• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

الیکشن ڈیوٹی کرنےوالوں کیلئے بنیادی سہولیات اور الائونس میں اضافہ کامطالبہ

Updated: November 13, 2024, 9:38 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

میونسپل یونین نے انتخابی کاموں پر مامور تقریباً ۵۲؍ہزار ملازمین کیلئے الیکشن کے اگلے دن چھٹی کا بھی مطالبہ کیا۔

About 52 thousand employees of Municipal Corporation have been given election duty. Photo: INN.
میونسپل کارپوریشن کے تقریباً ۵۲؍ہزار ملازمین کو الیکشن ڈیوٹی دی گئی ہے۔ تصویر: آئی این این۔

شہر ومضافات میں انتخابی ڈیوٹی کیلئے میونسپل کارپوریشن کے تقریباً ۵۲؍ہزار کارکنان، ملازمین اور افسران کا تقرر کیا گیا ہے۔ ان میں سے ۱۰؍ہزار ملازمین گزشتہ ۲؍ماہ سے پولنگ اسٹیشن لیول آفیسر کے طور پر کام کر رہے ہیں ۔ الیکشن والے دن انتخابی مشینوں کے قبضے سے لے کر حقیقی انتخابی عمل کو مکمل کرنے میں تقریباً ۴۰؍ سے ۴۵؍ گھنٹے لگتے ہیں ، چونکہ یہ سارا کام بہت پُرخطر اور ذمہ دارانہ ہے جس سے ملازمین ذہنی دبائو کا شکار ہوتے ہیں ۔ اس لئے میونسپل یونین نے کارکنان اور ملازمین کو الیکشن کے اگلے دن چھٹی دینے اور ان کے الائونس میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
میونسپل یونین نے میونسپل کمشنر اور ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر بھوشن گگرانی کو ایک خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن ڈیوٹی پرمامور ملازمین کو الیکشن کے بعد ایک دن کی چھٹی دی جائے کیونکہ انہیں اصل الیکشن کے بعد دوسرے دن بھی پولنگ اسٹیشن پر بقیہ کاموں کو پورا کرنے کی ذمہ داری ادا کر نےکیلئے رکنا پڑتا ہے۔ جس کی وجہ سے انہیں ا لیکشن والے دن گھر پہنچنے میں صبح ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ یونین نے مطالبہ کیا ہے کہ پولنگ اسٹیشن پر تعینات ملازمین کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں اور ان کے الاؤنس میں بھی اضافہ کیا جائے۔ 
واضح رہے کہ ممبئی میں انتخابی ڈیوٹی کیلئے بی ایم سی نے تقریباً ۵۲؍ہزار کارکنان، ملازمین اور افسران کا تقرر کیا ہے۔ اسمبلی انتخابات کےلئے تعینات ملازمین اور مزدوروں کو ۱۹؍نومبر کو صبح ۸؍ بجے متعلقہ انتخابی دفاتر میں انتخابی سامان اور ووٹنگ مشینیں اپنے قبضے میں لینے کیلئے حاضر ہونا ضروری ہے۔ کارکنوں اور ملازمین کو مواد کے ساتھ نامزد پولنگ اسٹیشن جانا ہوگا اور وہاں پولنگ اسٹیشن کی تعمیر کیلئے ضروری منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔ اس دن متعلقہ مقامات پر قیام کے بعد ۲۰؍ نومبر کی صبح ۵؍ بجے اصل الیکشن ڈیوٹی پر حاضر ہونا لازمی ہے۔ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ضروری دستاویزات اور مشینیں جمع کرانے کیلئے ۲۱؍نومبر کی صبح تک انتظار کرنا ہوگا۔ اس پورے عمل میں تقریباً ۴۰ ؍سے۴۵؍ گھنٹے لگتے ہیں۔ چونکہ متعلقہ کام بہت نازک اور ذمہ داری والا ہے، اس لئے ملازمین بہت زیادہ ذہنی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں ۔ اس معاملے کو مدنظر رکھتے ہوئے میونسپل یونین نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن ڈیوٹی کیلئے تعینات ملازمین اور کارکنوں کو ۲۱؍ نومبر کو ڈیوٹی پر نہ بلایا جائے۔ اس کے علاوہ، لوک سبھا انتخابات کے دوران، بہت سے پولنگ اسٹیشنوں میں پنکھے، بیت الخلاء، باتھ روم، رہائش، ناشتہ، کھانا اور پینے کا پانی نہیں تھا۔ اس کے علاوہ فیلڈ افسران اور پولنگ اسٹیشن کی سطح کے اہلکاروں، ہیلتھ ورکرز اور آنگن واڑی ورکروں کو صرف ایک ہزار ۶۵۰؍روپے الاؤنس دیا جاتا ہے۔ یونین نے بنیادی سہولیات کی تکمیل کے ساتھ ملازمین کے عہدے کے اعتبار سے کم از کم ایک سے ۵؍ ہزار روپے الاؤنس دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK