ولے پارلے پریم نگر جھوپڑ پٹی کی باز آبادکاری کیلئے جائزہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے پروجیکٹ میں تیزی لانے کی ہدایت دی،بی ایم سی اور پولیس کو حکم دیا کہ اب نئی جھوپڑ پٹی نہیں بننی چاہئے۔
EPAPER
Updated: November 20, 2023, 11:46 AM IST | Iqbal Ansai | Malabar Hill
ولے پارلے پریم نگر جھوپڑ پٹی کی باز آبادکاری کیلئے جائزہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے پروجیکٹ میں تیزی لانے کی ہدایت دی،بی ایم سی اور پولیس کو حکم دیا کہ اب نئی جھوپڑ پٹی نہیں بننی چاہئے۔
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نےکہا ہےکہ ڈیولپرس کو عام لوگوں کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہئے ۔ انہوں نے محکمہ ہاؤسنگ کو ہدایت دی کہ وہ ری ڈیولپمنٹ کے کام کو تیز کرے جبکہ پریم نگر ،ولے پارلے میں جھوپڑپٹی کی بحالی کی جگہ پر غیر قانونی تعمیرات کو ہٹانے اور متعلقہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا بھی حکم دیا۔ اس موقع پر ڈیولپرس کے ذریعے جھوپڑا واسیوں کو گزشتہ ۸؍ برس سے کرایہ ادا نہ کرنے کے معاملے میں انہوں نے نئے ڈیولپر سےاس بقایاجات کو ادا کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ شہری اور پولیس انتظامیہ کو باخبر رہنا چاہئے اور مشترکہ کارروائی کرنی چاہئے تاکہ ممبئی میں کسی بھی حالت میں کوئی نئی جھوپڑی اور غیر قانونی تعمیرات نہ ہوں ساتھ ہی جھوپڑا واسیوں کو گمراہ کر کےان سے رقم اینٹھنے والوں کے خلاف بھی پولیس کو کارروائی کرنی چاہئے۔
وزیر اعلیٰ نےکہاکہ ’’ہم نے عام اور غریب شہریوں کو مکانات کے حصول کے لئےفیصلے کئے ہیں ، اگر ڈیولپر بلا وجہ رکاوٹیں ڈال رہے ہیں تو قواعد کے مطابق فوری کارروائی کریں۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے سنیچر کو سہیادری گیسٹ ہاؤس میں ولے پارلے کے پریم نگر میں کچی آبادیوں کی بازآبادکاری کے پروجیکٹ اور کھار مشرق میں شیوالک وینچرس کے پروجیکٹ کے سلسلے میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ اس میٹنگ میں سابق وزیر رام داس کدم، کنال سرملکر، پریم نگر کوآپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی کے کرشنا کدم اور دیگر نمائندے، پولیس کمشنر وویک پھنسلکر، وزارت ہاؤسنگ کےپرنسپل سیکریٹری ولسا نائر، جھوپڑ پٹی بازآبادکاری کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ستیش لوکھنڈے اور میونسپل افسران موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزارت ہاؤسنگ اور سلم ری ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایس آر اے) کو چاہئے کہ وہ پریم نگر ایس آر اے کوآپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی کی از سر نو تعمیر کے لئے ضروری اقدامات فوری طو رپر کریں۔
وزیراعلیٰ کی شہری انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی ہدایت دی کہ اس جگہ سے اجاڑے گئےایک ہزار ۴۰۷؍ جھوپڑا واسیوں میں سے۸۵۰؍کو گزشتہ ۸؍برس سے کرایہ نہیں دیاجارہا ہے ، یہ کرایہ کی بقایا رقم ۶۱؍ کروڑ روپے ہیں ۔یہ بقایا جات اور مزید کرایہ نئے متعین کئے گئے ڈیولپر سے قواعد کے مطابق وصول کیا جائے۔ بقایاکرایہ کی عدم ادائیگی کے معاملے پر درخواست کی سماعت ہائی کورٹ میں جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے یہ ہدایت بھی دی کہ پولیس اکنامک آفینس ونگ ( ای او ڈبلیو)کے ذریعے ان شکایات پر فوری کارروائی کرے کہ کچھ افراد جھوپڑ پٹی میں رہنے والے شہریوں کو گمراہ کرکے ان سے پیسے اینٹھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ شہرومضافات میں ایس آر اے کےکئی ایسے پروجیکٹ ہیں جن میں ڈیولپرس نے جھوپڑا واسیوں سے ان کے مکانات خالی کرواکے زمین اپنے قبضے میں لے لی ہے لیکن اصول کے مطابق ان مکینوں کو کرایہ بھی ادا نہیں کر رہے ہیں اور نہ ہی اس کا مکان بنا کر انہیں دے رہےہیں۔ ایسے حالات میں شہریوں کوکرایہ ادا کرنے میں شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کھارمشرق میں ٹرانزٹ کیمپ کے مسائل حل کرنے کا حکم
سانتاکروز اور کھار مشرق کے علاقے گولی بار میں شیوالک وینچرز کی طرف سے باز آباد کاری کا کام شروع کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایس آر اےکو یہاں ٹرانزٹ کیمپ میں رہنے والے جھوپڑا واسیوں کی تکالیف اور ان کے مسائل حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے یہ دیکھنے کی بھی ہدایت دی کہ یہاں سے ہٹائے گئے۷؍ ہزار ۵۰۰؍ جھوپڑا واسیوں کو قواعدوضوابط کے مطابق بقایا جات اور موجودہ کرایہ دیا جارہا ہے یا نہیں۔