• Sun, 23 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی میں جرائم پیشہ عناصر اور منشیات مافیا کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

Updated: February 18, 2025, 11:27 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

رکن پارلیمنٹ سریش مہاترے نےوزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کرکے شہر میںبڑھتی ہوئی مجرمانہ سرگرمیوں پرتوجہ دینے کی اپیل کی۔

Member of Parliament Suresh Mahatre during a meeting with Home Minister Amit Shah. Photo: INN
رکن پارلیمنٹ سریش مہاترے وزیرداخلہ امیت شاہ سے ملاقات کے دوران۔ تصویر: آئی این این

بھیونڈی لوک سبھا حلقے میں جرائم کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے جس کے ساتھ ہی غیر قانونی منشیات کے کاروبار نے زور پکڑ لیا ہے۔ ان ہی منشیات مافیا کی وجہ سے علاقے میں مجرمانہ سرگرمیوں میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ان مجرموں اور ڈرگ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ سریش مہاترے ( بالیا ماما) نے گزشتہ دنوں دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کرکے مجرموں، منشیات فروشوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی درخواست کی۔ 
  رکن پارلیمان کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس معاملے پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور جلد ہی پولیس محکمے کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی۔ واضح رہےکہ رکن پارلیمان پہلے بھی لوک سبھا میں اس مسئلے کو بھرپور طریقے سے اٹھاچکے ہیں جس کے بعد پولیس نے کچھ غنڈوں اور بدمعاشوں کے خلاف کا رروائی کی تھی۔ اگست ۲۰۲۴ء میں گجرات اینٹی ٹیررزم اسکواڈ(اے ٹی ایس)نے بھیونڈی میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ۸۹۲؍کلوگرام لکوئیڈ ایم ڈی ڈرگ برآمد کی تھی جس کی مالیت تقریباً ۸۰۰؍ کروڑ روپے تھی اور ۲؍ افراد کو گرفتار کیا تھا۔ تاہم یہ کارروائی صرف انہی ۲؍ ملزموں تک محدود رہی جبکہ اس نیٹ ورک کے اصل سرغنہ تاحال آزاد ہیں ۔ سریش مہاترے نے وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ ان مافیا سرغنوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ سریش مہاترے نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ بہت سے خطرناک مجرم اور ڈرگ مافیا عدالت سے ضمانت پر رہائی پانے کے بعد دوبارہ قتل، اقدامِ قتل، چوری، ڈکیتی، دھمکی، ہفتہ خوری اور زمینوں پر قبضے جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہو رہے ہیں۔ ان مجرموں کو کچھ بااثر سیاسی عناصر کی پشت پناہی حاصل ہونے کی وجہ سے پولیس کو ان کے خلاف کارروائی میں مشکلات درپیش ہیں ۔ سریش مہاترے نے وزیر داخلہ کو یہ تمام حقائق پیش کئے اور ایک تحریری درخواست بھی جمع کرائی جس میں ان مجرموں اور ڈرگ مافیا کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ سریش مہاترے کی اس ملاقات کے بعد بھیونڈی کے جرائم پیشہ عناصر اور ڈرگ مافیا میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK