اسمبلی میں ہنگامہ آرائی۔ کانگریس کے ریاستی صدر سپکال نے صفائی دی کہ ’’ مَیں نے فرنویس حکومت کے دور اقتدار کا موازنہ کیا تھا۔‘‘
EPAPER
Updated: March 18, 2025, 12:44 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
اسمبلی میں ہنگامہ آرائی۔ کانگریس کے ریاستی صدر سپکال نے صفائی دی کہ ’’ مَیں نے فرنویس حکومت کے دور اقتدار کا موازنہ کیا تھا۔‘‘
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کا موازنہ مغل فرمانروا اورنگ زیب سے کرنے پر مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال کو سمن بھیجا جائے۔ یہ مطالبہ رکن اسمبلی اور بی جے پی کے چیف وہپ رندھیر ساورکر نے قانون ساز اسمبلی میں پیر کو کیا۔ اس مطالبے پر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ سپکال کے متنازع بیان پر کیا قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے؟اس بارے میں غور و خوض کیا جائے گا اور اس کے مطابق عمل درآمد کیا جائے گا۔
اسی دوران کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے اپنے بیان کے متعلق وضاحت پیش کی ہے اور کہا کہ انہوں نے دیویندر فرنویس حکومت کا موازنہ اورنگ زیب کے دور اقتدار سے کیا تھا، دیویندر فرنویس کانہیں۔
پیر کے دن رندھیر ساورکر نے ایوان اسمبلی میں کہا کہ ہرش وردھن سپکال نے اورنگ زیب کا موازنہ وزیر اعلیٰ ا ور اسمبلی کے ہاؤس لیڈر دیویندر فرنویس سے کیا ہے۔ اس طرح انہوں نے نہ صرف وزیر اعلیٰ کی توہین کی ہے بلکہ اس ایوان کے وقار کو بھی مجروح کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے اورنگ زیب کی تعریف کی تھی تو اس کی سزا کے طور پر انہیں پورے بجٹ سیشنتک کیلئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ہرش وردھن سپکال چونکہ اس اسمبلی کے رکن نہیں ہیں اس لئےانہیں ہاؤس لیڈر کی توہین کرنے پر سمن جاری کیا جانا چاہئے۔ ایوان میں موجود نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے قانون رائے لے کر اس کے مطابق کارروائی کرنے کا یقین دلایا۔
اس سلسلے میں ہرش وردھن سپکال نے قلابہ میں واقع گاندھی بھون کانگریس آفس میں منعقد ہ پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ ’’ مَیں نے دیویندر فرنویس حکومت کا موازنہ اورنگ زیب کے دور سے کیا تھا اور یہ کہا تھا کہ جتنا ظلم اورنگ زیب کی حکمرانی میں ہوتا تھا اتنا ہی ظلم دیویندر فرنویس کی حکمرانی میں ہو رہا ہے۔ لیکن بی جے پی کے ہی کچھ لیڈر دیویندر فرنویس کا موازنہ اورنگ زیب سے کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’جس طرح اورنگ زیب کی حکمرانی میں ظلم ہوتے تھے اسی طرح دیویندر فرنویس کے دور اقتدار میں بھی عوام پر مظالم ہو رہے ہیں اور غنڈوں کا راج چل رہا ہے۔ یہ بات مَیں نے ۹؍ مارچ میں بیڑ میں سدبھاؤنا یاترا شروع کرتے وقت اور اس کے بعد گزشتہ روز رتناگیری کی تقریر اور پریس کانفرنس میں بھی کہی تھی اور اس بات درست ہے۔ ‘‘