Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

نائر اسپتال میں مریضوں کی پریشانیوں کو جلدازجلد دور کرنےکا مطالبہ

Updated: March 01, 2025, 12:34 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

غریب مریضوں اور ان کےرشتےداروںکی شکایتوں پراراکین اسمبلی منوج جام سوتکر اور ابوعاصم اعظمی کی اسپتال کے ڈین سے ملاقات

MLAs Manoj Jamsut and Abu Asim Azmi were investigating the issues in the premises of Naira Hospital.
نائراسپتال کے احاطہ میں اراکین اسمبلی منوج جام سوت کراورابوعاصم اعظمی مسائل معلوم کرتے ہوئے۔

نائر اسپتال میں دوائوں کی قلت، سی ٹی اسکین ،ایم آر آئی اور طبی تشخیصی کی دیگرمشینیں بے کار ہونےکی شکایت، وینٹی لیٹر خالی نہ ہونے سے مریضوںکو پریشانی ، خون اور دیگر طبی جانچ اور بیشتر دوائیں باہر سے خرید کر لانے کی ہدایتوں سے یہاں علاج کیلئے آنے والے غریب مریض اور ان کے رشتہ داروں کوکافی پریشانی کا سامنا  کرنا پڑرہا ہے ۔ اس تعلق سے متواتر شکایتوں کے بعد جمعہ کو شیوسینا ( اُدھو ) کے رکن اسمبلی منوج جام سوتکر اور سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے نائر اسپتال کا دورہ کیا۔ 
 واضح رہےکہ مذکورہ شکایت کنندگان میں  اکرم انصاری بھی شامل ہے جن کا ۱۷؍ سالہ بیٹا فوزان انصاری منگل کو مدنپورہ میں ایک سڑک حاثہ میں شدید زخمی ہوگیا تھا جسے نائر اسپتال داخل کرایا گیا لیکن  وینٹی لیٹر خالی نہ ہونے سے اسے اسپتال میں داخل نہیں کیاگیا۔مجبوراً    اکرم انصاری نے فوزان کو ممبئی سینٹرل کے ووکہارڈ اسپتال میں داخل کرایا۔اکرم انصاری کی طرح متعدد غریب مریض نائر اسپتال میں طبی سہولیات کی کمی سے پریشان ہیں۔ ان ہی  مسائل سے متعلق مذکورہ اراکین اسمبلی نے نائر اسپتال کا دورہ کرکے اسپتال کے ڈین کی توجہ ان مسائل کی جانب مبذول کرائی ہے۔ ڈین نے مسائل کو جلدازجلد حل کرنےکی یقین دہانی کرائی ہے۔
  بائیکلہ کے رکن اسمبلی منوج جام سوتکر کےمطابق ’’ نائر اسپتال کے ڈاکٹروں، نرسوںاور دیگر عملے کی مریضوں اور ان کے رشتے داروں کے ساتھ بدسلوکی اور اسپتال میں طبی سہولیات کے فقدان کے تعلق سے متواتر شکایتیں موصول ہورہی تھیں ۔ اسی وجہ سے جمعہ کو رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی کے ساتھ ہم نے نائر اسپتال کا دورہ کیا۔ وہاں کے حالات جاننےکی کوشش کی۔ وہاں کے ڈین سے ملاقات کرکے مذکورہ شکایتیں ان کے سامنے رکھیں اورانہیں جلد ازجلد حل کرنے کی ہدایت دی۔ ‘‘انہوںنےیہ بھی کہاکہ ’’ غریب مریض ایک تو بیماری سے پریشان ہوتاہے، دوسرے طبی عملہ اگر اس سے بدسلوکی کرتاہے تو اس کی تکلیف اور بڑھ جاتی ہے ۔مریضوںکے ساتھ اچھا اور ہمدردانہ سلوک رکھنا چاہئے۔ ڈین سے کہاگیاہےکہ وہ اس جانب خاص توجہ دیںساتھ ہی اسپتال میں علاج کے تعلق سے جوکمیاں ہیں، انہیںدور کیاجائے ۔ ڈین نے ہمیں جلدازجلد ان مسائل کوحل کرنےکایقین دلایاہے۔ ‘‘
 رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے کہاکہ ’’ مدنپورہ کے ایک غریب درزی کونائر اسپتال میں وینٹی لیٹر نہ ہونے کی وجہ سے اپنے بیٹے کوعلاج کیلئے ووکہارڈ جیسے مہنگے اسپتال میں داخل کراناپڑا۔ یہ افسوسناک بات ہے۔ نائر اسپتال میں سی ٹی اسکین ، ایم آر آئی، ایکسرے اور دیگر طبی تشخیصی مشینیںکم یا خراب ہونےسے غریب مریضوںکو نجی لیباریٹریز سے جانچ کروانےکی ہدایت دی جارہی ہے۔ خون کی معمولی جانچ باہر سے کروائی جارہی ہے۔ دوائیں باہر سے منگوائی جارہی ہیں۔اسپتال کی ۶؍ لفٹ بند ہیں۔ اس طرح کے متعدد مسائل ہیں جنہیں ترجیحی طورپر حل کرنےکی ضرورت ہے۔ اگر سب کچھ باہر سے ہی کرواناہے تو پھر سرکاری اسپتالوںسے غریب مریضوںکو کیافائدہ پہنچ رہا ہے ؟‘‘ انہوںنےیہ بھی کہاکہ ’’ نائر اسپتال کے ڈین سے ساری شکایتوںکو دورکرنےکیلئے کہا گیا ہے۔ جلدہی میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی سے اس بارےمیں ملاقات کی جائے گی اور اسمبلی میں بھی نائر اسپتال کے مسائل کو اُٹھایاجائےگا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK