• Sat, 28 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹیچروں کو بی ایل او کی ڈیوٹی سےمستثنیٰ رکھنے کامطالبہ

Updated: June 26, 2023, 11:21 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

کرلا، گوونڈی اورمانخورد کے۶۰؍ فیصداساتذہ کو بوتھ لیول آفیسر کی اضافی ڈیوٹی دینے سے ناراضگی

Kalpana Shinde (right) giving memorandum to Nagu Rao Lokhande
کلپنا شینڈے (دائیں)ناگو راؤ لوکھنڈے کو میمورنڈم دیتے ہوئے

نئے تعلیمی سال کا  ۱۳؍جون سے آغاز ہو چکاہے۔ ابھی اسکول شروع ہوئے ۱۰؍دن ہی گزرےہیںلیکن اسکول شروع ہوتےہی غیر تعلیمی کاموں کے دیئے جانے سے اساتذہ میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔
  مغربی مضافات کےکاندیولی،  دہیسر اور دیگر علاقوں کےنجی امداد یافتہ اسکولوں کے اساتذہ کوگزشتہ ہفتہ اسکول کے ساتھ بی ایل او کی اضافی ڈیوٹی  دی گئی ہے۔  اب اسمبلی حلقہ  ۱۷۱؍اور ۱۷۲؍  کے علاقوں مثلاً کرلا، گوونڈی ، مانخورد وغیرہ کے اسکولوںکے کم وبیش ۶۰؍فیصد ٹیچروںکوبھی اسی طرح کی ڈیوٹی دی گئی ہے۔اس سے ان اسکولوں کے اساتذہ پریشان ہیں۔ ان کی سمجھ میں نہیں آرہاہےکہ وہ اسکولی کام کریں یا بی ایل او کی ڈیوٹی۔تعلیمی تنظیموں نے ضلع کلکٹر اور وزیرتعلیم سے ٹیچروںکو بی ایل اوکی ڈیوٹی سےمستثنیٰ رکھنےکی اپیل کی ہے۔
 مہانگر پالیکا شکشک سبھا کے جوائنٹ سیکریٹری عابد شیخ نےبتایاکہ ’’ابھی اسکول شروع ہوئےچند دن ہوئے ہیں۔طلبہ کو پڑھانےکا ابھی باقاعدہ آغاز نہیں ہواہے ۔ اساتذہ طلبہ کی پڑھائی سےمتعلق منصوبہ بندی کررہےہیں۔ جو طلبہ ابھی تک آبائی وطن سے نہیں لوٹے ہیں  ان سے رابطہ کرکے انہیں جلدازجلد اسکول آنے کیلئے کہا جا رہا ہے ۔ اس کےعلاوہ دیگر اسکولی کام جاری ہیں۔  ایسےمیں حلقہ نمبر ۱۷۱؍ اور ۱۷۲؍ کے تقریباً سبھی بی ایم سی اسکولوںکے۶۰؍فیصد اساتذہ کو بی ایل او کی ڈیوٹی دی گئی ہے۔ اسکول کی ڈیوٹی کے ساتھ بی ایل او کی اضافی ڈیوٹی کیسے کی جاسکتی ہے۔ ڈیوٹی سے منع کرنےوالوں کیخلاف سخت کارروائی کرنےکا انتباہ دیاگیاہے۔ سمجھ میں نہیں آ رہا ہے کہ اساتذہ کو کیوں پریشان کیاجارہاہے۔‘‘
 دریں اثناءمہاراشٹر اسٹیٹ شکشک بھارتی ممبئی کی صدر کلپنا شینڈے نے ممبئی مضافاتی ضلع کلکٹر ناگوراؤ لوکھنڈے سے ملاقات کرکے ممبئی مضافاتی ضلع کے متعدد اسکولوں کے تقریباً تمام تدریسی اورغیر تدریسی عملے کوبی ایل او کی ڈیوٹی دیئے جانےپر اعتراض درج کرایاہے۔ انہوں نے کہاکہ نیا تعلیمی سال حال ہی میںشروع ہو ا ہے۔ اساتذہ کا بنیادی فرض طلبہ کو پڑھانا ہے۔ لیکن ان سے بی ایل او کا کام لیاجارہاہے۔ عام انتخات کیلئے اساتذہ کی خدمات کسی بھی وقت حاصل کی جاسکتی ہے لیکن انہیںمسلسل بی ایل او کا کام دیئے جانے سے اسکول بندہونےکی نوبت آ سکتی ہے۔ جوکہ تعلیم کے بنیادی حق اور تعلیم کے حق قانون ۲۰۰۹ء کی خلاف ورزی ہے۔‘‘

teacher Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK