Inquilab Logo

گوہاٹی کے عازمین حج کی ممبئی سے جدہ روانگی

Updated: June 10, 2023, 9:34 AM IST | Mumbai

عازمین کوپریشانی کا سامنا ۔۱۸؍گھنٹے سے زائد وقت لگ رہا ہے۔ حج کمیٹی اسے بہترنظم سے تعبیرکررہی ہے

A photo of the departure of the first convoy of pilgrims at Mumbai Airport
ممبئی ایئر پورٹ پر عازمین کے پہلے قافلے کی روانگی کے وقت کی تصویر

گوہاٹی کے عازمین کوراست پروازو ں کے بجائے ان کوپہلے ممبئی لایاجاتا ہے ا سکے بعد چند گھنٹے روک کرپھر ان کوانڈیگوکے ذریعے جدہ روانہ کیا جاتاہے۔ ایسے میںعازمین ۱۸؍گھنٹے سےزائد وقت بلکہ بسا اوقات ۲۴؍ گھنٹے کے بعد سرزمین مقدسہ پہنچتے ہیں ۔ ان حالات سے عازمین کوہونے والی پریشانی کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے۔ ممبئی سے گوہاٹی کے عازمین۱۷۰؍ اور۱۶۵؍ مسافروں کی گنجائش والے دو جہازوں میںروزانہ روانہ ہورہے ہیں۔  دوسری اہم بات یہ کہ یہ صورتحال گوہاٹی کے عازمین کے آخری جہازکی ۲۰؍جون کوروانگی تک برقرار  رہے گی اور اسی طرح عازمین پریشان ہوتے رہیں گے۔ معلوم کرنے پرنہ توحج کمیٹی آف انڈیا معقول جواب دیتی ہے اورنہ ہی حکومت کی جانب سےیہ واضح کیا جاتا ہے کہ اس طرح کی بدنظمی اورعازمین کو ہونے والی پریشانی کا ذمہ دار کون ہے ؟ کس کی غلطی اور لاپروائی کے سبب عازمین کوا س طرح کی پریشانی کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔حیرت کی بات یہ ہےکہ حج کمیٹی اسے بہترنظم سے تعبیرکررہی ہے۔گویا اس کی نگاہ میںیہ کوئی بڑا مسئلہ نہیںہے ۔ گوہاٹی امبارکیشن پوائنٹ سے آسام کے علاوہ دیگر۷؍ریاستوں منی پور،میزوروم ، ناگالینڈ وغیرہ کے عازمین بھی روانہ ہوتے ہیں۔ گوہاٹی سے جانے والے عازمین کی مجموعی تعداد تقریباً ۶؍ہزار ہے۔ ان تمام عازمین کوآخری وقت تک ان ہی حالات سے دوچار ہونا پڑےگا۔
 عازمین کی خدمت پرمامور اورگوہاٹی سے تعلق رکھنے والوںنے نام نہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ عازمین کے ساتھ صریح زیادتی ہے ۔ اس میںمعمر عازمین کے لئے اورزیادہ مسئلہ پیدا ہوجاتاہے ۔جس طرح دیگر امبارکیشن پوائنٹ سے راست پروازوں کانظم کیا گیا ہے اس طرح کاانتظام گوہاٹی سے جانے والے عازمین کے لئے کیوں نہیں کیا گیا ؟ کیا گوہاٹی سے جانے والے عازمین نے کم خرچ دیا ہے یا ان کے ساتھ خرچ کے معاملے میںکوئی خاص رعایت برتی گئی ہے؟ ایسا بالکل نہیںہے بلکہ ان سے ایک ایک پائی وصول کی گئی ہے تو پھر سہولت سے ان کومحرو م کیوں کیا گیا؟ اور۵؍یا ۶؍گھنٹے کا سفر ۱۸؍گھنٹے میںطے کرنے پران کومجبور کیوں کیا گیاہے ؟  ان لوگوں کایہ بھی کہنا ہے کہ اس سے قبل ایسا نہیںتھا بلکہ گوہاٹی سے راست پروازوں سے عازمین روانہ کئے جاتے تھے۔ 
 حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ا ی اویعقوب شیخا سے عازمین کی پریشانی سے متعلق سوال کر نے پرانہوں نےاس کا اعتراف کیا اورکہاکہ ’’ہاں وقت کافی لگ جارہا ہے‘‘لیکن یہ صفائی بھی دی کہ عازمین کوکوئی پریشانی نہیںہورہی ہے کیونکہ عازمین کاسامان گوہاٹی سے ہی جدہ بھجوادیا جارہا ہے۔گوہاٹی سےپہلے ڈومیسٹک پرواز کے ذریعے عازمین کو ممبئی لایا جاتا ہے پھرانڈیگو کے دوسرے جہازسے انہیںجدہ روانہ کیا جارہا ہے۔ اس دوران عازمین کی سہولت ،انکے کھانے پینے وغیرہ کا برابر خیال رکھا جارہا ہے۔‘‘ حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای اونےا س پریشانی کی وجہ یہ بتائی کہ ’’دراصل اس دفعہ گوہاٹی سے عازمین کولے جانے کے لئے کسی ہوائی کمپنی نےدلچسپی نہیںدکھائی ۔  وزارت شہری ہوابازی کی جانب سے ایمرجنسی نظم کرتے ہوئے انڈیگوکو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے،ورنہ یہ حالات پیدا نہ ہوتے ۔ ‘‘ حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای اویعقوب شیخا کے مطابق ’’ ان عازمین کی خدمت میںحج کمیٹی کا عملہ اورگوہاٹی سے آنےوالے افسران بھی لگے ہوئے ہیں ۔ عازمین کی سہولت کی خاطرہی یہ نظم کیا گیا ہے کہ ان کو صرف ہینڈ بیگ کے ساتھ ممبئی لایاجاتا ہے ۔‘‘

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK