نشانہ بنایا۔
عام آدمی پارٹی (آپ) کے وکرم جیت سنگھ ساہنی نے منگل کو راجیہ سبھا میں تعلیم یافتہ بے روزگاری کا معاملہ اٹھایا اور سرکاری تعلیمی اداروں میں خالی آسامیوں کو جلد از جلد بھرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے وقفہ صفر کے دوران ’چیئرمین کی اجازت سے اٹھائے گئے معاملے‘ کے تحت کہا کہ تعلیمی اداروں میں لاکھوں اسامیاں خالی پڑی ہیں جبکہ ایک تحقیق کے مطابق پچھلے سال انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے نکلنے والے۴۰؍ فیصد طلبہ کو مناسب ملازمتیں نہیں ملیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں میں خالی آسامیوں کو جلد پر کرے تاکہ پڑھے لکھے بے روزگار افراد کو روزگار مل سکے۔
اس دوران ٹی ایم سی کے رکن پروفیسر سوگت رائے نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کسانوں کی بھوک ہڑتال، کمبھ حادثہ اور جموں کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی معیشت کی مالیت۳۲؍ ٹریلین ڈالر ہے اور چین کی معیشت کی مالیت۱۹؍ ٹریلین ڈالر ہے لیکن ہم۵؍ ٹریلین ڈالر تک پہنچنے میں چھاتی پیٹ رہے ہیں۔
کانگریس لیڈر چرنجیت سنگھ چنی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ ایک عظیم ماہر اقتصادیات تھے۔ ان کے دور حکومت میں سماج کے تمام طبقات کو فائدہ ہوا۔ وہ ایک ایماندار اور محنتی سیاستدان تھے، اسلئے حکومت کو انہیں بھارت رتن سے نوازنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کسانوں اور دلتوں کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور نفرت کے بیج بوئے جا رہے ہیں، اسلئے تاریخ میں لکھا جائے گا کہ آپ نے اپنی حکومت کے دوران ملک میں نفرت پھیلانے کا کام کیا۔ آزاد رکن پارلیمان راجیش رنجن عرف پپو یادو نے کہا کہ مودی بڑے بڑے وعدے کرکے اقتدار میں تو آگئے لیکن کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کرسکے۔ ان کی حکومت نے نوٹ بندی اور غیر متعلقہ جی ایس ٹی لگا کر عوام کو پریشان کر دیا ہے۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی عروج پر پہنچ چکی ہے۔
پارلیمنٹ کی کارروائی کے بعد ایوان کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے وزیراعظم پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ وزیراعظم مودی عوام اورعوام کی ضرورتوں سے پوری طرح کٹ چکے ہیں۔ کم از کم آج کی ان کی تقریر سے یہی محسوس ہورہا ہے۔