وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کا اپنے رفقائے کار کو انتباہ، میٹنگ میں ہونے والی باتوں کا میڈیا کو پہلے ہی علم ہو جانے پر ناراض، میڈیا کو بھی تلقین۔
EPAPER
Updated: February 20, 2025, 3:49 PM IST | Agency | Mumbai
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کا اپنے رفقائے کار کو انتباہ، میٹنگ میں ہونے والی باتوں کا میڈیا کو پہلے ہی علم ہو جانے پر ناراض، میڈیا کو بھی تلقین۔
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اپنی ہی کابینہ کے اراکین کو متنبہ کیا ہے کہ کابینہ میٹنگ میں ہونے والی باتیں اگر باہر افشاں کی گئیں تو، ایسا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ یاد رہے کہ کچھ عرصے سے مسلسل ایسا ہوا ہے کہ کابینہ میٹنگ میں کیا ہونے والا ہے اس کا انکشاف میڈیا نےپہلے ہی کر دیا۔ کہا جا رہا ہے کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اس بات سے سخت ناراض ہیں۔
بدھ کے روز دیویندر فرنویس نے اپنی کابینہ کے اراکین کے ساتھ میٹنگ کی جس میں انہوں نے اس بات پر ناراضگی ظاہر کی کہ اکثر کابینہ میٹنگ سے پہلے ہی میڈیا میں وہ باتیں افشاں ہونے لگتی ہیں جو ابھی ہوئیں بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ کے مشمولات پوری طرخفیہ ہوتے ہیں۔ ان کو باہر افشاں کرنا غیر قانونی ہے۔ ہر چند کہ اس میں چھپانے جیسی کوئی بات نہیں ہوتی لیکن ہم نے رازداری کا حلف اٹھایا ہے اس لئے سرکاری میٹنگوں میں ہونے والی باتیں پہلے ہی میڈیا کو بتادینا اس حلف کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بھی گزارش کی کہ صرف شہرت یا ٹی آر پی کیلئے میٹنگ کی باتوں کو میٹنگ سے پہلے بتانے کا رجحان اب ختم کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی وزیر نے کابینہ میٹنگ سے متعلق معلومات میٹنگ ہونے سے پہلے باہر کسی کو بتائی تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اپوزیشن کی جانب سے طنز
دیویندر فرنویس کے اس انتباہ کے بعد اپوزیشن نے ان پر طنز کیا ہے۔ کانگریس کے گروپ لیڈر وجے وڈیٹیوار کا کہنا ہے کہ ’’وزیر اعلیٰ کی یہ بات درست ہے کہ جب رازداری کا حلف لیا گیا ہے تو آپ کابینہ میٹنگ کے تعلق سےبھی رازداری برتیں لیکن چینلوں کو سرخی فراہم کرنے کیلئے کوئی نہ کوئی وزیر اس طرح کی حرکت کرتا ہے۔ ایسا وہ وزیرا علیٰ کے کہنے ہی پر کرتا ہے۔ ‘‘ وڈیٹیوار نے کہا ’’ ہر وزیر اعلیٰ ایسا کرتا ہے۔ ‘‘ انہوں نے طنزیہ کہا ’’ اگر وزیر اعلیٰ فرنویس یہ معلوم کرنا چاہتے ہیں کہ ان کی کابینہ میں مخبر ہیں یا نہیں تو اپوزیشن ان کی مدد کر سکتا ہے۔ اگر وہ ہم سے مطالبہ کریں تو ہم انہیں لوگوں کے نام بتا سکتے ہیں جو اس طرح کی خبریں میڈیا تک پہنچاتے ہیں۔
شیوسینا ( ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت نے بھی اس معاملےمیں حکومت پر طنز کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سچ ہے کہ دیویندر فرنویس کی کابینہ میں کچھ مخبر ہیں۔ یہ وہی مخبر ہیں جو ادھو ٹھاکرے کی حکومت میں بھی شامل تھے۔ اب وہ وہاں چلے گئے ہیں۔ رائوت نے کہا ’’جب ادھو ٹھاکرے وزیر اعلیٰ تھے ، تب بھی کابینہ میٹنگ کی باتیں باہر جاتی تھیں۔ جو لوگ یہ باتیں میڈیا تک پہنچاتے تھے ، وہی لوگ اب فرنویس کابینہ میں ہیں۔ وہ اپنا کام اس وقت بھی برابر کر رہے ہیں کابینہ میٹنگ سے پہلے ہی ساری باتیں میڈیا کو بتادیتے ہیں۔ ‘‘
یاد رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے دیویندر فرنویس اور ایکناتھ شندے کے درمیان جاری چپقلش کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ ان خبروں میں کابینہ میٹنگ میں ہونے والے فیصلوں اور ان کے نفاذ سے متعلق اختلافات کا بھی بار بار تذکرہ کیا جا رہا ہے جو شاید فرنویس کو گراں گزرا۔