Inquilab Logo Happiest Places to Work

’شوبھا یاترا‘کی آڑ میں شرانگیزی کرنیوالوں پرسخت کارروائی کا مطالبہ

Updated: April 05, 2025, 10:49 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

آج رام نومی کا جلوس ۔مالونی این جی اوزاینڈ سٹیزنس فورم کے وفد کی سینئر انسپکٹر سے ملاقات ۔ ڈرون کیمروں سے نگرانی اوراضافی فورس تعینات کی جائیگی ۔ڈی سی پی نے تعاون کی اپیل کی

A delegation from Maloni NGOs and Citizens Forum met Senior Inspector Shailendra Nagarkar and handed him a memorandum.
مالونی این جی اوز اینڈ سٹیزنس فورم کا ایک وفد سینئر انسپکٹر شیلندرناگرکر سےملاقات کرکے انہیںمیمورنڈم دیا

ٓج سہ پہر کو انبوزواڑی سے گیٹ نمبر ایک تک رام نومی کے موقع پر’شوبھا یاترا‘ نکالی جائے گی۔ بی جے پی لیڈران کی جانب سے بھگوا جھنڈے اور جگہ جگہ بینر لگائے گئے ہیں۔ بینروں میں اس دفعہ فرق یہ نظرآرہا ہے کہ ان پربیہودہ اور مسلمانوں کے خلاف دل آزار نعرے نہیں لکھے گئے ہیں۔ حالات کے پیش نظر اور اس سے قبل جس طرح جلوس کی آڑ میں شرانگیزی کی گئی تھی ،مساجد کے قریب جان بوجھ کرنعرے لگائے گئے تھے اور مسلمانوں کو چڑانے کی کوشش کی گئی تھی، اسے دیکھتے ہوئے پولیس کا زبردست بندوبست کیا گیا ہے۔مقامی پولیس کے جوانوں کے علاوہ دیگر پولیس اسٹیشنوں کے جوانوں، مہاراشٹر اسپیشل فور س، رائٹس کنٹرول فورس اورایس آرپی کو بھی تعینات کیاگیا ہے۔ ڈرون کیمروں سے بھی پولیس کی جانب سے نگرانی کی جائے گی ۔
 دیکھناہوگا کہ ان سخت انتظامات کا شرانگیزی کرنے والوں پر کتنا اثر پڑتا ہے اورو ہ قانون کی کس قدر پروا اور پاسداری کرتے ہوئے پولیس کی ہدایات کاخیال کرتے ہیں۔ 
مل جل کررہنا مالونی کی پہچان ہے 
  مالونی مغربی مضافات کے متعدد مسلم اکثریتی علاقوں میں  سے  ایک ہے۔اس علاقے کی پہچان یہ ہےکہ یہاں سبھی مل جل کررہتے ہیں، تہواروں میںایک دوسرے کا خیال رکھتے ہوئے خوشیاں بانٹتے ہیں مگر وہ شرپسند جنہیں امن وامان اور بھائی چارا راس نہیںآتا وہ ہمیشہ اس فراق میںرہتے ہیں کہ اس علاقے کو بدنام کیاجائے اور ہندو مسلم کے حوالے سےنفرت کا ماحول پید ا کرکے سیاسی روٹی سینکی جائے مگراہل مالونی ایسے عناصر کے منصوبو ں کوخاک میں ملادیتے ہیںاورہر دفعہ انہیں منہ کی کھانی پڑتی ہے۔
مالونی این جی اوز اینڈ سٹیزنس فورم کا وفد سینئرانسپکٹر سےملا
  مالونی این جی اوز اینڈ سٹیزنس فورم کا ایک وفد جس میں آصف خان ،عامر تعلقدار ، شادا ن صدیقی ، انور شیخ ، ساحل تیجانی ،  وسیم سید، طاہرشیخ ،صباح الدین خان ، کرن سولنکی اورسیف قریشی شامل تھے، نے سینئر انسپکٹر شیلندر ناگرکر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں میمورنڈم دیا۔ سینئر انسپکٹر کو دی گئی یادداشت میںکہا گیا کہ رام نومی پر نکالی جارہی’ شوبھا یاترا ‘ کے دوران شانتی اور’سرکشا ‘کے سخت انتظامات کئے جائیں۔ شرکاء وفد نے اس سے قبل رام نومی میںپیدا شدہ حالات کا حوالہ دیتے ہوئے بھی سینئر انسپکٹر سےکہاکہ وہ لوگ جو امن وامان میںخلل ڈالتے ہیں اورباہر سے آکر جان بوجھ کر گڑبڑکرتے ہیں، مساجد کے قریب اشتعال انگیزی کرتے ہیں، مسلمانوں کے خلاف نعرے بازی کرتے ہیں یا انہیں چڑاتے ہیں، ان پرنگاہ رکھی جائے اور اگر ان کی جانب سے ایسی کوئی حرکت ہو تو ان کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیاجائے ۔ 
 اس پرسینئر انسپکٹر ناگرکر نے کہاکہ ’’ سخت حفاظتی بندوبست کیاجائے گا، عوامی مفادات اوراملاک کے تحفظ کوترجیح دی جائے گی اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میںلینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جو بھی اس کے خلاف عمل کرےگا ،قانون کے مطابق اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔‘‘ 
ڈپٹی پولیس کمشنر نے تعاو ن کی اپیل کی 
 زون نمبر ۱۱؍ کے ڈی سی پی آنند بھوئیٹے سے نمائندۂ انقلاب نےبات چیت کی تو انہوں نے کہاکہ ’’معقول حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ افواہوں پردھیان نہ دیں، غیرضروری طور پر سڑکو ں پر بھیڑ بھاڑ  نہ کریں اور پولیس وانتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ ‘‘
  انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ مل جل کر خوشیاں منائیں، ایک دوسرے کی مدد کریں اور کوئی ایسا کام نہ کریںجس سے امن ِعامہ کو نقصان پہنچے۔ اگر کوئی ایسی اطلاع ملے کہ کوئی شخص گڑبڑکرنے کی کوشش کررہا ہے، تو پولیس کو مطلع کریںنہ کہ خود مشتعل ہوں اور جذبات میں آئیں، نہ ہی قانون ہاتھ میںلینے کی کوشش کریں، ایسے لوگوں کے خلاف سختی سے قانون اپنا کام کریگا۔‘‘ 

malad Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK