بریج کی تعمیر کےلئےعمارتوں کو خالی کرانے کے حکم سے مکین پریشان ، زبردست احتجاج کرتے ہوئے بازآبادکاری اور دیگر مسائل حل نہ ہونے تک کام نہ ہونے دینے کا انتباہ
EPAPER
Updated: April 26, 2025, 10:39 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
بریج کی تعمیر کےلئےعمارتوں کو خالی کرانے کے حکم سے مکین پریشان ، زبردست احتجاج کرتے ہوئے بازآبادکاری اور دیگر مسائل حل نہ ہونے تک کام نہ ہونے دینے کا انتباہ
سیوڑی کو نہوا شیوا سمندری بریج اور ورلی سی لنک سے جوڑنےکیلئے ورلی کنیکٹر کا کام جلد شروع ہونے والا ہے۔ اس کیلئے یہاں پر ایک ڈبل ڈیکٹر بریج بنایاجائے گا۔ ایم ایم آر ڈی اے نےاس کام کیلئے ایلفنسٹن روڈ پر عمارتوں کو خالی کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ یہاں ستون کھڑے کئے جاسکیں۔ نئے ریلوے بریج کی تعمیر اور پرانے ایلفنسٹن بریج کو گرانے کیلئے جمعہ سے انگریزوںکے دور کے ۱۲۵؍ سالہ قدیم ایلفنسٹن بریج کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن مقامی مکینوںنے بازآبادکاری نہ کئے جانے سے بریج مہندم کرنےکے کام کو شروع ہونے سے پہلے روک دیا ۔ ۵۰۰؍ سےزیادہ متاثرین نے جمعہ کودیر رات تک مظاہرہ کیاجس کی وجہ سے فی الحال بریج منہدم کرنےکا کام شروع نہیں ہوسکااور بریج بھی بندنہیں کیاگیا۔
واضح رہےکہ اس بریج کی تعمیر نو سے کم وبیش ۱۹؍ عمارتیںاورچالیوںکےمکین متاثر ہوں گے۔ ایلفنسٹن بریج کو منہدم کرنےکا کام یہاں کےمکینوںکی باز آبادکاری کےبغیر شروع کرنے سے لوگوںمیں بےچینی پائی جارہی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ جمعہ کی رات یہاں کےمکین سڑک پر اُتر آئے۔ ان کا کہناہےکہ بریج منہدم کرنے سے پہلے یہاں کےلوگوںکو اعتماد میں لینے کی ضرورت ہے ، ان کی رہائش کا متبادل انتظام کرنا چاہئے لیکن ایم ایم آر ڈی اے نے ایسانہیں کیا جس کی وجہ سے مکین پریشان ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں کسی محفوظ جگہ منتقل کرنےکےبعد ہی بریج منہدم کیاجائے۔
واضح رہے کہ ایم ایم آر ڈی اے نے ایلفنسٹن بریج کوموٹرگاڑیوں کی آمدورفت کیلئے جمعہ کی رات ۹؍ بجے کے بعد بند کرنےکا بورڈ آویزاں کیا تھالیکن مقامی لوگوں نے بریج منہدم کرنےکےخلاف جارحانہ موقف اختیار کرتے ہوئے اس کی شدید مخالفت کی جس کی وجہ سے پولیس کو مداخلت کرنی پڑی ۔ پولیس کو بھی اندازہ نہیں تھا کہ شہری کسی سیاسی جماعت کی قیادت کے بغیر سڑکوں پر نکل آئیں گے۔ چنانچہ حالات کو قابومیں کرنےکیلئے پولیس کی مزید ٹیمیں طلب کی گئیں ۔اگرچہ پولیس نے ایم ایم آر ڈی اے کے عہدیداروں کے ساتھ ثالثی کرنے اور کوئی راستہ نکالنے کا وعدہ کیاہے،ا س کےباوجود مظاہرین اپنے موقف پر اٹل رہے ۔ عوام کے احتجاج کی وجہ سے بریج منہدم کرنے کا کام فی الحال موقوف کر دیاگیاہے ۔ رات دیر گئے مظاہرین نے اپنا احتجاج واپس لیا۔اس دوران اس پورےعلاقہ میں افراتفری کا ماحول اورٹریفک کا نظام درہم برہم رہا۔
ایلفنسٹن بریج کےقریب کاروبار کرنے والےمحمد رضوان نے بتایاکہ ’’ایم ایم آرڈی اے یہاں کے مکینوں اوردکانداروںکو اعتماد میں لئے بغیربریج منہدم کرنےکی کارروائی شروع کرنا چاہتاہےجس سے مقامی لوگوںمیں شدید بے چینی پائی جارہی ہے۔ اسی وجہ سے جمعہ کی رات اچانک یہاں کی ۱۹؍بلڈنگوںاور چالیوں کے مکینوں اور دکانداروں نے بریج منہدم کرنے کی مخالفت کرتےہوئے زبردست احتجاج کیا۔ ہمارا مطالبہ ہےکہ پہلے ہماری باز آبادکاری کی جائے بعدازیں بریج مہندم کیاجائے ۔ ‘‘
ایک سوا ل کے جواب میں انہوںنےیہ بھی بتایاکہ ’’ایم ایم آر ڈی اے سے اس تعلق سےمتعدد مٹینگیں ہوئی ہیں لیکن مسئلہ حل نہیں ہو سکاہے، اس کےباوجود بریج منہدم کرنے کا کام شروع کیاجارہاہے جس سے عوام میں ناراضگی پائی جارہی ہے اسی وجہ سے یہاں کے لوگوںنے بریج منہدم کرنےکےکام روکاہے۔ عوام کی مخالفت سے بریج منہدم کرنےکا کام رک گیا ہے اور موٹرگاڑیوں کی آمدورفت کاسلسلہ بھی جاری ہے ۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس کے دفتر نے پیر تک کام روکنے کی ہدایت دی ہے ۔ جس کے بعد ایک میٹنگ ہوگی ،جس میں اس تعلق سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ایلفنسٹن بریج کو منہدم کرنے کامنصوبہ عوامی احتجاج کی وجہ سے روک دیاگیاہے۔ اس معاملہ پر ازسر نو غور و خوض کئے جانے کاامکان ہے۔