• Wed, 08 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ہر سال ۵۰؍ کلو میٹر میٹرو خدمات شروع کی جائیں‘‘

Updated: January 06, 2025, 2:01 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کا حکم ،میٹرو کے تمام کاموں کی تکمیل کیلئےنیا شیڈول تیارکرنے کی بھی افسران کو ہدایت۔ امسال ڈاکٹر امبیڈکر کی یادگار مکمل کرنے پر زور۔

A meeting was held at Sahyadri Guest House under the chairmanship of Chief Minister Devendra Farnavis. Photo: INN
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کی صدارت میں سہیادری گیسٹ ہاؤس میں منعقدہ میٹنگ۔ تصویر: آئی این این

وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے سنیچر کو ایم ایم آر ڈی اے کے احاطے میں میٹرو کے تمام پروجیکٹوں کا جائزہ لیا اور افسران کو ان منصوبوں کی تکمیل کیلئے نیا شیڈول تیار کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے افسران کو یہ یقینی کو بنانے کو بھی کہا ہےکہ میٹرو کے کاموں میں کوئی تاخیرنہ ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ افسران اس طرح منصوبہ بنائیں کہ اگلے سال سے ہر سال کم از کم ۵۰؍ کلو میٹر میٹرو کی خدمات شروع کی جاسکیں۔ 
ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایم ایم آر ڈی اے) کے کاموں کی جائزہ میٹنگ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کی صدارت میں سہیادری گیسٹ ہاؤس میں سنیچر کو منعقد کی گئی تھی۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور ریاستی وزیر برائے شہری ترقیات مادھوری مثاڑ بھی موجود تھیں۔ 
 اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہت سے مقامات پر کارشیڈ کے بغیر ہی میٹرو شروع کی جائے گی، اس لئے ان میٹروخدمات کوشروع کرنے کیلئے کارشیڈ کے مکمل ہونے کاانتظار نہ کریں۔ دنیا کے مختلف ممالک میں بغیرکے کارشیڈ میٹرو خدمات چلانے کے تجربات ہو رہے ہیں، افسران ان کا جائزہ لیں، اس پر نظر رکھیں کہ عارضی متبادل انتظامات کیاکئے گئے ہیں۔ 
 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مستقبل کے تمام ممکنہ میٹرو پروجیکٹوں پر ایک نظر ڈالتے ہوئے اس کے لئے ابھی سے کار شیڈ کی جگہ محفوظ کریں۔ 
سالانہ ۵۰؍ کلو میٹر میٹرو خدمات شروع کی جائیں 
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ ’’ افسران میٹرو خدمات کو شروع کرنے کا ایساہدف طے کریں کہ اگلے سال سے ہر سال ۵۰؍ کلومیٹر میٹرو شروع کی جائیں۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ امسال کم از کم۲۳؍ کلومیٹر میٹرو شروع کی جائے گی۔ اس کے علاوہ میٹرو۳؍ میں ۲۰؍ سے ۲۵؍ کلومیٹر کا اضافہ کیا جائےگا۔ ‘‘
امسال ڈاکٹر امبیڈکر کی یادگار مکمل کریں 
 جائزہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ اندو مل میں بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی یادگار کی جو تعمیر جاری ہے اسے دسمبر۲۰۲۵ء تک مکمل کریں۔ اس کے علاوہ شیوسینا کے سپریمو بالا صاحب ٹھاکرے کی یادگار کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ فرنویس نے ان دونوں پروجیکٹوں کی سالانہ دیکھ بھال کیلئے ابھی سے منصوبہ تیار کرنے کی ہدایات دیں۔ 
  اس جائزہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری وکاس کھرگے، ایڈیشنل چیف سیکریٹری شہری ترقیات محکمہ (ایک) اسیم گپتا، کمشنر ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی سنجے مکھرجی، ممبئی میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی، محکمہ جنگلات کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ملند مہیسکر، تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ، وزیر اعلیٰ کی پرنسپل سیکریٹری اشونی بھیڈے، وزیر اعلیٰ کے سیکریٹری ڈاکٹر شریکر پردیسی، ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ایڈیشنل کمشنر وکرم کمار، اشون مدگل، مہاممبئی میٹرو ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر روبل اگروال، ایس آر اے کے سی ای او مہیندر کلیانکر اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔ 
 اس موقع پر ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے کمشنر سنجے مکھرجی نے اتھاریٹی کے ذریعے جاری کاموں کو پیش کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK