Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

مسلم مخالف رجحان پر قدغن لگانے کا عزم

Updated: March 15, 2025, 11:55 PM IST | New York

عالمی اسلاموفوبیا مخالف دن کے موقع پراقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل انٹونیو غطریس نے پوری دنیا کی حکومتوں سے مسلم مخالف پروپیگنڈہ کیخلاف لڑنے کی اپیل کی

Protests have been taking place all over the world to stop the rise in hatred against Muslims. (File photo)
مسلمانوں کیخلاف نفرت میں اضافہ کو روکنے کیلئے پوری دنیا میں احتجاج ہوتا رہا ہے۔(فائل فوٹو)

۱۵؍ مارچ کو عالمی اسلامو فوبیا مخالف دن تھا۔ اس کی مناسبت سے دنیا کے بیشتر ممالک میں جہاں مذہب اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کے بڑھتے رجحان پر قدغن لگانے کا عزم ظاہر کیا گیا وہیں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو غطریس نے خصوصی ویڈیو جاری کرتے ہوئے پوری دنیا کی حکومتوں سے مسلم مخالف پروپیگنڈہ روکنے کی اپیل کی ۔ غطریس نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری کئے گئے اپنے ویڈیو میں کہا کہ ’’ آج عالمی اسلاموفوبیا مخالف دن ہے۔ اس دن ہمیں عزم کرنا چاہئے کہ مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت کو روکنے کے لئے ہم  ہر طرح کا قدم اٹھائیں گے ۔‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ پوری دنیا کی حکومتوںسے میری اپیل ہے کہ وہ مسلم مخالف پروپیگنڈے کو اپنے یہاں کوئی جگہ نہ دیں۔  اس پروپیگنڈے کو روکنے کیلئے اقدامات کریں اور مسلمانوں کو مین اسٹریم میں شامل کرتے ہوئے انہیں تنہائی کا احساس نہ ہونے دیں۔ غطریس کے مطابق جو بھی اسلامو فوبیا پھیلارہے ہیں ان کی کوشش ہے کہ کسی بھی طرح سے مسلمانوں کو یکہ و تنہا کردیا جائے اور ان کے خلاف نفرت میں اضافہ کیا جائے لیکن یہ حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ اس نفرت کو عام نہ ہونے دیں بلکہ اس کے تدارک کے اقدامات کریں ۔
 اقوام متحدہ کے سربراہ نے ساتھ ہی کہا کہ سوشل میڈیا پر مسلمانوں کے خلاف جس طرح کی نفرت انگیز مہم چلائی جاتی ہے اسے روکنے کے لئے بھی اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اس وقت نفرت پھیلانے کا سب سے بڑا ہتھیار بن گیا ہے۔ اس پر نفرت انگیزی کو رفتار مل جاتی ہے۔ اسے روکنے کے لئے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ ۲۰۲۲ء میں پاکستان کے وزیر اعظم  عمران خان نے اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا مخالف قرار داد پیش کی تھی جس کی حمایت چین نے بھی کی تھی ۔ اس کے تحت ہر سال ۱۵؍ مارچ کواسلامو فوبیا مخالف دن بنایا جائے گا ۔ اس تجویز کی جہاں متعدد ممالک نے حمایت کی تھی وہیں ہندوستان نے ا س تجویز کو  کھل کر حمایت نہیں دی تھی بلکہ اس میں دیگر فوبیا بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ اس تعلق سے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ ۱۵؍ مارچ کو محض خانہ پری کرتے ہوئے یا رسمی کارروائیاں کرتے ہوئے بیانات نہ جاری کرے بلکہ اسلاموفوبیا روکنے کے لئے عملی اقدامات کرے۔ شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلامو فوبیا کو روکنے کے لئے اقوام متحدہ کو اپنے تمام ممبر ممالک پر زور دینا ہو گا کہ وہ مسلم مخالف پروپیگنڈے کو روکنے کےاقدامات کرے۔
 اس تعلق سے ہندوستان نےاقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منعقدہ غیر رسمی میٹنگ کے دوران کہا کہ ہندوستان اسلاموفوبیا کے ساتھ ساتھ دیگر تمام طرح کی نفرت کا بھی مخالف ہے۔ اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندے پی ہریش نے اپنے بیان میں کہا کہ مذہب کی بنیاد پر تفریق کا نشانہ صرف مسلمان ہی نہیں ہوتے بلکہ تمام مذاہب کے لوگوں کو اس کا کبھی نہ کبھی سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اس لئے اسے صرف اسلاموفوبیا مخالف دن کہا مناسب نہیں ہے بلکہ اسے تمام مذاہب کے خلاف بڑھتی نفرت کے تناظر میں دیکھا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں ۲۰؍ کروڑ سے زائد مسلمان رہتے ہیں اور اس لحاظ سے یہ دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ مسلم آبادی والا ملک ہے۔ ہم اسی لئے کہہ رہے ہیں کہ مذہبی نفرت کا نشانہ صرف مسلمان نہیں بلکہ دیگر مذاہب کے لوگ بھی بنتے ہیں۔ ان کے حقوق کے تعلق سے بھی گفتگو ہونی چاہئے۔

muslim Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK