رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ کا ریلوے کو انتباہ، کہا:اگر اے سی لوکل ٹرین چلانی ہی ہے تو اس کا کرایہ عام لوکل ٹرینوں جتنا کیا جائے
EPAPER
Updated: April 15, 2025, 11:24 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ کا ریلوے کو انتباہ، کہا:اگر اے سی لوکل ٹرین چلانی ہی ہے تو اس کا کرایہ عام لوکل ٹرینوں جتنا کیا جائے
ممبرا کلوا کے رکن اسمبلی اور این سی پی (شرد پوار )کے لیڈر ڈاکٹر جتیندر وہاڑ نے ریلوے کو انتبا دیا ہے کہ وہ دفتری اوربھیڑ بھاڑ کے اوقات اے سی لوکل ٹرین روانہ کر کے عام مسافروں کو پریشان نہ کرے۔ اگر اے سی لوکل چلانا ہی ہے تو اس کا کرایہ عام لوکل جیسا کر دیا جائے۔ جتیندر اوہاڑ نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کا مطالبہ پورا نہیں کیا گیا تو ریلوے کے خلاف آندولن کیا جائے گا۔
ایم ایل اے جتیندر اوہاڑنے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا ’’ ستمبر ۲۰۲۲ء میں ریلوے نے بھیڑ کے اوقات میں اے سی لوکل چلانے کا فیصلہ کیا تھا جس کے خلاف ہم نے احتجاج کیا تھا اور ریلوے نے اپنا وہ فیصلہ واپس لیا تھا اور اب تقریباً ڈھائی سال بعد ریلوے نے دوبارہ وہی کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو مجھے پھر سے احتجاج کرنا ہوگا۔ ‘‘جتیندر اوہاڑ نے مزید لکھاکہ ریلوے نے بھیڑ کے اوقات میں اے سی لوکل چلانے کی جو وجوہات بتائی ہیں وہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مسافروں کو چلچلاتی دھوپ اور گرمی سے راحت دینے کیلئے کیا گیا ہے ۔ اگرچہ ان کا مقصد عام مسافروں کو راحت پہنچانا ہے تو اس اے سی لوکل کا کرایہ بھی سادہ لوکل(نان اے سی ) ٹرین جیسا کیوں نہیں کر دیا جاتا۔ اس سے حقیقی معنوں میں مسافروں کو راحت ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک اے سی لوکل روانہ ہونے سے نان اے سی مسافروں کی بھیڑ کافی بڑھ جاتی ہے اور مسافروں کو اپنی جان خطرے میں ڈال کر سفر کر نا پڑتا ہے۔ بھیڑ کی وجہ سے ہی جان لیوا حادثے بھی ہوتے ہیں۔
ریلوےکو مسافروں کی پریشانی سے کوئی سروکار نہیں
جتیندر اوہاڑ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اصل میں ریلوے کو مسافروں کی پریشانی یا آرام سے کوئی سروکار نہیں ۔ انہیں توبس منافع کمانا ہے۔ ریلوے لوگوں کو مہنگے ٹکٹ بیچ کر ان سے راحت کا وعدہ کررہا ہے لیکن جیسی راحت اور سہولت دینی چاہئے ویسی نہیںدے رہا ہے ۔ ایم ایل اے جتیندر اوہاڑ نے مزید کہا کہ ان اوقات میں جبکہ پلیٹ فارموں پر شدید بھیڑ ہوتی ہے اور تل دھرنے کی جگہ نہیں ہوتی ، مسافر جان ہتھیلی پر رکھ کر سفر کرنے پر مجبور ہوتے ہیں اور آپ اس دوران مہنگے ٹکٹ والی اے سی لوکل روانہ کر رہے ہیں یہ صرف منافع کمانے کی اسکیم نہیں تو اور کیا ہے ؟ یہ کہاں کی سمجھداری ہے ۔ اوہاڑ نے اس پوسٹ کے ذریعہ ریلوے کو ایک بار پر متنبہ کیا ہےکہ اگر مسافروں کی سہولت کی خاطر ریلوے نے ضروری اقدامات نہیں کئے تو شدید احتجاج سے گریز نہیںکیاجائے گا ۔