Inquilab Logo Happiest Places to Work

بدھوڑی پرتاحیات الیکشن لڑنے پر پابندی کا مطالبہ

Updated: September 24, 2023, 12:45 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ملّی تنظیموں کےذمہ داران کاشدید رد عمل ،کہا :بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے پوری مسلم قوم کو گالی دی ہے۔ گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا۔

Halimullah Qasmi.Photo. INN
حلیم اللہ قاسمی۔ تصویر:آئی این این

ی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی کی بدزبانی اورذلالت آمیز بیان بازی پر چہار جانب مذمت کی جارہی ہے۔ اس کیخلاف ملّی تنظیموں کے ذمہ داران نے بھی شدید رد عمل ظاہر کیا اور بدھوڑی کوگرفتار کرنے اوران کے تاحیات الیکشن لڑنے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ۔  یہ بھی کہاکہ بی جے پی اعلیٰ کمان کی شہ کے بغیر بدھوڑی اتنی جرأت نہیں کرسکتے۔ 
’بی جے پی رکن پارلیمنٹ کوگرفتار کیا جائے‘‘ 
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سیکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہاکہ ’’بی جے پی کے دہلی کے رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی نے ساری حدیں پار کردیں، انہوں نے پوری مسلم قوم کو گالیاں دی ہیں، انہیں فوراً گرفتار کیاجائے اوران کے تاحیات الیکشن لڑنے پر پابندی عائد کی جائے ۔‘‘
ان کا یہ بھی کہناتھا،’’ان کے پیچھے اور بازو میں بیٹھنے والے سابق وزیرقانون روی شنکر پرساد اور سابق وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن کوبھی معطل کیا جائے جو انہیں روکنے ٹوکنے کے بجائے قہقہہ لگارہے تھے۔‘‘
جمہوریت کا وجود خطرے میں
مولانا محمودخان دریابادی نے کہا کہ’’ انتہا ہوگئی، اب یہ امتحان ہے کہ ملک میں جمہوریت، انصاف اور رواداری باقی رہے گی یا اس کا خاتمہ ہوجائے گا۔اس لئے کہ رمیش بدھوڑی نے پارلیمنٹ میں جو کچھ کہا اورجس طرح مسلم ایم پی کو نشانہ بنایا، اس کا تصور نہیں کیا جاسکتا تھا۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی کم حیران کن نہیں ہے کہ بی جے پی کی جانب سے کارروائی کے بجائے صرف لیپا پوتی کی جارہی ہے اور اب تک زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں کیا گیا ہے۔‘‘
بی جے پی اعلیٰ کمان کی شہ کے بغیرممکن نہیں
عبدالحسیب بھاٹکر(جماعت اسلامی) نے کہاکہ ’’رمیش بدھوڑی نے جس طر ح گھٹیا انداز اپناتے ہوئے مسلم قوم کونشانہ بنایا،اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ ساتھ ہی یہ اندازہ لگانا مشکل نہیںہے کہ انہوں نے بی جے پی اعلیٰ کمان کے اشارے پر اتنی جرأت کی ہے۔ اس کی واضح مثال یہ ہے کہ اب تک بدھوڑی کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’جے پی نڈا کے ذریعے دیا گیا وجہ بتاؤ نوٹس اور۱۵؍دن کی مہلت ،راج ناتھ سنگھ کی معذرت اوراسپیکر اوم برلا کے ذریعے انتہائی معمولی قسم کے انتباہ سے سب کچھ واضح ہوجاتا ہے جبکہ دیگر پارٹیوں کے اراکین پارلیمان کے خلاف معمولی سی بیان بازی پرپارلیمنٹ کے رول کا حوالہ دے کران کے خلاف ایکشن لیا جاتا ہے اورپورے سیشن کیلئے انہیں معطل کردیا جاتا ہے ۔‘‘
بدھوڑی کومعافی مانگنے پرمجبور کیا جائے 
رضا اکیڈمی کے سربراہ محمد سعید نوری نے کہا کہ ’’بدھوڑی کے اس بیان پر کنور دانش علی انہیں معافی مانگنے پر مجبور کریں ورنہ خود استعفیٰ دے دیں، اس لئے بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے اپنی دریدہ دہنی سے تمام مسلمانوں کو قلبی اورذہنی ایذا پہنچائی ہے اور ان کی اس بیان بازی سے پوری دنیا میں ملک کاوقار بری طرح سے مجروح ہوا ہے۔ کیا ایسے لوگ عوام کی نمائندگی کے قابل ہیں؟‘‘
پارلیمنٹ میں اتنے چھچھورے لوگ آگئے 
اے پی سی آر کے عہدیدار محمد اسلم غازی نے کہا کہ ’’ رمیش بدھوڑی نےجو ذلالت آمیزانداز اپنایا اور جس طرح مسلم رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی کےحوالے سے پوری مسلم قوم کو گالی دی، اس کا تصور محال ہے۔ یہ سب کچھ نئی پارلیمنٹ میں چندریان ۳؍ کی کامیاب لینڈنگ کی بحث کے دوران ہوا۔ ‘‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا، ’’حیرت ہوتی ہے کہ جب پارلیمنٹ میں اتنے چھچھورے لوگ ہوں گے تو سب سے اہم جمہوری ادارے کا کیا ہوگا اور وہ کیا عوام کی نمائندگی کریں گے؟ بدھوڑی کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور انہیں پارلیمنٹ سے برخاست کیا جائے۔ ان کے اس گھٹیاانداز اور بیان بازی سے پورا ملک شرمسار ہوا ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK