۷ء۷؍ اور ۶ء۵؍کی شدت کے تباہ کن زلزلہ سے تھائی لینڈ بھی بری طرح ہل گیا،بینکاک میں ۳۰؍منزلہ مارت زمیں بوس۔
EPAPER
Updated: March 29, 2025, 9:25 AM IST | Bangkok
۷ء۷؍ اور ۶ء۵؍کی شدت کے تباہ کن زلزلہ سے تھائی لینڈ بھی بری طرح ہل گیا،بینکاک میں ۳۰؍منزلہ مارت زمیں بوس۔
:میانمار اور تھائی لینڈ میں جمعہ کی دوپہر یکے بعددیگرے زلزلے کے ۲؍ شدید جھٹکوں نے قیامت صغریٰ برپا کردی ہے۔ میانمار میں اس خبر کے لکھے جانے تک ۱۴۴؍ فراد کی ہلاک اور ۷۰۰؍ سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ بڑی تعداد میں لوگ منہدم ہوجانےوالی عمارتوں کے ملبے میں پھنسے ہوئے ہیں اسلئے مہلوکین اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے۔ میانمار میں زلزلہ کے نتیجے میں بڑی تعداد میں عمارتیں تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئیں جبکہ ایک پُل اور ایک بند بھی منہدم ہوگیا ہے۔
اُدھر تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں زلزلہ کے جھٹکے سے ایک ۳۰؍ منزلہ فلک بوس عمارت جو زیر تعمیر تھی، چند ثانیوں میں زمین پر آرہی۔ عمارت کے زمیں بوس ہونے کا دل دہلادینے والا منظر ویڈیو میں قید ہو گیا ہے۔ مذکورہ عمارت کے ملبے سے ۳؍ لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ ۸۰؍ سے زائد مزدوروں کے دبے ہونے کا اندیشہ ہے۔
زلزلے کا پہلا جھٹکا مقامی وقت کے مطابق جمعہ کو دوپہر ۱۲؍ بجکر ۵۰؍ منٹ پر آیا۔ابھی لوگ اس کی دہشت سے باہر بھی نہیں آپائے تھے کہ ۶ء۵؍ کی شدت کے دوسرے زلزلے میں تباہی کو دگنا کردیا۔ مجموعی طور پر اس خبر کے لکھے جانے تک زلزلے کے ۵؍ جھٹکے محسوس کئے جاچکے ہیں۔ زلزلے کے جھٹکے میانمار اور تھائی لینڈ کے علاوہ چین، ہندوستان، ویتنام اور بنگلہ دیش تک میں محسوس کئے گئے۔ زلزلہ کو ’’بہت ہی شدید‘‘ قرار دیتے ہوئے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے اپنے کارکنوں کو بچاؤ کام میں جٹا دیا ہے۔ زلزلہ سے پورے میانمار میں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ دارالحکومت میں سڑکیں بُری طرح سے ٹوٹ پھوٹ گئی ہیں اوران میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔
میانمار جسے پہلے برما کے نام سے جانا جاتا تھا میں ۲۰۲۱ء کی بغاوت کے بعد سے فوجی حکومت قائم ہے جس کی وجہ سے وہاں معلومات تک رسائی میں صحافیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔زلزلہ کے بعد میانمارکی فوجی حکومت نے بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے تمام ممالک سےہر ممکن مدد کی اپیل کی ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز میانمار کے شہر ساگانگ سے ۱۶؍ کلومیٹر شمال مغرب میں ۱۰؍کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ یہ میانمار کے دوسرے سب سے بڑے شہر منڈلے کے قریب ہے، جس کی آبادی تقریباً۱۵؍لاکھ ہے۔